Anti-Inflammatory Diet - Article No. 2214

اینٹی انفلیمیٹری ڈائٹ - تحریر نمبر 2214

پیر 2 اگست 2021

Anti-Inflammatory Diet - Article No. 2214
درخشاں فاروقی
معدے کی حساسیت کا اندازہ دیر سے ہضم ہونے والی غذاؤں کے ردعمل سے ہوتا ہے۔عام طور پر ثقیل غذائیں بڑھتی ہوئی عمر میں دیر سے ہضم ہوتی ہیں اور لوگ بچوں کی طرح ہلکی غدود ہضم اور سادہ غذاؤں کا استعمال شروع کر دیتے ہیں۔اکثر معالجین بھی بڑوں کے 3 بڑے کھانوں کو 5 یا 6 بار کے مختصر کھانوں پر تقسیم کرتے ہیں۔

خاص کر ناشتے میں دلیہ اور دوپہر کے کھانے میں کھچڑیوں کا استعمال آنتوں میں سوزش کا مسئلہ حل کر سکتے ہیں تاہم کیوں نہ ڈائٹ بدل لی جائے۔یہ کہلاتی ہے اینٹی انفلیمیٹری ڈائٹ جس کی چند خصوصیات اور فوائد یہاں شائع کئے جا رہے ہیں۔
پھل اور سبزیاں
ہر کھانے میں تھوڑے سے پھل اور ایک آدھ سبزی شامل کر لی جائے۔

(جاری ہے)


اپنی پلیٹ کے چار حصے کریں،کم از کم آدھی پلیٹ میں ہری سبزیاں(کھیرا،ککڑی،سلاد کا پتہ،پالک،زیتون،بروکولی،پودینہ،ہرا دھنیا) رکھیں اور باقی حصے میں کوئی ایک یا دو موسمی پھل،تاہم یہ خراب حالت میں نہ ہوں تو ہی بہتر ہے۔


بیریز یعنی اسٹرابیریز،بلو بیریز اور رس بیریز معدے کی جلن اور آنتوں کی سوزش دور کرنے کے لئے بہترین پھل ہیں کیونکہ ان میں وٹامنز، معدنیات،فائبر،اینٹی آکسیڈینٹس اور فائٹو کیمیکلز موجود ہیں۔
پروٹین کے غذائی ذرائع
آنتوں کی سوزش دور کرنے میں حیوانی پروٹین بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہے مثال کے طور پر مچھلی اور جھینگے معدے میں جلن بھی پیدا نہیں کرتے اور غذائیت میں بھی اعلیٰ غذا ہیں۔

اگر یہ دستیاب نہ ہو تو روزانہ ایک پیالی دہی کھا لیا جائے۔خشک میوؤں میں بادام،برازیل نٹس، اخروٹ،پھلیاں وغیرہ بے حد مفید ہیں۔
مائعات
بالائی کے ساتھ دودھ،ہلکے نمک کے ساتھ کسی بھی سبزی کا جوس،ہربل چائے،تازہ پھلوں کا جوس اور خالص سادہ ابلا ہوا پانی ،یہ تمام مشروبات آنتوں میں سوزش نہیں کرتے۔
روغنیات
اومیگا۔

3 فیٹی ایسڈز اور مونوان سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز ہمیں وال نٹ آئل،اولیو آئل اور Rapeseed آئل میں دستیاب ہو جاتے ہیں۔
چند ڈائٹ ٹپس
صبح ناشتے کے لئے:
دلیہ بنائیے،تازہ اخروٹ اور موسم میں دستیاب تازہ بیریز کے چند دانے شامل کرکے کھائیے۔
کھانے سے پہلے مختصر ناشتے کے لئے:
کوئی ایک پھل،خشک خوبانی،بادام کے چند دانے،کشمش یا ناریل کھانا،بسکٹس اور کوکیز سے کہیں بہتر ہے۔


کھانے کے لئے:
سرخ گوشت سے ہزار درجے بہتر ہے مچھلی کھانا اور دیگر کھانے بھی اولیو آئل اور کنولا آئل میں تیار کئے جائیں۔ہر کھانے یعنی دوپہر اور رات کے کھانے میں سلاد ضرور شامل کر لیں۔گہرائی تک تلے جانے والے کھانے نہ کھائے جائیں بلکہ اس کے بجائے اسٹر فرائی اور پوچ کئے ہوئے یا پھر بیک (Bake) کئے ہوئے کھانے کھانا بہتر ہے۔
انتباہ
شکر اور اس سے بنی اشیاء،جنک فوڈ،چکنائی والا سرخ گوشت،سفید آٹا اور ریفائنڈ آٹے سے بنی روٹی،ڈبل روٹی یا پاستا صحت کے لئے مضر ہے۔


سافٹ ڈرنکس پینا رفتہ رفتہ کم کرکے ان کی عادت ترک کر دیجئے۔
ٹماٹر اور بینگن سوزش کر سکتے ہیں ان دونوں سبزیوں میں ایک مخصوص جز Solanine پایا جاتا ہے جو اپنے کیمیائی اثرات میں شدت رکھتا ہے۔تاہم ٹماٹر کے بیج نکال کے کھانے سے معدے کا درد یا سوزش کی شکایت عموماً نہیں ہوتی۔بہتر یہی ہے کہ آپ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرکے استعمال کریں۔
تاریخ اشاعت: 2021-08-02

Your Thoughts and Comments