Nashta Behtar Sehat Ke Liye Lazim - Article No. 2627

Nashta Behtar Sehat Ke Liye Lazim

ناشتہ بہتر صحت کے لئے لازم - تحریر نمبر 2627

اسے چھوڑنے والوں کو امراض قلب سمیت متعدد بیماریوں کا خطرہ ہوتا ہے

پیر 23 جنوری 2023

ڈاکٹر رابعہ صدیق
ماہرین ناشتے میں انڈوں کو لازمی شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔یہ بات مشہور ہے کہ صبح کا ناشتہ سارے دن کی خوراک میں سب سے اہم ہے۔ناشتہ اصل میں وہ کھانا ہے جو صبح سویرے ہر انسان اپنے کام شروع کرنے سے پہلے کھاتا ہے۔سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر ناشتہ کرنا اہم کیوں ہے؟تو ظاہر ہے کہ خوراک دراصل ہمارے جسم کا ایندھن ہے جس سے ہم توانائی حاصل کرتے ہیں۔
صبح ناشتہ کرنے سے ہمارے جسم کا میٹابولزم بڑھ جاتا ہے جس کے باعث نیند کے دوران کیلوریز جلنے کا سست پڑ جانے والا عمل پھر سے شروع ہو جاتا ہے اور ہم تازہ دم ہو کر اپنے کاموں میں مشغول ہو جاتے ہیں۔اسے چھوڑنے والوں کو امراض قلب سمیت متعدد بیماریوں کا خطرہ ہوتا ہے۔
ناشتہ نہ کرنے کے کافی نقصانات ہیں۔

(جاری ہے)

مثلاً ناشتہ نہ کرنے والوں کو دل کے دورے اور امراض قلب کا خطرہ 27 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ ناشتہ چھوڑ دینے سے جسم میں اضافی تناؤ پیدا ہو جاتا ہے اور بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے لہٰذا ناشتہ کرنے سے انسان دل کے مہلک امراض سے بچ سکتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق ناشتہ نہ کرنے سے انسان کی دماغی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں۔خصوصاً یادداشت پر برا اثر پڑتا ہے اور بچے اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔کولیسٹرول پر بھی ناشتہ نہ کرنے سے برا اثر پڑتا ہے اور کولیسٹرول کا لیول بڑھ جاتا ہے۔ذیابیطس کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے خصوصاً عورتوں میں ٹائپ ٹو ذیابیطس ہو سکتی ہے۔صبح ناشتہ کرنا وزن بڑھنے سے روکتا ہے یعنی موٹاپا ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔

ناشتے میں کون سی اشیاء یعنی غذائیں استعمال کریں۔اس بارے میں مختلف ماہرین کی مختلف آراہیں لیکن سب اس بات پر متفق ہیں کہ ناشتے کی اشیاء میں کاربوہائیڈریٹس اور فائبر والی چیزوں کا استعمال زیادہ ہونا چاہئے۔آئیے دیکھتے ہیں کہ ناشتے میں کون کون سی غذائیں یعنی چاہئیں اور ان کا کیا فائدہ ہو سکتا ہے۔ماہرین صحت کے مطابق کاربوہائیڈریٹس فائبر اور پروٹین پر مشتمل مندرجہ ذیل اشیاء ناشتے میں استعمال کرنے کیلئے بہترین ہیں۔

