Haldi - Article No. 1539

Haldi

ہلدی - تحریر نمبر 1539

سرطان اور جوڑوں کے امراض میں مفید

منگل 9 اپریل 2019

ہلدی کئی خوبیاں اپنے اندر سموئی ہوئی ہے ۔اس کا استعمال سوزش کم کرنے والی ادویات کے طور پر بھی ہوتا ہے ۔
خوراک کا کوئی اور جزو ایسا نہیں جس میں سوزش کے خلاف ہلدی جتنا طاقتور اثر پایا جاتا ہو۔
ہلدی میں ایک جزو Curcuminبہت اہم ہے ۔یہ بہت سی اقسام کے کینسر روکنے میں مدد گار ہے ۔
یہ بڑی آنت،پروسٹیٹ،پھیپھڑے ،جگر،معدے،سینہ ،بیضہ دانی اور دماغ کے سرطان ،رسولی میں خون کی نئی رگیں بننے کا عمل روک دیتا ہے۔


تجربے سے پتاچلا کہ کینسر پیدا کرنے والے کیمیکلز جسم میں چلے جائیں تو ہلدی کا یہ جزو کئی اقسام کی سرطان رسولیوں کو پیدا ہونے سے روکتا ہے ۔شاید یہی وجہ ہے کہ مغرب کے مقابلے میں مشرقی باشندوں میں بعض اقسام کا کینسر کم ہوتا ہے ۔حالانکہ مشرقی باشندے مغربی باشندوں کے مقابلے میں ماحولیاتی اعتبار سے زیادہ زہریلے اجزاء کا سامنا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)


برطانیہ کے لیسیٹرانفرمری اور جنرل ہاسپٹل میں کینسرکے مریضوں کو کیمو تھراپی ادویات کے ساتھ ہلدی کے اس جزو سے تیار شدہ دوائیں استعمال کروائی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں ہر سال تقریباً چالیس ہزار افراد میں آنتوں کے سرطان کی تشخیص ہوتی ہے ۔
اگر سرطان جسم کے دیگر حصوں تک پھیل جائے تو مریضوں کو عام طور پر تین کیمو تھراپی ادویات کا کورس کرایا جاتا ہے ۔
تاہم ان میں سے آدھے غیر موثر رہتے ہیں ۔برطانوی اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو کیمو تھراپی علاج شروع کرنے سے سات دن پہلے کرکومن(Curcumin)سے تیار گولیاں کھلائی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنتوں کا کینسر جڑ پکڑ جائے تو اس کا پھیلاؤ روکنا مشکل ہوجاتا ہے ۔دوسری جانب کیمو تھراپی کے مضر اثرات کی وجہ سے علاج مشکلات ہوتی ہیں ۔
کرکومن جیسے مفید جزو کی تحقیق سامنے آنے سے یہ امکان روشن ہوا ہے کہ اس کی مدد سے کیمو تھراپی کو کینسر کے خلیات کے خلاف موثر بنایا جا سکتا ہے ۔
چنانچہ اس طرح کیمو تھراپی کی دواؤں کی خوراک کم کی جاسکے گی۔اس کے Side effectsبھی کم ہوں گے اور علاج دیر تک جاری رکھنا موثر ہو گا۔چند دیگر ممالک جن میں تھائی لینڈ کی چھیانگ مائی یونیورسٹی بھی شامل ہے ۔ہلدی کے خاص جزوکرکومن پر تحقیق ہوئی ،جس میں بتایا گیا کہ بائی پاس سر جری کرانے والے افراد کو ہارٹاٹیک سے محفوظ رکھنے میں اس سے مدد ملتی ہے۔

ہلدی پورے جسم میں دوران خون کی روانی بہتر بناتی ہے۔خون کو پتلا کرنے والی قدرتی دوا ہے ۔چنانچہ سائنسدانوں کی یہ تحقیق کیپسول کی شکل میں دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے بھی امید کی کرن ثابت ہورہی ہے۔
ماہرینِ صحت کینسر کے علاوہ ہلدی کو جوڑوں کے درد میں بھی مفید بتاتے ہیں ۔اس وقت جوڑوں کے دردنے پوری دنیا کے لوگوں کو متاثر کیا ہوا ہے ۔
یہ ہلکے پھلکے بھی ہو سکتے ہیں اور سخت تکلیف دہ بھی۔
ہلدی کی خریداری
اچھی ہلدی کی پہچان یہ ہے کہ یہ قدرتی زردی مائل ہوتی ہے ۔اس میں زیادہ چمک دمک نہیں ہوتی۔ بہتر یہی ہے کہ اس کے ڈلے خریدے جائیں اور انہیں گھر پر لا کر پیس لیا جائے۔
ہلدی بہترین جراثیم کش ہے ۔ہمارے ہاں لوگ روزانہ سالن میں تو اسے استعمال کرتے ہیں لیکن آج بھی ہماری بزرگ خواتین بچوں کو چوٹ لگنے پر ابتدائی چٹکلے کے طور پر دودھ میں ہلدی گھول کر پلاتی ہیں کیونکہ یہ زخموں کے علاج کا قدرتی ذریعہ ہے۔

Browse More Cancer