Talbina Or Daliya - Sehat Bakhsh Nashtey - Article No. 1700

Talbina Or Daliya - Sehat Bakhsh Nashtey

تلبینہ اور دلیہ․․․صحت بخش ناشتے - تحریر نمبر 1700

اناج ہے صحت کا خزانہ

بدھ 16 اکتوبر 2019

اناج ایک جادو سااثر رکھنے والی غذا ہے جو مختلف وٹامنز،معدنیات ،فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹ سے بھری ہوئی ہے اسی لئے اناج کو صحت کا خزانہ قرار دیا گیا ہے اور یہ بات ایسی غلط بھی نہیں جولوگ اناج سے بنی غذائیں کھاتے ہیں ان میں دل کے امراض کا خطرہ کم ہوجاتاہے۔جرنل جاما انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق سے وابستہ ماہرین نے 14برس تک100افراد کی غذا اور صحت کے نتائج کی نگرانی کی۔
یہ تمام لوگ1984ء سے2010ء تک صحت مند رہے آخری برسوں میں جن 26لوگوں کی موت واقع ہوئی ان کا سبب دوسرے جسمانی امراض تھے۔جن لوگوں کی خوراک میں اناج،براؤن چا و ل، مکئی، دلیہ اور جو زیادہ مقدار میں شامل تھے وہ بالخصوص دل کی بیماریوں میں مبتلا نہیں ہوئے۔تحقیق کاروں کے مطابق خالص اناج کا28گرام یا ایک چھوٹا پیالہ ریشے دار (فائبر)غذا مثلاً دلیہ دن میں ایک بار کھانے سے موت کے خطرے کو5جبکہ دل کے دورے اور دیگر امراض کے خطرے کو کم از کم10فیصد تک کم کیا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)


ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ سے منسلک ڈاکٹر ہانیگو ود کے مطابق”ان غذائی عادات میں تبدیلی سے اناج کی کھپت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔نتائج نے خاصا امید افزاء ثبوت فراہم کیا ہے جس سے پتہ چلتاہے کہ خالص اناج کا کھانا کھانے کے فوائد سے متوقع زندگی میں تو سیع ہو سکتی ہے۔مطالعے کے مصنف ڈاکٹر ہانیگوود کے مطابق بھوسے والے اناج میں چوکر اور جراثیم رہ جاتے ہیں اس لئے صاف کئے ہوئے اناج میں مثلاً سفید چاول،پاستا،سفید آٹے کے مقابلے میں 25فیصد زائد اضافی پروٹین رکھتاہے۔
ڈاکٹر ہانیگوود کے پچھلے مطالعے میں دکھایا گیا تھا کہ خالص اناج کا استعمال کرنے سے ہڈیوں کی کثافت ،بلڈ پریشر میں کمی اور معدے میں صحت مند بیکٹیریا کو افزائش کا موقع ملتا ہے۔نیز ذیابیطس کا خطرہ کم ہوتاہے۔
Oatیا جئی میں ایک مخصوص فائبر بیٹاگلوکن ہوتاہے جو کولیسٹرول(خراب)کی سطح کم کرتا ہے اسی کی وجہ سے دل توانا رہتاہے۔علاوہ ازیں قدرتی اور جسمانی قوت مدافعت بڑھانے کی بات آتی ہے تو یہی فائبر صحت مند رہنے کی جنگ میں موٴثر ترین، ہتھیار ثابت ہوتا ہے۔
یادرہے کہ ہمارا جسم قدرتی طور پر بیٹاگلوکن پیدانہیں کرتا۔اس لئے بھی اس مرکب کو حاصل کرنے کے لئے واحد راستہ بیرونی ذرائع ہواکرتے ہیں جو بالخصوص اناج ،خمیر،گندم،مشروم اور جئی میں موجود ہوتاہے۔
تلبینہ۔ایک نبوی نسخہ ہے
تیار شدہ تلبینہ کے اجزاء میں جو،کاجو،بادام اور پستہ شامل کیا جاتاہے۔یہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا نسخہ ہے جو صالح خون بناتاہے اور کیلشیئم کی کمی کو پورا کرتاہے۔
حدیث کی رو سے تلبینہ ڈپریشن،تھکن اور پیٹ کے تمام امراض میں مفید ہے۔کمزور جسم کو طاقتور بناتاہے۔بینائی تیزکرتا ہے،جوڑوں کے درد دور کرتاہے۔تلبینہ میں مقوی میوے شامل کردینے سے جو یاجئی دونوں اناجوں کے ساتھ غذائیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔آپ چاہیں تو جوکادلیہ تیار کرکے میوے گارنش کرکے بھی شامل کر سکتی ہیں اور میوؤں میں کشمش،اخروٹ کوئی موسمی پھل مثلاً اسٹرابیری یاچیری کے موسم میں انہیں بھی شامل کر کے ذائقہ بڑھا سکتی ہیں ۔

اور ظاہر ہے کہ دودھ کے ساتھ دلیہ ہویا تلبینہ بہترین غذائیت پر مشتمل غذا ہوگی۔جسے کھانے سے جسم میں تکسیدی مادے یعنی اینٹی آکسیڈنٹس کی سطح میں اضافہ ہو گا جو خلیوں کو فری ریڈیکلز (مالیکیولز)سے پہنچنے والے نقصان سے بچاؤ کی ترکیب ہے۔غرضیکہ تادیر صحت مند رہنے کے لئے سادہ مگر غذائیت سے بھرپور ناشتے کرنا کئی امراض کو پنپنے یا بڑھنے سے محفوظ رکھ سکتاہے۔

Browse More Breakfast