Tangoon Ki Enthaan - Article No. 2111

Tangoon Ki Enthaan

ٹانگوں کی اینٹھن - تحریر نمبر 2111

اگر کسی کو روزانہ یہ تکلیف ہوتی ہے تو اس کے لئے ایک ورزش تجویز کی جاتی ہے

ہفتہ 20 مارچ 2021

رات کو سوتے میں اچانک پنڈلی کی مچھلی یا پاؤں میں اینٹھن ہوتی ہے اور نیند حرام ہو جاتی ہے۔اس کی وجہ کمزوری نہیں،کیونکہ یہ تکلیف تندرست و توانا کھلاڑیوں کو بھی ہوتی ہے۔عام طور پر اینٹھن نیند کے پہلے چند گھنٹوں میں ہوتی ہے۔اینٹھن کو ہم”پٹھے کا مروڑ“ بھی کہہ سکتے ہیں۔اس وقت پٹھا سکڑتا ہے۔سائنس دانوں کے مطابق سوتے میں دماغ سے یہ حکم جاری ہوتا ہے کہ فلاں پٹھے میں اینٹھن ہو تو ایسا ہوتا ہے۔
ہم پاؤں کو آگے پھیلاتے ہیں۔اینٹھن کی جگہ کو ملتے ہیں،تب جاکر آرام آتا ہے۔دماغ پھر حکم جاری کرتا ہے کہ اینٹھن ختم ہو اور وہ ختم ہو جاتی ہے۔سائنس دانوں نے یہ بھی کہا ہے کہ جب جسم میں کیلسیئم پوٹاشیم اور سوڈیم کا توازن بگڑ جائے تو تب اینٹھن پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ان تین معدنی نمکوں کو الیکٹرولائٹس(Electrolytes) کہتے ہیں،یعنی یہ بجلی کی موجوں کا گزرنا ممکن بناتے ہیں۔

یہ بجلی وہ ہے،جو اعصاب میں چلتی ہے۔
ٹانگیں پھیلائیے
اینٹھن کو ختم کرنے کی مفید تدبیر یہ ہے کہ ٹانگ کو پھیلائیے۔اگر کسی کو روزانہ یہ تکلیف ہوتی ہے تو اس کے لئے ایک ورزش تجویز کی جاتی ہے۔دیوار کی طرف منہ کرکے کھڑے ہو جائے۔دونوں ہاتھ دیوار پر رکھ دیجئے۔ایک پاؤں کو دیوار سے دو فیٹ کے فاصلے پر رکھیے اور دوسرے کو تین فیٹ دور۔
اب جو پاؤں دیوار کے قریب ہے،اس کے گھٹنے کو جھکائیے۔دوسری ٹانگ کو سیدھا تانے رہیے،ایڑی فرش سے لگی ہوئی ہو۔اس حرکت سے مچھلی اور ایڑی کے پٹھے میں پھیلاؤ آئے گا۔دس سیکنڈ تک اس پوزیشن میں رہیے۔پھر 5 سیکنڈ آرام کیجئے۔ہر ٹانگ کے ساتھ دو تین بار اس طرح کیجئے۔سونے سے پہلے 5 سے 10 مرتبہ ٹانگوں کو پھیلانے کی اس مشق کے کرنے سے رات کو اینٹھن کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔

تھوڑا سا پیدل چلیں
ٹانگ کے پٹھے کو پھیلانے کے لئے تھوڑا سا پیدل ضرور چلیں۔زیادہ نہ چلیں۔آہستہ آہستہ چلنا شروع کریں۔
پٹھے کی مالش کریں
پٹھے کی گرم مرہم سے روزانہ مالش کریں۔
پوزیشن بدل لیں
جب بستر پر لیٹیں تو پیٹ کے بل نہ سوئیں،کیونکہ اس پوزیشن میں پنڈلی کی مچھلی چھوٹی ہو جاتی ہے۔

پانی پییں
روزانہ چھ سے آٹھ گلاس پانی ضرور پییں،اس لئے کہ پانی کی کمی سے بھی اینٹھن ہونے کا امکان ہوتا ہے۔
تولیا یا بڑا رومال
اپنے پاس تولیا یا بڑا رومال رکھیں۔جب اینٹھن ہو تو تولیا یا رومال پاؤں کی انگلیوں کے حصے کے نیچے ڈال کر انگلیوں کو اوپر کی طرف کھینچیں، یہاں تک کہ اینٹھن ختم ہو جائے۔

معدنی نمک کھائیں
یہ نمکیات صحت کے لئے ضروری ہوتے ہیں،اس لئے ان کے کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔1500 ملی گرام کیلسیئم اور 400 انٹرنیشنل یونٹ حیاتین ھ(وٹامن ای)روزانہ کھایا کریں۔امریکہ میں یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے میڈیکل اسکول کے ڈاکٹر ہیری ڈینٹل نے ان نمکوں کے کھانے کی سفارش کی ہے۔اس کے علاوہ ایسی غذائیں بھی کھائیں،جن میں معدنی نمک پائے جاتے ہیں،تاکہ صحت اچھی رہے۔

پاؤں بستر پر سر سے اونچے رکھیں
سوتے وقت پاؤں کی طرف تکیہ رکھ کے پاؤں سر سے اونچے رکھ کر سوئیں۔
اینٹھن کی ایک دوسری قسم
اینٹھن کی دوسری قسم عرجان(لنگڑانا۔کلاڈی کیشن) ہے۔روم کا بادشاہ کلاڈیئس لنگڑا تھا،اس لئے اس کے نام پر اس مرض کا نام رکھا گیا ہے۔یہ اینٹھن ٹانگوں میں کولیسٹرول کے تھکے(Clots) جم جانے سے ہوتی ہے۔
کولیسٹرول کے تھکے اور کسیجن سے سیراب خون کو عضلات تک نہیں پہنچنے دیتے۔یہ اینٹھن کولھوں کے گوشت میں بھی ہو جاتی ہے اور تھوڑے سے آرام کے بعد پھر شروع ہو جاتی ہے۔ اینٹھن دور کرنے کا علاج یہ ہے کہ کولیسٹرول والی غذائیں کم کھائی جائیں۔نیز اس کے لئے روزانہ پیدل چلیں۔پیدل چلنا کولیسٹرول کو گھلاتا ہے۔ورزش کی وجہ سے خون خوب گردش کرتا ہے اور عضلات تک پہنچتا ہے۔پیدل چلنے کی مشق کو پہلے صرف اتنے فاصلے تک محدود رکھیں کہ درد شروع نہ ہو۔رفتہ رفتہ فاصلہ بڑھاتے چلے جائیں۔یہ ورزش ٹانگوں میں خون کی گردش کو رواں کرنے کے لئے بہت موٴثر ہے۔

Browse More Exercise