Kamar Dard Asbaab Aur Ilaaj - Article No. 1291

Kamar Dard  Asbaab Aur Ilaaj

کمر درد: اسباب اور علاج - تحریر نمبر 1291

”درد“ اصل جسم کا تنبیہی نظام ہے جو اضافی زخم سے بچانے پر مرکوز ہوتا ہے۔ دراصل اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ جسم کے اندر یا باہر بیماری یا لاعلمی کی وجہ سے کوئی زخم واقع ہو چکا ہے

پیر 16 اپریل 2018

ڈاکٹر محمد اختر ہنجرا ”درد“ اصل جسم کا تنبیہی نظام ہے جو اضافی زخم سے بچانے پر مرکوز ہوتا ہے۔ دراصل اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ جسم کے اندر یا باہر بیماری یا لاعلمی کی وجہ سے کوئی زخم واقع ہو چکا ہے۔ تاہم اگر درد زیادہ دیر تک رہے تو اس کو سنجیدگی سے لے کر کسی ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کرنا چاہئے۔ہمارے ہاں آج کل سب سے زیادہ جس درد کا مسئلہ لوگوں کو درپیش ہے وہ کمر درد ہے۔
عمر کے ابتدائی حصے میں 16 سے 25 سال کی عمر میں جو درد واقع ہوتا ہے وہ عموماً( Mechanical) ہوتا ہے جو ہماری لاعلمی، ٹھیک طرح سے نہ بیٹھنے، دفتر میں سارا سارا دن بیٹھنے رہنے، لانگ ڈرائیو، تکلیف دہ بستر اور دیگر وجوہات کی بنا پر ہوتا ہے۔ جبکہ درد کی دوسری قسم وہ ہے جو عمر کے آخری حصے میں کمر کی ہڈیوں میں Degenerative changes اور ہڈیوں کے بھربھرے پن کی وجہ سے ہوتا ہے اس درد کو Spondylitus کہتے ہیں دونوں طرح کے د رد کا بہترین علاج فزیو تھراپی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے ہاں فزیو تھراپی کو سمجھنے والے افراد کی تعداد بہت کم ہے۔ البتہ یورپی ممالک میں کمر درد ایک مہنگا ترین طبی مسئلہ ہے وہاں تقریباً ایک چوتھائی مریض اپنے کمر درد کی وجہ اپنے کام کو قرار دیتے ہیں۔یوں تو کمر درد کئی صورتوں میں خود بہ خود ٹھیک ہو جاتاہے۔ لیکن جن مریضوں کاکمر درد ٹھیک نہیں ہوتا، انہیں اس مسئلے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے اور جلد از جلد کسی فزیو تھراپی سینٹر سے رابطہ کرنا چاہئے۔
اب پاکستان میں بھی فزیو تھراپسٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد مخصوص مہارت سے اس کام کو سر انجام دے رہی ہے۔ مستقبل میں مریض کو کمر درد اور پٹھوں کی تکلیف سے بچانا اور نئی ٹیکنیک سے طاقت فراہم کرنا ہی فزیو تھراپسٹ کا کام ہے۔ برطانیہ میں تو کمر درد کو کم کرنے کے لئے واحد امید فزیوتھراپسٹ ہی کو سمجھا جاتا ہے۔کمر درد کے علاج کے لئے فزیو تھراپی کے مختلف طریقوں کو آزمایا جاتا ہے۔
جن میں ورزش کا طریقہ سب سے زیادہ قابل اعتماد ہے۔ اس کے علاوہ جدید طرز کی مشینوں سے جن میں الٹراسونک تھراپی، لیزر، ٹینس، بائیوفیڈبیک اور کمر کی بافتوں کو کھینچنے کے لئے ٹریکشن اورمینول ٹکنیکس وغیرہ شامل ہیں، خدمات لی جاتی ہیں۔ فزیو تھراپی کے ایمرجنسی طبی مراکز نے کمر درد میں مبتلا مریضوں کی شرح میں تقریباً 40 فیصد تک کمی کر دی ہے اور امید ہے کہ یہ شرح مزید کم ہو گی۔
ایسے مریض جنہیں پہلے سرجری کا مشورہ دیا جاتا تھا، اب اگر دو سے چار ہفتے فزیو تھراپی کروا لیں تو انہیں خاطر خواہ فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ اس طریقہ ِعلاج کی شرح کامیابی 50 سے 60فیصد تک ہے۔دراصل مرض کی درست تشخیص ایک مشکل اور کافی ذمہ دارانہ کام ہے جس میں درد کرنے والے حصے کے نیچے بافتوں میں یا پھر ان بافتوں میں، جن کی وجہ سے درد کسی دوسری جگہ محسوس ہوتا ہو اس کی تشخیص ضروری ہے۔ مثلاً اگر پنڈلیوں میں درد ہے تو یہ نہ سمجھا جائے کہ درد صرف پنڈلیوں ہی میں ہے۔ بلکہ اس کی درست تشخیص، مریض کی تفصیلی ہسٹری ہی سے معلوم ہو سکے گی۔ عموماً بافتوں اور ان کی بیرونی عصبی تاروں یا جڑوں میں خرابی ہی کو مریضوں کی پنڈلیوں میں درد کی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔

Browse More Backache