دہی
دہی صدیوں سے ہمارے ناشتے کا اہم ترین جزو رہا ہے۔لاہور کے باسیوں کی مرغوب غذا ناشتے میں دہی،کلچہ اور لسی ہے۔دہی اور لسی میں کیلشیم کی کافی مقدار ہوتی ہے اس میں پروٹین اور چکنائی بھی پائی جاتی ہے۔اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو گریپ فروٹ کو ناشتے میں ضرور شامل کریں۔آپ اسے دہی کے ساتھ ملا کر استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ گریپ فروٹ میں چربی پگھلانے والے اجزاء شامل ہوتے ہیں اور یہ خون میں شکر کی مقدار کو بھی کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ناشتے میں کیلے استعمال کرنے چاہئیں کیونکہ یہ کاربوہائیڈریٹ کا بہترین ذخیرہ ہونے کی وجہ سے آپ کو کافی دیر تک بھوک نہیں لگنے دیتے۔اگر آپ ناشتے میں دلیہ یا کارن فلیکس وغیرہ استعمال کرتے ہیں تو کیلا کاٹ کر اس میں ملا لیں۔اس سے غذا کا ذائقہ بھی بہتر ہو جائے گا۔
انڈے
ماہرین ناشتے میں انڈوں کو لازمی شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
پہلے خیال تھا کہ انڈے میں کولیسٹرول کی کافی مقدار ہوتی ہے جس سے دل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔بلڈ پریشر بھی بڑھ سکتا ہے لیکن حالیہ تحقیق کے مطابق انڈے میں پایا جانے والا کولیسٹرول زیادہ نقصان دہ نہیں ہے اور انڈے میں شامل پروٹین سے بلڈ پریشر میں کمی آتی ہے جس سے امراض قلب بھی کم ہو جاتے ہیں۔انڈوں میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کی وجہ سے کینسر اور امراض قلب ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
اگرچہ پکنے کے بعد انڈوں میں اینٹی آکسیڈنٹ کی مقدار نصف رہ جاتی ہے مگر پھر بھی یہ ان امراض کے خلاف موٴثر ثابت ہوتی ہے۔انڈوں کے اندر موجود امائنو ایسڈز سے انسان کے ردعمل کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔انڈے شام کے وقت اضافی کھانے کی خواہش کو بھی کم کرتے ہیں حاملہ خواتین کو لازماً انڈوں کا استعمال کرنا چاہئے کیونکہ اس میں وٹامن بی کے جزو کولین کی کافی مقدار ہوتی ہے۔
اس سے بچوں کے دماغ کی نشوونما ہوتی ہے جبکہ اس سے بچوں میں دماغی امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
اناج
ناشتے میں اناج کی بنی ہوئی غذا ضرور استعمال کرنی چاہئے کیونکہ اناج وٹامنز،معدنیات،فائبر اور کاربوہائیڈریٹس کے ساتھ اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہوتے ہیں یعنی اناج صحت کیلئے ایک خزانے کی مانند ہیں۔جو لوگ خالص اناج سے بنی اشیاء استعمال کرتے ہیں ان میں دل کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
روزانہ ناشتے میں دلیے کا ایک پیالہ کھانے سے اچھی صحت مند زندگی گزاری جا سکتی ہے جو لوگ ناشتے میں اناج،براؤن چاول،مکئی،دلیہ اور جو کا استعمال باقاعدگی سے کرتے ہیں وہ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔
ٹماٹر
ٹماٹر بغیر پکائے ناشتے میں روزانہ استعمال کرنے سے وزن میں حیرت انگیز کمی آ سکتی ہے۔اسے ناشتے میں استعمال کرنے سے بھوک میں کمی آتی ہے۔
ٹماٹر میں موجود وٹامن سی جلد کے لئے بے حد مفید ہے۔یہ جلد کو نہ صرف تروتازہ رکھتا ہے بلکہ جلد کو سورج کی شعاعوں سے جلنے سے بھی بچاتا ہے۔دل کے امراض اور کینسر سے بھی بچاتا ہے۔اسی لئے کہا جاتا ہے یک لقمہ صباحی،بہتر از مرغ و ماہی۔یعنی صبح کا ایک لقمہ کئی مرغیاں اور مچھلیاں کھانے سے بہتر ہے۔اس لئے صحت مند زندگی کے لئے لازم ہے کہ ناشتہ کبھی نہ چھوڑیں۔

Browse More Breakfast