Warzish Aur Jismani Sargarmiyon Ki Ahmiyat - Article No. 2870
ورزش اور جسمانی سرگرمیوں کی اہمیت - تحریر نمبر 2870
باقاعدگی سے ورزش نہ صرف بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتی ہے، بلکہ بڑھتے وزن کو روکنے میں بھی ازحد مفید ہے
منگل 13 اگست 2024
ہماری زندگی میں پیش آنے والے حالات ہمارے اٹھائے گئے اقدام کے نتائج پر منحصر ہوتے ہیں۔اب یہ نتائج کس حد تک مثبت ہوتے ہیں یا منفی اس کی بنا پر ہم مستقبل کے کاموں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔انسان کی فطرت ہے کہ وہ کسی بھی چیز میں اپنے لئے زیادہ سے زیادہ مفاد کو مدِ نظر رکھتا ہے اور پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ اپنی جسمانی صحت کے حوالے سے کوئی گھاٹے کا سودا کر لے۔
یوں تو انسان نے اتنی ترقی کر لی ہے آج وہ چاند پر پہنچ چکا ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کا یہ عالم ہے کہ انسان نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے اپنے جیسا ایک روبوٹ تیار کر لیا ہے، جو برق رفتاری اور تھکن کے بغیر تمام کام انجام دیتا ہے۔اس طرح آج کی زندگی میں جو حالات ہیں، وہ پچھلی دہائی کے حالات سے بے حد مختلف اور سہل ہیں۔
(جاری ہے)
اس انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور سوشل میڈیا کی دنیا میں جہاں بیش بہا آسانیاں موجود ہیں، وہیں نمایاں معاشرتی تبدیلی بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ہمارے ملک کے نوجوان اب لیپ ٹاپ، ویڈیو گیم اور موبائل فون ہی کے ہو کر رہ گئے ہیں۔ان کی سرگرمیاں اب گھر تک یا وڈیو گیم ایریا تک محدود ہو گئی ہیں۔جہاں ایک دہائی پہلے شام کے وقت تیار ہو کر باہر دوستوں کے ساتھ کھیلنے کے لئے جانے کا رواج تھا، وقتاً فوقتاً گڈے گڑیا کی شادی کے بہانے کھیل تفریح کا سلسلہ ہوتا تھا۔صبح کے ناشتے کا 8 بجے، ظہر کھانے کا 1 بجے اور عشاء کا 8 بجے اہتمام کیا جاتا تھا، لیکن اب سب کچھ نظروں سے اوجھل دکھائی دیتا ہے۔آج کے لوگ یا تو کام میں مصروف ہیں یا پھر موبائل یا سوشل میڈیا میں کھوئے ہوئے ہیں۔ایک دوسرے سے ملنا جلنا اور فرصت کے لمحات اب میسر نظر نہیں آتے۔ایک تازہ ترین تحقیق سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ انسانوں کے جسمانی، نفسیاتی اور معاشرتی پہلوؤں پر جسمانی سرگرمی کے فوائد کافی حد تک دل کی بیماریوں، موٹاپے اور کینسر سے وابستہ ہیں۔بچوں اور نو عمروں میں جسمانی سرگرمیاں تعلیمی کامیابیوں، معاشرتی ہم آہنگی اور ذہنی صحت سے وابستہ ہیں۔اسی طرح بالغ، عمر رسیدہ افراد میں جسمانی سرگرمی متغیر فوائد کی حامل رہی ہے، جس سے طویل صحت مند زندگی کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔اگرچہ عالمی سطح پر خاطر خواہ آگہی فراہم کی جاتی ہے، لیکن پاکستان میں جسمانی سرگرمی کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے آگہی کی کمی کا سخت فقدان نظر آتا ہے۔
صحت مند طرزِ زندگی باقاعدگی سے ورزش کا مطالبہ کرتی ہے، جو چست و توانا رہنے کا لازمی جزو ہے۔باقاعدگی سے ورزش نہ صرف بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتی ہے، بلکہ بڑھتے وزن کو روکنے میں بھی ازحد مفید ہے۔اس کے علاوہ یہ ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔کئی بیماریوں، پریشانیوں اور الجھنوں کو دور کرنے اور ان کے علاج میں بھی مدد فراہم کر سکتی ہے۔2021ء میں عالمی ماحولیاتی ریسرچ جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق ہمیں بتاتی ہے کہ لوگوں کے زندگی گزارنے کے طریق کار اور ان کی عادات سے ان کے بی ایم آئی (باڈی ماس انڈیکس) کی حیثیت زیادہ تر متاثر ہوتی ہے۔”بی۔ایم۔آئی کیا ہے؟“ تو یہ انسان کے قد اور وزن پر مبنی جسمانی چربی ناپنے کا ایک پیمانہ ہے، جو بالغ مردوں اور خواتین پر لاگو ہوتا ہے۔اس کا حساب کلو گرام میں وزن کو میٹر میں قد کے مربع سے تقسیم کر کے کیا جاتا ہے۔کیلکولیٹر سے بی ایم آئی کا حساب باآسانی لگایا جا سکتا ہے، جو قد اور وزن کا استعمال کرتے ہوئے کیا جاتا ہے۔اپنا نتیجہ معلوم کرنے کے لئے اپنے وزن کو کلو گرام میں اپنے قد سے میٹر مربع میں ضرب دیں۔اگر آپ جانتے ہیں کہ سینٹی میٹر میں آپ کا قد کتنا ہے اور آپ انچ میں کتنے لمبے ہیں، تب بھی آپ اپنے بی ایم آئی حساب لگا سکتے ہیں۔بی ایم آئی کا فارمولا ہے، ”کے جی/ایم“۔بی ایم آئی کے نتائج کے مطابق بالغوں کے لئے 18.5 سے 924 صحت مند، 25 سے 9.29 زائد وزن، 30 یا اس سے زیادہ موٹاپا تصور کیا جاتا ہے۔نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے جسمانی سرگرمی اور ورزش ضروری ہے۔سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن تجویز کرتا ہے کہ 6 سال سے 17 سال کی عمر کے بچوں اور نو عمر کو روزانہ 60 منٹ (ایک گھنٹہ) یا اس سے زیادہ معتدل درجے کی جسمانی سرگرمی میں مصروف ہونا چاہیے۔نوجوانوں کے لئے جسمانی سرگرمی اور ورزش ہر اعتبار سے مفید ہے مثلاً:
