Subha Gahhi Warzish Behad Mufeed - Article No. 1606

Subha Gahhi Warzish Behad Mufeed

صبح گاہی ورزش بے حد مفید - تحریر نمبر 1606

بڑے بوڑھے کہتے ہیں کہ صبح سویرے اُٹھ کر عبادت اور ورزش کرنا ذہنی صحت اور جسمانی راحت و توانائی کا بہترین ذریعہ ہے ۔

جمعرات 27 جون 2019

بڑے بوڑھے کہتے ہیں کہ صبح سویرے اُٹھ کر عبادت اور ورزش کرنا ذہنی صحت اور جسمانی راحت و توانائی کا بہترین ذریعہ ہے ۔رات گئے تک اسمارٹ فون کے شغل اور دیگر شبانہ تفریحات نے صبح خیزی کی عادت بالکل ختم کر دی ہے۔نمازی ،نمازِ فجر کے لیے اُٹھتے بھی ہیں تو نماز کے بعد جلدی جلدی ناشتہ کرکے دنیا کے گورکھ دھندوں میں لگ جاتے ہیں ۔صبح کے وقت ورزش ،سیر اور دوڑیا کھیل کا تصور کم از کم کراچی جیسے تجارتی شہر میں مفقود ہو گیا ہے ۔

ورزش کے شوقین افراد اپنے شوق کی تکمیل کے لیے شام کے وقت کا انتخاب کرتے ہیں ۔بلاشبہ ورزش اس وقت بھی کی جاسکتی ہے ،لیکن مشرقی ممالک کے دانشوروں نے صبح گاہی ورزش پر بہت زور دیا ہے ۔یوگا کے ماہرین بھی طلوع آفتاب سے پہلے اُٹھ کر غسل اور تازہ ہوا میں یو گا کی اہمیت اور افادیت پر بہت زور دیتے ہیں۔

(جاری ہے)


اطبا نے بھی صبح کی ورزش ،سیر اور کسرت وغیرہ کو بقائے صحت کے لیے بہت مفید قرار دیا ہے ۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق صبح کی ورزش دوسرے وقت کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے ،کیوں کہ اس وقت ورزش کرنے سے جسم زیادہ مقدار میں چربی کو ٹھکانے لگاتا ہے ۔ہم دن بھر جو نشاستے دار (کاربوہائیڈریٹ)اشیاء ،مثلاً روٹی اور چاول وغیرہ کھاتے ہیں، ہمار اجسم رات کے وقت اس غذا سے ملنے والی چکنائیوں یا چربی کو ٹھکانے لگانے کا کام شروع کر دیتا ہے ۔
چناں چہ صبح کے وقت ورزش کرنے سے جسم کو چربی جلانے کے اس عمل میں بڑی مدد ملتی ہے ۔ورزش کرنے سے یہ عمل نہ صرف جاری رہتا ہے، بلکہ زیادہ بہتر طور پر انجام پاتا ہے اور جسم زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ چربی کو ٹھکانے لگا دیتاہے۔ اس کے علاوہ پھیپڑوں کو تازہ اوکسیجن ملتی ہے ،جس سے صحت پر اچھے اثرات پڑتے ہیں۔
اس کے برخلاف شام کے وقت چوں کہ جسم میں نشاستے کی سطح بلند رہتی ہے ،اس لیے وہ ورزش کے دوران جمع شدہ چربی استعمال نہیں کر پاتا۔
گویا شام کی ورزش سے نشاستہ تو ٹھکانے لگ جاتا ہے ،لیکن چربی بر قرار رہتی ہے۔
ہمیں صبح سویرے بیدار ہو کر فجر کی نماز کے بعد کسی قریبی پارک میں جا کر تیز قدمی کرنے چاہیے ۔تازہ ہوا میں گہرے سانس لینے چاہییں۔پھر غسل کرنے کے بعد ناشتہ کرنا چاہیے۔ہم دن بھر روزمرّہ کے کاموں کی تکمیل کے دوران ہشاش بشاش،چاق چوبند وفعال رہیں گے اور تھکن وسستی ہم سے دُور بھاگیں گی۔

Browse More Exercise