Ziada Deer Bethey Rehne K Nuqsanat

زیادہ دیر بیٹھے رہنے کے نقصانات

Ziada Deer Bethey Rehne K Nuqsanat
رابعہ شیخ
ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال نے لوگوں کے بیٹھنے کے دورانیے میں اضافہ کر دیا ہے۔آج انسان اس بات کا اندازہ ہی نہیں کر پاتا کہ وہ دن بھر میں کتنا وقت بیٹھ کر گزارتا ہے ۔ایک اندازے کے مطابق دفتروں میں کام کرنے والے افراد (ڈیسک ورکرز)کی زیادہ تر تعداد 10گھنٹے بیٹھ کر گزرتی ہے ،جس کے سبب ان کے پاس جسمانی سرگرمیوں کے لیے وقت نہیں بچ پاتا۔

جسمانی سرگرمیوں کی کمی جہاں انسان کے متحرک رہنے پر اثر انداز ہوتی ہے ،وہیں اس کی صحت پر بھی۔تاہم بیٹھ کر وقت گزارنے کا نقصان صرف جسمانی سرگرمیوں کی کمی کی صورت ہی نہیں نکلتا بلکہ صحت کے مختلف مسائل کا سبب بھی بنتا ہے ۔ماہرین زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کو بہت زیادہ چینی اور سگریٹ کے استعمال جتنا ہی خطر ناک گردانتے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر آپ کے دن کا بھی بیشتر حصہ بیٹھ کر گزرتا ہے تو ان مسائل سے متعلق آگاہی آپ کے لیے بے حد ضروری ہے ۔


اس لیے اگر آپ ایسی ملازمت کررہے ہیں جس میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزرتا ہے ،تو آپ کے لیے ضروری ہے کہ ہر آدھے گھنٹے بعد اٹھ کر چند قدم چلیں۔آپ کی یہ سر گرمی دل کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ دیگر خطرات بھی کم کرے گی۔
دل کی صحت کیلئے نقصان دہ
سائنسدانوں کی جانب سے دوگروپس ،جن میں ایک ڈرائیورز(جو سارا وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں)کے گروپ جبکہ دوسرے کنڈیکٹرز اور سیکیورٹی گارڈز کے گروپ پر کیے گئے سروے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو افراد دن کا زائد وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں ،ان میں مختلف لائف اسٹائل اور ڈائٹ روٹین کے باوجود دوسرے گروپ کی نسبت دل کے امراض کی شرح زیاد ہ پائی جاتی ہے ۔

محققین کا کہنا ہے کہ بیٹھ کر وقت گزارنا بے چینی اور چربی کو ہضم کرنے کے عمل پر مضر اثرات مرتب کرتا ہے،جس سے امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتاہے۔
کمر اور ہڈیوں میں درد کا سبب
بیٹھنے کا انداز آپ کے مسلز،گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ کا سبب بنتا ہے ،جو آپ کی صحت کے لیے بے حد خطر ناک ہے ۔کام کے لیے ایسی کرسی کا انتخاب کریں ،جس کی اونچائی اور ساخت آپ کے لیے زیادہ سے زیادہ آرام دہ ہو ۔

تاہم اس کے باوجود بھی چلنے پھرنے اور جسم کو حرکت دینے کا خاص خیال رکھیں۔برٹش جرنل آف سپورٹس میڈیشن میں شائع ایک تحقیق کے مطابق 9سے10گھنٹے یا اس سے زائد وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد میں کمر درد کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے ۔محققین نے مشورہ دیا ہے کہ دن بھر میں کم از کم2 گھنٹے کھڑے ہو کر گزارنا کمر درد کی تکلیف سے بچا سکتا ہے۔
وزن میں اضافہ
زیادہ وقت ٹی و ی دیکھنا،کمپیوٹر پر وقت گزارنا بھی آپ کے وزن میں اضافہ کا سبب بن جاتا ہے۔

