Mukhtalif Tail K Tibbi Fawaid - Article No. 1635

Mukhtalif Tail K Tibbi Fawaid

مختلف تیل کے طبی فوائد - تحریر نمبر 1635

قدرت کی عطا کردہ ہر نعمت کسی نہ کسی طور انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے ۔یہ نعمتیں مختلف صورتوں مثلاً پھلوں،سبزیوں ،جڑی بوٹیوں یا پھر تیل کی شکل میں ہمیں دستیاب ہیں

بدھ 31 جولائی 2019

رابعہ شیخ
قدرت کی عطا کردہ ہر نعمت کسی نہ کسی طور انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے ۔یہ نعمتیں مختلف صورتوں مثلاً پھلوں،سبزیوں ،جڑی بوٹیوں یا پھر تیل کی شکل میں ہمیں دستیاب ہیں،جو ایک طرف بیماریوں سے نجات کا ذریعہ ثابت ہوتی ہیں تو دوسری جانب صحت مند اور لمبی زندگی کی ضمانت بنتی ہیں۔دنیا بھر میں مختلف اشیاء سے تیار کردہ تیل کا استعمال بیماریوں سے محفوظ رہنے اور صحت مند زندگی کے حصول کے لیے کیا جاتا ہے ۔
یہ تیل مختلف سبزیوں ،میووں اور پھلوں سے نکالا جاتا ہے،جو مارکیٹ میں مہنگے اور سستے داموں مل جاتا ہے ۔آج کے مضمون میں ہم کچھ ایسے ہی فائدہ مند اور موٴثر تیلوں کا ذکر کرنے جارہے ہیں کہ یہ کس طرح اور کیوں مفید ہیں۔
ارنڈی کا تیل
ارنڈی کا تیل یاکیسٹرآئل کثیر المقاصد ویجیٹیبل آئل ہے ،جس کا استعمال دنیا کے تقریباً ہر ملک میں سالہا سال سے کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ تیل ارنڈی کے بیجوں (Ricinus communis plants)سے نکالا جاتا ہے ۔اس تیل کی خاصیت یہ ہے کہ اینٹی بیکٹیریل اور دافع سوزش خصوصیات کی بناء پر یہ دنیا بھر میں مشہور ہے۔مختلف صنعتی اور فارما سیوٹیکل کمپنیوں اپنی مصنوعات کی تیاری کے لیے ارنڈی کا تیل استعمال کرتی ہیں ،جس کا سب سے اہم فائدہ مدافعتی نظام کو مضبوط کرنا ہے۔یہ تیل انسانی جسم میں Lymphatic Functionکو متحرک کرتا ہے ۔
دوسری جانب ارنڈی کا تیل بہترین قبض کشا تاثیر کا حامل ہے ۔آنکھوں کی تمام تر تکا لیف دور کرنے کے لیے بھی ماہرین اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔اس تیل میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں،جس کے باعث یہ بالوں کی نشوونما اور جلدی مسائل مثلاً سورج کی تمازت سے جھلسی ہوئی جلد ،ایکنی ،خشک جلد اور مختلف نشانات کے خاتمے کے لیے ایک بہترین تیل سمجھا جاتاہے۔

ناریل کا تیل
دنیا بھر میں ناریل کے تیل کی درجہ بندی ”سپر فوڈ“کے طور پر کی جاتی ہے ۔ناریل میں قدرتی طور پر اینٹی بیکٹیریا ،اینٹی ٹاکسائیڈ اور اینٹی فنگل اجزاء شامل ہوتے ہیں اور یہ مختلف وٹامنز اور منرلز سے بھر پور ہوتا ہے۔یوں کہہ لیں کہ ناریل کا تیل فیٹی ایسڈ کا ایک ایسا مجموعہ ہے ،جو صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے ۔
ان میں وزن میں کمی،دماغی صلاحیت میں بہتری،گردوں کی اچھی صحت اور مدافعتی نظام سمیت دیگر متاثر کن فوائد شامل ہیں جبکہ تیل میں شامل سیچور یٹڈ فیٹس فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ کرتے ہیں،جو قلبی امراض سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ناریل کا تیل خوبصورتی بڑھانے کا ذریعہ بھی تسلیم کیا جاتا ہے ۔نرم وملائم جلد کا حصول ،بالوں کی نشوونما یا پھر جگمگاتے دانتوں کی خواہش پوری کرنے کیلئے ناریل کا تیل بہترین انتخاب ثابت ہوتاہے۔

بادام کا تیل
بادام کو فوائد سے بھر پور میوہ مانا جاتا ہے کیونکہ یہ وٹامن ،پروٹین،پوٹاشیم ،میگنیشیم اور فاسفورس جیسے منرلز پر مشتمل ہوتا ہے ۔ماہرین کے مطابق جسم کے اندرونی اور بیرونی مسائل کے حل کے لیے بادام یا بادام کے تیل کا استعمال مفید ہوتا ہے ۔اگر چہ یہ تیل خاصاً مہنگا ہوتا ہے لیکن اپنے اندر ایسے پوشیدہ خزانے محفوظ کیے ہوئے ہے جو نہ صرف خوبصورتی بڑھانے کا ذریعہ ہوتے ہیں بلکہ بہت سی بیماریوں کا حل بھی ثابت ہوتے ہیں۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ بادام کا تیل مختلف بیماریوں مثلاً کان کے درد،ایگزیما،سورائیسس اور قبض کو ٹھیک کرتا جبکہ جسم کو تندرست وتوانا اور آنتوں کی صحت بہتر بناتا ہے ۔روغن بادام،ناریل کے تیل کی طرح خوبصورتی بڑھانے کا ذریعہ بھی ثابت ہوتا ہے۔وٹامن ڈی کی کثرت کے سبب خواتین روغن بادام کو اینٹی ایجنگ بیوٹی پراڈکٹ کے طور پر استعمال کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب چہرے کی خشکی دور کرنے ،آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں اور چہرے کی جھریوں سے نجات کیلئے بادام کا تیل بے حد مفید ہے۔
زیتون کا تیل
صحت وتندرستی کیلئے زیتون کا تیل ایک ایسا انتخاب ہے ،جس کی نظیر نہیں ملتی۔زیتون کا تیل نہ صرف کھانوں میں بلکہ بطور بیوٹی پراڈکٹ بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔صحت کے حوالے سے بات کی جائے تو زیتون کا تیل مفید مونو ان سیچور یٹڈ فیٹس ،کثیر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی انفلیمینٹری خصوصیات پر مشتمل ہوتا ہے ۔
یہی وجہ ہے کہ کھانا پکانے کے دوران اس کا استعمال زیادہ سے زیادہ کیا جانے لگا ہے۔اس کا استعمال ہارٹ اٹیک،اسٹروک اور الزائمر سے تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ جلد کی خوبصورتی کیلئے بہترین موئسچرائزر اور بالوں کی نشوونما کیلئے بہترین ٹانک ہے۔

Browse More Face And Skin