Tomato - Dushman E Cancer Sabzi - Article No. 2542

Tomato - Dushman E Cancer Sabzi

ٹماٹر ۔ دشمنِ کینسر سبزی - تحریر نمبر 2542

اگر آپ کے گردوں میں پتھری ہے تو ٹماٹر ہر گز نہ کھائیں

ہفتہ 24 ستمبر 2022

عمران سجاد
ٹماٹر دنیا کے تقریباً ہر ملک میں کاشت کیا جاتا ہے۔یہ 1554ء میں میکسیکو اور یورپ پہنچا۔جنوبی امریکا سے برصغیر پہنچا اور پھر دنیا بھر میں عام ہو گیا۔ٹماٹر کا آبائی وطن امریکا ہے۔ٹماٹر پاکستان کے ہر صوبے میں کاشت کیا جا رہا ہے۔یہ گول شکل کے علاوہ لمبوترا بھی ہوتا ہے۔آلو اور پیاز کے بعد ٹماٹر سب سے زیادہ کھائی جانے والی سبزی ہے۔
ٹماٹر مختلف طریقوں سے پکایا جاتا ہے۔ٹماٹر ڈالنے سے گوشت اور سبزیاں بہت مزے دار بنتی ہیں۔
یہ کھانوں کو ذائقے دار بناتا ہے۔ٹماٹر سے کیچپ بھی تیار کیا جاتا ہے۔ٹماٹر میں پایا جانے والا سرخ مادہ ”لائکوپین“ (Lycopene) مفیدِ صحت ہوتا ہے۔قدرتی مانع تکسید اجزاء (Antioxidants) سے بھرپور یہ مادہ پھیپھڑوں اور چھاتی کے سرطانوں سے بچاتا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی ماہرین غذا کے مطابق ٹماٹر کھانے سے غدئہ قدامیہ (پروسٹیٹ گلینڈ) کے سرطان کا خطرہ 45 فیصد کم ہو جاتا ہے۔
ایک تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے غدئہ قدامیہ کے سرطان میں مبتلا مریضوں کو ٹماٹر کے گودے سے بھرے ہوئے کیپسول کھلائے،جس کے نتیجے میں سرطان کے خلیات (سیلز) ختم ہونے لگے اور مرض کی شدت کم ہو گئی۔ٹماٹر میں پائی جانے والی معدنیات (منرلز)،لائکوپین،حیاتین ج(وٹامن سی)اور بایوٹین (Biotin) غدئہ قدامیہ کے سرطان کے خلاف مزاحمت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ٹماٹر کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔یہ کئی قسم کے سرطانوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ٹماٹر میں کرومیئم بھی ہوتا ہے،جو خون میں شامل شکر کی سطح کو معمول پر رکھتا ہے۔ٹماٹر میں حیاتین الف (وٹامن اے)،حیاتین ک(وٹامن K)،تھایامن،نایاسن،نشاستہ (کاربوہائیڈریٹ)،رائبوفلیون،لحمیات (پروٹینز)،کیلسیئم،فولاد،فاسفورس اور پوٹاشیم بھی پائے جاتے ہیں،جو اچھی صحت کے لئے بہت ضروری ہیں۔

ٹماٹر میں جراثیم مارنے کی قدرتی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے۔حیاتین ک اور کیلسیئم ہڈیوں کو مضبوط کرتے ہیں۔حیاتین الف سے بینائی تیز ہوتی ہے۔یہ حیاتین جسم کے آزاد اصلیوں (فری ریڈیکلز) کو بھی ختم کر دیتی ہے۔ٹماٹر کھانے سے رنگ نکھر جاتا ہے۔یہ خون کو صاف کرتا اور جگر کے فعل کو درست رکھتا ہے۔ٹماٹر کھانے سے دماغی صلاحیتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
بہت سے افراد ٹماٹر کا رس شوق سے پیتے ہیں۔کچا ٹماٹر کھانے سے گلا خراب ہو جاتا ہے،اس لئے کہ یہ بہت ترش ہوتا ہے۔
اگر کوئی فرد خون کی کمی میں مبتلا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ روزانہ سرخ تازہ ٹماٹر کھائے،خون کی کمی جلد دُور ہو جائے گی۔ٹماٹر دانتوں کے امراض کو بھی دور کر دیتا ہے۔ٹماٹر ہمیشہ خوب اچھی طرح دھو کر کھانا چاہیے۔برطانیہ کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فرد دن میں ایک بار تازہ ٹماٹروں کے رس کے دو گلاس پی لے تو اس کی ہڈیاں مضبوط ہو جائیں گی اور وہ ہڈیوں کے بھُربھُرے پن کی بیماری (اوسٹیوپوروسز) سے بچ جائے گا۔

کینیڈا کے سائنس دانوں نے کمزور ہڈیوں والی پچاس سے ساٹھ برس کی خواتین کو یہ ہدایت کی کہ وہ ایک مہینے تک ٹماٹر کا رس پئیں۔ایک مہینے تک ٹماٹر کا رس پینے سے ان کی ہڈیاں مضبوط ہو گئیں۔ٹماٹر میں حیاتین ج کی مقدار زیادہ ہوتی ہے،جو جسم میں کولاجن (Collagen) کی پیداوار بڑھاتی ہے،جس کی وجہ سے جلد تروتازہ اور شاداب رہتی ہے۔کمزور اور لاغر افراد کے لئے یہ بہت مفید سبزی ہے۔
ٹماٹر اعصابی تھکن اور قبض کو دور کر دیتا ہے۔سائنس دانوں کے مطابق انھوں نے جینیاتی تبدیلی سے ٹماٹر سے ایک ایسی ویکسین بنائی ہے،جسے کھایا جا سکے گا۔یہ ویکسین جسم کے مدافعتی نظام کو تقویت دے کر نسیان کی بیماری (الزائمر) سے نجات دلا سکے گی۔
ہمیں روزانہ سرخ تازہ ٹماٹر کھانے چاہییں،یہ صحت پر اچھے اثرات ڈالتے ہیں۔ٹماٹر دانتوں سے کاٹ کر کھانے کو دل نہ چاہے تو اس کا رس پئیں،اس لئے کہ رس پینے سے کئی بیماریوں سے چھٹکارا مل جاتا ہے،لیکن اگر آپ کے گردوں میں پتھری ہے تو ٹماٹر ہر گز نہ کھائیں۔

Browse More Cancer