پھر چاہے آپ کتنی ہی ورزش کیوں نہ کرلیں،زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے سے آپ کو وزن گھٹانے میں مشکل ہو گی۔اگر آپ ورزش کرتے ہیں تو یہ ایک بہترین سرگرمی ہے لیکن اس سرگرمی کے فوائد کو زیادہ وقت بیٹھ کر نقصان نہ بننے دیں۔ورزش کے علاوہ دن کے دوسرے اوقات میں جسم کو حرکت دیتے رہنا بھی خون میں موجود گلوکوز کو استعمال کرکے انسان کو صحت مند رکھتا ہے۔


موت کا خطرہ بڑھ جانا
جی ہاں!زیادہ دیر بیٹھنے سے موت کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے ۔امریکا کی معروف یونیورسٹی نے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کے نقصانات پر کی گئی تحقیق میں 40سال سے زائد عمر کے لگ بھگ8000افراد کا جائزہ لیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ گھنٹوں ایک جگہ بیٹھے رہتے ہیں اور ہلتے تک نہیں،ان میں موت کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہوتا ہے۔

محققین اس نتیجے پر پہنچے کہ دن بھر میں 9سے10گھنٹے بیٹھ کر گزارنے سے خون کی شریانوں سے متعلق مسائل پیدا ہوتے ہیں،جو موت کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
شوگر لیول کا بڑھ جانا
دن کا زائد حصہ بیٹھ کر گزارنے کے نتیجے میں کیلوریز کی کم تعداد زائل ہو تی ہے جس کے سبب ماہرین زیادہ دیر بیٹھ کر وقت گزارنے کی عادت کو جسم میں موجود ایک اہم ہارمون انسولین سے منسلک کرتے ہیں۔

انسولین ایک ایسا ہارمون ہے،جو آپ کے خلیات کو توانائی کے لیے گلوکوز فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے اور جب انسانی جسم انسولین نہیں بناپاتا تو اس مرض کو ذیابیطس کہا جاتا ہے۔طبی ماہرین کی رائے ہے کہ ہر وہ گھنٹہ جو بیٹھ کر گزارا جائے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ 22فیصد تک بڑھا دیتاہے۔
انزائٹی اور ڈپریشن
زیادہ دیر بیٹھنا انسان کی ذہنی صحت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے ۔

اس کی وجہ سے ڈپریشن یا انزائٹی بھی ہو سکتی ہے کیونکہ زیادہ دیر بیٹھ کر وقت گزارنے والے افراد صحتمند اور مزاج کو تبدیل کرنے والی ایکسر سائز سے دور ہو جاتے ہیں ۔یہی نہیں ،ایسے افراد سورج کی روشنی سے دور اور سماجی تعلقات میں کشیدگی کا سامنا بھی کرتے ہیں ۔یہ سب مسائل انسان کے لیے تنہائی اور ڈپریشن جیسے مرض کا سبب بن سکتے ہیں۔
کینسر کی وجہ
زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے سے کینسر کی ان اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے،جن کا تعلق آپ کے وزن یا میٹا بولک فنکشن سے ہے۔

ان میں چھاتی کا کینسر،بڑی آنت کا کینسر اور رحم کی اندرونی جھلی کا کینسر شامل ہے۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ دیر بیٹھے رہنے سے بڑی عمر کی خواتین میں چھاتی کے کینسر کے امکانات کا خطرہ ان خواتین کی نسبت دگنا پایا جاتا ہے،جو زیادہ دیر نہیں بیٹھتیں۔
ڈیمینشیا کے امکانات میں اضافہ
ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر 3سیکنڈ میں ڈیمینشیاکے ایک مریض کا اضافہ ہورہا ہے۔

اس تعداد میں اضافہ کی ایک وجہ زیادہ دیر بیٹھنا بھی ہے۔ماہرین کے مطابق زیادہ دیر بیٹھنا انسان میں دماغی بیماری ڈیمینشیا کے خطرات میں اضافہ کر دیتا ہے۔زیادہ دیر بیٹھنا انسان میں امراض قلب،ذیا بیطس ،اسٹروکس اور کولیسٹرول میں اضافے کا خدشہ بڑھا دیتے ہیں۔یہ تمام تر کیفیات اس بیماری کے امکانات بڑھانے سے منسلک کی جاتی ہیں۔
تاریخ اشاعت: 2019-08-08

Your Thoughts and Comments