Blue Zone Diet Sehat Mandi Ke Sath Taweel Umar Ka Raaz - Article No. 2882

Blue Zone Diet Sehat Mandi Ke Sath Taweel Umar Ka Raaz

بلیو زون ڈائٹ صحت مندی کے ساتھ طویل عمر کا راز - تحریر نمبر 2882

بلیو زون ڈائٹ میں دالیں، پھلیاں اور اناج بھی شامل ہیں، جو فائبر کا مآخذ کہلاتی ہیں

جمعرات 19 ستمبر 2024

شاہین علی
بلیو زون ڈائٹ کیا ہے؟ اس سے متعلق جاننے سے قبل بلیو زون کی وضاحت ضروری ہے۔دنیا بھر میں بلیو زون کی اصطلاح عام کرنے کا سہرا امریکی مصنف ڈین بوٹنر (Dan Buettner) کے سر جاتا ہے، جن کی تاریخِ پیدائش 18 جون 1960ء ہے۔وہ طویل عمر کے محقق اور عوامی مقرر ہیں۔انہوں نے اسی نام کی اپنی کتاب پر مبنی دستاویزی ٹی وی منی سیریز لائیو ٹو 100 سیکرٹس آف دی بلیو زونز (2023ء) کو مشترکہ طور پر تیار کیا۔
وہ بیوٹنر بلیو زونز، ایل ایل سی کے بانی ہیں۔انھوں نے پانچ بلیو زون، یونان کا اکاریا، کیلی فورنیا کا لومالنڈا، کوسٹاریکا کا نکویا پننسولا، جاپان میں اوکیناوا اور اٹلی میں سارڈینیا کی شناخت کی۔دراصل، ان علاقوں کے باسی 90 یا 100 سال تک صحت مندی کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں، جبکہ ان علاقوں میں ذیابیطس، امراضِ قلب اور سرطان کے پھیلاؤ کی شرح بھی بہت کم پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ طویل عرصے تک صحت مند و توانا زندگی پانے والے باسیوں کے علاقوں کی نشان دہی کے لئے بلیو زون کی اصطلاح استعمال کی گئی۔امریکی مصنف ڈین بوٹنر نے ان علاقوں میں طویل العمری اور اچھی صحت کا راز جاننے کے لئے جائزہ لیا۔اس جائزے میں ان مختلف علاقوں کے باسیوں کی خوراک اور طرز زندگی میں کچھ مماثلتیں پائی گئیں، جن میں موسمی سبزیوں، پھلوں، گری دار میوہ جات، سارا اناج، پھلیوں کا استعمال اور باقاعدگی سے ورزش کرنا شامل ہے۔
چونکہ ان علاقوں کے مکین صحت مندی کے ساتھ طویل عمر پاتے ہیں، تو وہ علاقے جہاں کے مکین صحت مندی کے ساتھ طویل عمر گزارتے ہیں، بلیو زون کہلائے جانے لگے، جبکہ ان علاقوں کی خوراک کو بلیو زون ڈائٹ سے موسوم کیا گیا۔
بلیو زون ڈائٹ سبزیوں اور پھلوں پر مشتمل ہوتی ہے۔برطانیہ میں طبی حکام ایک تحقیق کے مطابق روزانہ کی خوراک میں چار سو گرام پھل اور سبزیاں شامل کرنا صحت کے لئے موٴثر ثابت ہوتا ہے۔
پھل اور سبزیوں کے استعمال سے امراضِ قلب اور سرطان لاحق ہونے کے امکانات معدوم ہو جاتے ہیں۔نیز، عمومی صحت، جلد اور ہاضمے پر مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔بلیو زون ڈائٹ میں دالیں، پھلیاں اور اناج بھی شامل ہیں، جو فائبر کا مآخذ کہلاتی ہیں۔ان میں چربی بھی کم مقدار میں پائی جاتی ہے۔دالوں، پھلیوں اور اناج کے استعمال سے معدے، آنتوں اور دل پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ اناج کے استعمال سے فیٹی ایسڈ، وٹامن بی، فولک ایسڈ کی کمی پوری ہوتی ہے۔پھر جَو، گندم، بھورے چاول اور مکئی جیسی اشیاء دل کی بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں خاصے مفید گردانے جاتے ہیں۔فرمینٹڈ فوڈ یعنی کہ سرکے سمیت دیگر اجزاء سے تیار کی جانے والی غذاؤں کا استعمال بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔فرمینٹڈ خوراک میں پرو بائیوٹکس، یعنی ایسے بیکٹیریا پائے جاتے ہیں، جو صحت بخش اور ہاضمے کے لئے فائدہ مند ہوتے ہیں۔
واضح رہے، فرمینٹڈ خوراک کے طویل المعری پر اثرات کے بارے میں مزید تحقیق کا سلسلہ جاری ہے۔بلیو زون ڈائٹ میں مچھلی بھی شامل ہے، کیونکہ یہ غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے۔اس میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے، جو دل اور دماغ کی صحت کے لئے مفید ہے۔ماہرینِ اغذیہ کا کہنا ہے کہ ہفتے میں دو بار مچھلی استعمال کی جائے۔اس کے علاوہ بلیو زون ڈائٹ میں بیف اور مٹن کا استعمال بھی شامل ہے، مگر اعتدال کے ساتھ۔
البتہ پروسیسڈ گوشت کا استعمال کم سے کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔پانی زندگی ہے، کیونکہ طبی ماہرین کے مطابق انسانی جسم کا 60 فیصد سے زائد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔اسی طرح دماغ اور دل کا تقریباً دو تہائی، پھیپھڑوں کا 83 فیصد، ہڈیوں کا 31 فیصد اور جلد کا 64 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔اس ہی لئے ہمارے جسم کی بقا کے لئے زیادہ سے زیادہ پانی پینا ضروری ہے۔
یاد رکھیے، پانی جسم کا درجہ حرارت منظم رکھتا ہے۔غذا ہضم کرنے، انسانی جسم سے فضلے کے اخراج، جوڑوں اور پٹھوں کو تر رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔چونکہ سانس لینے، پسینہ آنے، پیشاب کرنے اور کھانا ہضم کرنے میں پانی زائد مقدار میں استعمال ہوتا ہے، اس ہی لئے زائد پانی پئیں۔اگر ہم جسمانی ضرورت کے مطابق پانی کم پئیں گے، تو ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں سانس سے بو، سر چکرانے، ذہنی اُلجھن اور دیگر مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
زیادہ پانی کا استعمال بلیو زون کے تقریباً تمام خطوں کی خاصیت ہے۔اس کے علاوہ دیگر مائع جیسا کہ قہوے وغیرہ کا استعمال بھی بلیو زون کے باسیوں میں عام ہے۔اگر آپ بھی صحت مندی کے ساتھ طویل عمر پانا چاہتے ہیں، تو آج ہی سے بلیو زون ڈائٹ کا استعمال شروع کر دیں۔

Browse More Dieting