Mediterranean Diet Kya Hai - Article No. 2948

Mediterranean Diet Kya Hai

میڈیٹیرین ڈائٹ کیا ہے - تحریر نمبر 2948

میڈیٹیرین ڈائٹ ذیابیطس، کمزور یادداشت، بریسٹ کینسر اور ہارٹ اٹیک جیسے امراض سے محفوظ رہنے کے لئے معاون ہے، جبکہ یہ ڈائٹ وزن کم کرنے اور ذہنی صحت برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے

جمعرات 3 اپریل 2025

شاہین علی
اگر ڈائٹنگ سے متعلق سرچنگ کی جائے تو بے شمار اقسام سامنے آ جاتی ہیں۔جیسے کیٹو جینک ڈائٹ، والیو میٹرکس (Volumetrics) ڈائٹ، وِگن ڈائٹ، ڈیش (Dash) ڈائٹ اور انٹرمیٹینٹ ڈائٹ وغیرہ۔ان سے متعلق مختصراً معلومات ذیل میں درج کی جا رہی ہیں۔
کیٹو جینک ڈائٹ:
اس میں چکنائی کی مقدار زائد اور کاربوہائیڈریٹ کی مقدار کم ہوتی ہے۔
اس ڈائٹ میں تقریباً 70 فیصد چکنائی، 25 فیصد پروٹین اور تقریباً 5 فیصد کاربوہائیڈریٹ ہوتے ہیں۔جو غذائیں استعمال کی جاتی ہیں، اُن میں گوشت، گھی، تیل، زیتون کا تیل، چکنائی والی مچھلی، انڈے، مغزیات، پھلیاں، خشک گری دار میوے، سبزیاں اور دیگر اشیاء شامل ہیں، جبکہ پروسیس شدہ غذائیں، ڈیری اور بیکری کی مصنوعات سے مکمل طور پر پرہیز کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)


والیو میٹرکس ڈائٹ (Volumetrics):
اس میں زیادہ سے زیادہ غذائیت بھری پتوں والی سبزیاں اور پھل استعمال کیے جاتے ہیں۔
وِگن ڈائٹ:
اسے وِگنزم بھی کہا جاتا ہے۔اس کی مختلف اقسام ہیں۔جیسے ہول فوڈ وِگن ڈائٹ، راء فوڈ وِگن ڈائٹ (کچی سبزیوں کی ڈائٹ)، جنک فوڈ وِگن ڈائٹ وغیرہ۔وِگن ڈائٹ میں ہر قسم کے گوشت، انڈوں اور ڈیری مصنوعات سے پرہیز کرنا ہوتا ہے۔
ان اشیاء کے بجائے اجناس، سبزیوں اور پھلوں کے ذریعے صحت کو بہتر بنایا جاتا ہے۔
ڈیش (Dash) ڈائٹ:
ڈیش Dietary Approaches To Stop Hypertension کا مخفف ہے۔یہ ڈائٹ بلند فشارِ خون سے متاثرہ افراد کے لئے ہے، جو وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے میں بھی خاصی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ڈیش ڈائٹ ایک سو فیصد اناج، سمندری غذاؤں، کم چربی والی ڈیری مصنوعات، گری دار میوؤں اور بیجوں پر مشتمل ہوتی ہے۔
اس میں میگنیشیم، پوٹاشیم اور کیلشیم کے علاوہ پروٹین اور فائبر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔اس ڈائٹ پلان میں روزانہ صرف 3 گرام سوڈیم (نمک) استعمال کرنے کی اجازت ہے۔یعنی اس مقدار سے تقریباً 20 فیصد کم، جو ایک عام فرد روزانہ استعمال کرتا ہے۔
انٹرمیٹینٹ ڈائٹ:
اس میں گذشتہ دن کے آخری کھانے کے بعد اگلے دن کے پہلے کھانے کے درمیان ایک طویل وقفہ دیا جاتا ہے۔
عام طور پر اس عادت کو اپنانے والے 16 گھنٹے تک بنا کچھ کھائے گزارتے ہیں، جس کے بعد بقیہ آٹھ گھنٹوں کے دوران ہی خوراک لی جاتی ہے۔یہ کھانے میں وقفے کا واحد طریقہ نہیں، بلکہ کئی اور طریقے بھی اپنائے جا سکتے ہیں۔
آج کل میڈیٹیرین ڈائٹ (Mediterranean Diet) بھی خاصی عام ہو رہی ہے۔ماہرین کے مطابق میڈیٹیرین ڈائٹ ذیابیطس، کمزور یادداشت، بریسٹ کینسر اور ہارٹ اٹیک جیسے امراض سے محفوظ رہنے کے لئے معاون ہے، جبکہ یہ ڈائٹ وزن کم کرنے اور ذہنی صحت برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
میڈیٹیرین ڈائٹ دراصل سبزیوں، پھلوں، دودھ، مکمل اناج سے بنی غذائیں، زیتون، کینولا، بادام اور اسی طرح کے دوسرے خشک میوہ جات سے تیار تیل اور مچھلی پر مشتمل ہے۔یورپین جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شایع کردہ ایک تحقیق، جس میں 20 برس تک غذا سے فشارِ خون پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔تحقیق میں بتایا گیا کہ میڈیٹیرین ڈائٹ کرنے والوں میں طویل المعیاد بنیادوں پر بلند فشارِ خون سے متاثر ہونے کے خطرات میں 5046 فیصد تک کمی واقع ہوتی ہے۔
میڈیٹیرین ڈائٹ پر عمل کرنے سے امراضِ قلب سے متعلق بیماریوں کا خطرہ کم رہتا ہے۔ان میں ہارٹ اٹیک اور اسٹروک شامل ہیں۔یاسیت کا بھی 33 فیصد امکان کم ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ ذہن پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ارتکازِ توجہ میں بہتری آتی ہے اور یادداشت مضبوط ہوتی ہے۔ساتھ ہی دماغی بیماریاں جیسے الزائمر وغیرہ لاحق ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
”بون میٹابولزم“ میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جس سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔میڈیٹیرین ڈائٹ پر عمل کرنے سے ذیابیطس ٹائپ ٹو لاحق ہونے کا امکان کم ہو جاتا ہے۔
میڈیٹیرین ڈائٹ کا ایک اہم حصہ زیتون کا تیل تصور کیا جاتا ہے۔ماہرینِ اغذیہ کے مطابق روزانہ تقریباً ڈیڑھ اونس زیتون کا تیل غذا کو پکانے کے لئے استعمال کر کے جسمانی وزن اور بڑھے ہوئے پیٹ میں تیزی سے کمی لانے کے لئے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق جو افراد میڈیٹیرین ڈائٹ پر کم سے کم 3 سال تک باقاعدگی سے عمل کرتے ہیں، جو بالعموم ذہنی اور دماغی طور پر تندرست و توانا ہو جاتے ہیں۔ایک اور تحقیق کے مطابق میڈیٹیرین ڈائٹ میں مچھلی کا زیادہ سے زیادہ استعمال خاص طور پر ڈپریشن کے خطرے کو کم کرتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اگر زیتون، کینولا، بادام اور دیگر خشک میوہ جات سے بنے تیل کا استعمال کیا جائے تو نتائج مزید بہتر ہو سکتے ہیں۔

Browse More Dieting