جنوری کے دوران تجارتی خسارہ 75 فیصد سے زیادہ بڑھ گیا، درآمدات پر 166 فیصد زائد خرچ کر دئیے گئے

ہفتہ 11 فروری 2017 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری2017ء)رواں مالی سال جنوری کے دوران تجارتی خسارہ 75 فیصد سے زیادہ بڑھ گیا، درآمد ات پر 166 فیصد زائد خرچ کر دئیے گئے ۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق جنوری کے دوران برآمدات کا حجم 1 ارب 78 کروڑ ڈالر رہاجو گزشتہ برس جنوری سے تقریباًایک فیصد زیادہ ہے تاہم اس دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث درآمدات پر 4 ارب 74 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے جو پہلے سے 37 فیصد زائد ہیں۔

(جاری ہے)

درآمدات میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے پاکستان کو جنوری میں 2 ارب 96 کروڑ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا رہاجبکہ گزشتہ برس جنوری کے تجارتی خسارے کا مجموعی حجم 1 ارب 69 کروڑ ڈالر تھا۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں پاکستان کو اشیا ء اور سروسز کی بیرونی تجارت میں مجموعی طور پر 19 ارب 14 کروڑ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا رہاجو 29 فیصد زائد ۔اس دوران اشیا ء کی تجارت میں 17 ارب 43 کروڑ ڈالر اور سروسز کی تجارت میں 1 ارب 71 کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا۔