جسمانی صحت:
جسمانی سرگرمی اور ورزش مضبوط ہڈیوں اور پٹھوں کی تعمیر، صحت مند دل اور پھیپھڑوں کی نشوونما اور ان کے وزن کو کنٹرول کرنے میں معاون ہے۔نیز، دائمی بیماریوں جیسے امراضِ قلب، فالج، ذیابیطس ٹائپ ٹو اور کینسر کی بعض اقسام سے تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
ذہنی صحت:
نوجوانوں کو تناؤ، اضطراب اور افسردگی کم کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔یہ ان کے مزاج، خود اعتمادی اور نیند کے معیار کو بھی بہتر بنا سکتی ہے، کیونکہ جب وہ ایک کام میں اپنی ذہنی صلاحیتیں اور قوت کا استعمال کرتے ہوئے کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں، تو یہ نتیجہ ایک نئی انرجی، ایک جوش ولولہ پیدا کرتا ہے، جس سے خوشی و راحت کا احساس ہوتا ہے۔
تعلیمی کارکردگی:
متعدد مطالعات سے پتا چلتا ہے کہ جو نوجوان جسمانی طور پر سرگرم رہتے ہیں، ان کے گریڈ، اسکول کی حاضری اور علمی کارکردگی جیسے معاملات میں دیگر کی نسبت خاصی بہتری آتی ہے۔
معاشرتی مہارتوں میں اضافہ:
جسمانی سرگرمی نوجوانوں کو ٹیم ورک، تعاون اور مواصلات جیسی معاشرتی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔اس سے ان کو نئے دوست بنانے اور تعلقات استوار کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
چوٹ و زخم لگنے کے خطرات میں کمی:
جسمانی سرگرمی نوجوانوں کو ہم آہنگی، توازن اور چستی پیدا کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے، کیونکہ وہ پہلے ہی ورزش اور کام کے عادی ہوتے ہیں، تو ان کے گرنے اور موچ جیسی چوٹوں و زخموں کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ان کے امیون سسٹم کو بھی توانائی ملتی ہے۔نوجوانوں کے لئے جسمانی سرگرمیوں کے بہت سے مختلف طریقے ہیں۔مثلاً
ٹیم اسپورٹس:
فٹ بال، باسکٹ بال اور والی بال نوجوانوں کے لئے بیک وقت جسمانی سرگرمی اور تفریح کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔
انفرادی کھیل:
ان میں دوڑ لگانا، تیراکی، گھڑ سواری وغیرہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ سیاحت بھی کی جا سکتی ہے۔
نوجوانوں کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ ایسی جسمانی سرگرمیاں تلاش کریں، جن سے نہ صرف وہ بھرپور لطف اندوز ہوں، ساتھ ہی ان کی صلاحیت اور مہارت بھی پروان چڑھ سکے۔نوجوانوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر متحرک ہونے کی ترغیب دینے میں والدین، اہلِ خانہ اور اساتذہ وغیرہ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔جیسے نوجوانوں کو فعال ہونے کے بہتر مواقع، کھیلنے کے لئے محفوظ مقامات مہیا کیے جائیں، ٹریننگ کلاسز کی ترغیب دی جائے۔اس کے علاوہ والدین اور دیگر خود بھی جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لے کر ایک عمدہ مثال قائم کر سکتے ہیں۔
Browse More Exercise
ورزش اور جسمانی سرگرمیوں کی اہمیت
Warzish Aur Jismani Sargarmiyon Ki Ahmiyat
ورزش ایک مفت اور مفید دوا
Warzish Aik Muft Aur Mufeed Dawa
سائیکل چلائیں صحت بنائیں
Cycle Chalaain Sehat Banaain
ورزش سے پہلے کیا کھائیں
Warzish Se Pehle Kya Khayen
صحت مند زندگی گزارنے کے بیش قیمت مشورے
Sehat Mand Zindagi Guzarne Ke Besh Qeemat Mashware
پیدل چلیں ۔ ذیابیطس کے امکانات کم کریں
Paidal Chalen - Diabetes Ke Imkanat Kam Karen
سردیوں میں ورزش کرنے کے زیادہ فائدے
Sardiyon Mein Warzish Karne Ke Ziyada Faide
ورزش
Warzish
مارننگ واک
Morning Walk
تیراکی سے ذہنی و جسمانی تندرستی
Teeraki Se Zehni O Jismani Tandrusti
پیٹھ کا درد اور موٴثر ورزشیں
Peeth Ka Dard Aur Muasar Warzishain
فزیوتھراپی ۔ ایک موٴثر علاج
Physiotherapy - Aik Muasar Ilaj