Yoga Se Sehat Or Khoobsorti Payeen - Article No. 1972

یوگا سے صحت اور خوبصورتی پائیں - تحریر نمبر 1972

بدھ اکتوبر

Yoga Se Sehat Or Khoobsorti Payeen - Article No. 1972
صحت کا دارومدار اچھی غذا،صاف ستھرے ماحول اور سادھی زندگی بسر کرنے میں ہے۔اس تیز رفتار دور میں اکثر لوگ کسی نہ کسی بیماری سے نبرد آزما دکھائی دیتے ہیں۔ایسے میں ورزش طویل عرصے تک تندرست اور جوان رہنے کا بہترین ذریعہ ہے۔سائنس بھی اس بات کی تائید کر رہی ہے۔آج کل یوگا دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔یوگا قوت مدافعت بڑھانے میں ہی معاون نہیں بلکہ یہ مسلز بھی مضبوط بناتا ہے۔

یوگا کی بنیاد مراقبہ پر ہے۔مراقبے کے ذریعے مخصوص انداز میں کچھ پل راحت کے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔یوگا فطرت سے روشناس ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔یوگا روحانی صحت،جسمانی اور ذہنی قوت کو نہ صرف بحال کرتا ہے بلکہ اس میں اضافہ کرنے میں بھی موثر ہے۔یوگا روح اور جسم سے گہرا رشتہ بناتا ہے۔

(جاری ہے)

یوگا کی جسمانی مشقیں،سانس کی ورزش اور مراقبے کے عمل کو استعمال کرکے خود کو صحت مند رکھا جا سکتا ہے۔

یہ مرد اور عورت سب کے لئے یکساں مفید ہے۔یوگا کی ہلکی اور آسان ورزش کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے بہت سے مسائل سے چھٹکارا پا سکتی ہیں۔
ہارٹ اٹیک سے محفوظ رہیے
تحقیق کے مطابق مردوں سے زیادہ خواتین دل کے عارضے میں مبتلا ہوتی ہیں۔دیکھا گیا ہے کہ یوگا دل کے عارضے سے محفوظ رہنے کا مفید ذریعہ ہے۔ہوا کو ناک کے ذریعے پھیپھڑوں میں جمع کرکے منہ سے نکالنے سے نہ صرف جسم کا دوران خون نارمل ہوتا ہے بلکہ نہار منہ صبح کے وقت گہرے سانس لینے سے خون پتلا ہو کر بلڈ پریشر سے محفوظ رکھتا ہے۔

اس عمل سے ہارٹ اٹیک کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
نرم و ملائم خوبصورت جلد
صحت مند جلد اچھی صحت کی علامت ہے۔چہرے کی خوبصورتی کا دارومدار جلد پر ہوتا ہے۔خواتین جلد کی حساسیت کے باعث مختلف جلدی امراض میں مبتلا ہو جاتی ہیں۔یوگا حیرت انگیز طور پر قوت مدافعت فعال اور مضبوط کرکے وبائی امراض سے لڑنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے اور چہرے کو رعنائی بخشتا ہے۔


ذہنی دباؤ اور ڈپریشن سے دور
آج کے اس مشینی دور میں صحت کے لئے وقت نکالنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔گھر،بچے،جاب کو وقت دیتے ہوئے خواتین ذہنی دباؤ اور تناؤ کی صورت حال سے گزر رہی ہیں۔انٹرنیشنل جرنل آف پریوینٹو میڈیسن کی ریسرچ کے مطابق یوگا ڈپریشن کو کم کرنے کا موثر ذریعہ ہے۔
مائیگرین میں مفید
موجودہ دور میں کئی جوان لڑکیاں بھی مائیگرین میں مبتلا ہو کر شدید ذہنی اذیت اور تکلیف میں مبتلا نظر آتی ہیں۔

یوگا کی کچھ مخصوص ورزشوں سے نہ صرف اس تکلیف کو کم کرنے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ دماغ کی استعداد کو بڑھانے میں بھی یہ موثر ہے۔
آرتھرائٹس میں مفید
یوگا جوڑوں کو لچک دار اور فعال بناتا ہے اور تناؤ کو کم کرکے آرام دہ نیند لانے کا مفید ذریعہ ہے۔ایک تحقیق کے مطابق روزانہ یوگا کرنے والی خواتین کے جوڑوں میں قدرے کم سوجن پائی گئی۔

مستقل ورزش سے ان کے موڈ پر بھی مثبت اثرات پڑے اور آرتھرائٹس کے درد میں واضح کمی محسوس کی گئی۔
ہارمونز کو متوازن رکھے
یوگا ہر عمر کی خواتین کے لئے مفید ورزش ہے۔خواتین کی صحت کا دارومدار ہارمونز کے صحیح طور پر کام کرنے پر ہے۔ہارمون کی تبدیلی کے دوران یوگااہم کردار ادا کرتے ہوئے انہیں متوازن اور فعال بنانے میں مفید ہوتا ہے اور بہت سی بیماریوں مثلاً تھائی رائیڈ،نظام ہضم وغیرہ کو کنٹرول کرنے میں معاون ہے۔


وزن کو متناسب رکھنے کا ذریعہ
ہار ورڈ ہیلتھ پبلشنگ کے مطابق ہفتے میں آدھے گھنٹے کی یوگا ورزش149کیلوریز جلاتی ہے۔اگر اسے روزانہ زندگی کا حصہ بنایا جائے تو یہ جسم کو متناسب رکھنے میں مفید بتائی جاتی ہے۔
شوگر کو کنٹرول کرتا ہے
گزشتہ کئی دہائیوں سے دنیا بھر میں شوگر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

عام طور پر خواتین اس بیماری میں زیادہ مبتلا دکھائی دیتی ہیں۔یوگا جسم میں انسولین کی مقدار کو متناسب رکھ کر زندگی کو نارمل بناتا ہے۔
کمر کے درد کے لئے موافق
یوگا کا حیرت انگیز فائدہ یہ بھی ہے کہ کچھ ہفتے اس ورزش کو اپنانے سے کمر درد سے نجات مل جاتی ہے۔یوگا اعصاب کو پر سکون بنا کر شخصیت پر نمایاں فرق لانے کا باعث ہے۔کئی معالج حضرات خواتین کی اندرونی بیماریوں کے لئے متوازن غذا کے ساتھ یوگا بھی تجویز کرتے ہیں۔ تو آج ہی ورزش کے ذریعے صحت مند طرز زندگی اپنائیں،لیکن اس سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کر لیجیے۔ورزش کے لئے سنی سنائی باتوں پر عمل کرنے کے بجائے کسی ایکسپرٹ سے رابطہ کیجیے۔
تاریخ اشاعت: 2020-10-07

Your Thoughts and Comments