Aankhon Ki 5 Alamat Sangeen Amraz Ka Ishara - Article No. 2211

Aankhon Ki 5 Alamat Sangeen Amraz Ka Ishara

آنکھوں کی 5 علامات سنگین امراض کا اشارہ - تحریر نمبر 2211

آنکھوں کے گرد حلقے ہو یا پیلاہٹ در حقیقت یہ سب کئی امراض کی علامات ہو سکتے ہیں

جمعرات 29 جولائی 2021

دانیہ بٹ
آنکھوں کے گرد حلقے ہو یا پیلاہٹ در حقیقت یہ سب کئی امراض کی علامات ہو سکتے ہیں۔آنکھوں کے بارے میں چند ایسے راز جو دیکھنے میں بظاہر تو بے ضرر لگتے ہیں مگر وہ اندر چھپی بہت سی بیماریوں کو افشاء کر رہے ہیں۔
گہرے حلقے:
آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے اکثر افراد کے پڑ جاتے ہیں جس کی عام وجہ نیند کی کمی سمجھی جاتی ہے۔
یعنی رات گئے تک جاگنا اور صبح جلدی جاگ جانا آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا سبب بنتا ہے۔لیکن اگر مناسب نیند لینے کے باوجود آپ کی آنکھوں کے گرد سیاہ رنگ کا بالا موجود ہے تو طبی ماہرین کے مطابق یہ تھائی رائیڈ یا خون کی کمی کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ایسے حالات میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہے۔
آنکھوں میں پیلاہٹ:
اگر آپ کی آنکھوں کا سفید حصہ زرد یا پیلاہٹ زدہ نظر آنے لگے تو یہ جان لیوا مرض جگر کی خرابی کی علامت ہو سکتی ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کے مطابق آنکھوں کا یہ رنگ ہیپاٹائٹس جگر کے صحیح سے کام نہ کرنے کے باعث ہو سکتا ہے۔ایسی صورت میں ڈاکٹر سے فوری رابطہ کرنا چاہئے تاکہ مرض کے بگڑنے سے پہلے علاج کروا لیا جائے۔
آنکھوں میں سرخی:
اگر آپ کی آنکھیں بہت سرخ رہتی ہیں یا ان میں بہت زیادہ سرخ لکیریں سی بن گئی ہو تو پہلی فرصت میں ڈاکٹر کے پاس پہنچ جائیں کیونکہ یہ سنگین امراض جیسے آشوب چشم‘پپوٹوں کی سوزش‘آنکھوں کے پردے کے ورم اور کسی قسم کے موتیا کی طرف بھی اشارہ ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ آنکھوں میں سرخی بہت زیادہ کمپیوٹر‘ٹی وی وغیرہ پر نظر لگانے کے باعث بھی ہو سکتی ہیں۔یہ بینائی کی کمزوری کی علامت بھی ہو سکتی ہے لہٰذا ڈاکٹر سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔
خشک آنکھیں:
اکثر افراد کو ایسی تکلیف کا سامنا ہوتا ہے۔جس میں ان کو لگتا ہے کہ آنکھیں بالکل خشک ہو گئیں ہیں۔ایسی صورتحال کا سامنا اس وقت ہوتا ہے جب جسم میں وٹامن اے کی کمی واقعہ ہوتی ہے۔
اس کمی سے جسم میں ایسے گلینڈز کا خاتمہ ہو جاتا ہے جو لعاب دہن اور آنسو بناتے ہیں۔ یہ مرض عموماً بڑھتی عمر میں درپیش ہوتا ہے۔اس کی ایک وجہ غذا میں صحت بخش چربی کی کمی بھی ہے۔علامات آنکھوں میں کنکر محسوس ہونا یا چبھن ہے۔ایسی علامات کے ظاہر ہونے کے فوراً بعد ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔
سوجی ہوئی آنکھیں:
آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کی طرح سوجن زدہ آنکھیں بھی چہرے کی خوبصورتی کو ماند کر دیتی ہے۔
اس سوجن کو دور کرنے کے لئے عموماً برف کی ٹکور یا کھیرے کے قتلے رکھے جاتے ہیں تاہم اگر ان ٹوٹکوں سے بھی سوجن ختم نہ ہو تو ماہرین کے مطابق یہ گردوں کی خرابی کا اشارہ ہوتا ہے۔اگر آپ کی آنکھیں ہر وقت سوجن زدہ رہتی ہیں تو کسی ماہر امراض سے رجوع کریں۔
انسانی جسم ایک مشین کی مانند ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ خرابی پیش آسکتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ اپنی صحت کا خیال رکھا جائے اور کسی بھی غیر معمولی علامت کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

Browse More Eyes