Aaj Bengan Pakaiye - Article No. 1769

Aaj Bengan Pakaiye

آج بینگن پکائیے - تحریر نمبر 1769

بینگن مفید سبزی ہے۔یہ ہر موسم میں دستیاب ہوتی ہے۔اسے مختلف طریقوں سے پکایا جاتاہے۔

منگل 31 دسمبر 2019

بینگن مفید سبزی ہے۔یہ ہر موسم میں دستیاب ہوتی ہے۔اسے مختلف طریقوں سے پکایا جاتاہے۔یہ ایک پودے کا پھل ہے۔اس کی چار اقسام ہوتی ہیں۔اس کی ایک قسم اودے رنگ کی ہوتی ہے،جو عام پائی جاتی ہے۔دوسری قسم سفید،تیسری سیاہ اور چوتھی سبز ہوتی ہے۔سفید بینگن میں سیاہ کی نسبت دوائی تاثیرات کم ہوتی ہیں۔
بینگن مختلف طریقوں سے پکایاجاتاہے۔
بینگن کی قاشیں بنا کر مصالحے کے ساتھ پکا کر لذیذ ڈش تیار کی جاتی ہے۔اسے گوشت کے ساتھ بھی پکایا جاتاہے۔بھگارے بینگن تو بہت لذیذ اور مشہور حیدر آبادی ڈش ہے۔بینگن کا بھرتا بہت لذیذ اور خوش ذائقہ ہوتاہے۔بھرتے میں نمک مرچ حسب ذائقہ اور گھی میں سرخ کی ہوئی پیاز شامل کی جاتی ہے۔بھرتا پکانے کے دوران اس میں تھوڑا سا دہی شامل کردیا جاتاہے،جس سے ذائقہ بڑھ جاتاہے۔

(جاری ہے)

بینگن میں فاسفورس،فولاد اور حیاتین الف ،ب اور ج(وٹامنز اے ،بی اور سی)پائی جاتی ہیں۔طبی اعتبار سے اس سبزی کا مزاج گرم وخشک ہے،البتہ اس کی گرمی اور خشکی اس میں سرکہ،انار دانہ یا ادرک شامل کرکے پکانے سے دور ہو جاتی ہے۔سفید بینگن بواسیر کے خاتمے کے لیے خاص طور پر مفید ہے۔بینگن کے خشک چھلکوں کی دھونی لینے سے چند روز میں بواسیر کی شکایت ختم ہوجاتی ہے۔
اس کے علاوہ بینگن جلا کر اس کی راکھ شہد میں حل کرکے بواسیر کے مسوں پر لگانے سے بھی تکلیف دور ہوجاتی ہے۔بینگن لذیذ اور صحت بخش سبزی ہے۔پوری توجہ سے پکانے سے یہ سبزی بہت مزے دار بنتی ہے۔
کچے بینگن اور پختہ بینگن کے اثرات ایک دوسرے سے قطعی متضاد ہوتے ہیں۔کچا بینگن پیٹ سے گیس خارج کرتاہے۔اسے کھانے سے قبض کی شکایت ختم ہو جاتی ہے اور بلغم کی پیدائش رک جاتی ہے،جب کہ پختہ بینگن گیس پیدا کرتاہے۔
اسے کھانے سے قبض کی شکایت لاحق ہو جاتی ہے اور صفرا زیادہ پیدا ہونے لگتاہے۔ان مضر اثرات کو مختلف مصالحے شامل کرکے دور کیا جا سکتاہے۔
بینگن کا بھرتا نظام ہضم کے لیے بے حد مفید ہے۔اسے کھانے سے بھوک میں اضافہ ہوتاہے۔اُبکائی اور کھانسی کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔جگر کے امراض میں بینگن خصوصیت سے نہایت مفید اور موٴثر ہے۔
بعض افراد کے ہاتھوں اور پیروں سے پسینہ بہت زیادہ مقدار میں خارج ہوتاہے۔
اس کے لیے بینگن کی قاشیں کاٹ کر پانی میں جوش دے کر اس جو شاندے سے ہتھیلیوں اور پیروں کے تلووں کو دھونے سے چند روز میں یہ شکایت ختم ہو جاتی ہے۔بینگن کھانے سے منہ کی بو بھی ختم ہوجاتی ہے۔عضلات کی کمزوری میں بینگن کا تیل استعمال کرانے سے پٹھے مضبوط ہو جاتے ہیں۔
بینگن کا اچار بہت مزے دار ہوتاہے۔یہ معدے اور جگر کو تقویت دیتاہے۔اس کے بیج محرک ہوتے ہیں،لہٰذا بدہضمی اور قبض پیدا کرتے ہیں،جب کہ پتے نیند آور ہوتے ہیں۔بینگن کابادی پن دور کرنے کے لیے اس میں ادرک اور زیرہ ضرور شامل کرنا چاہیے،تاکہ اس کے مضر اثرات ختم ہو جائیں۔ایک تحقیق کے مطابق جولوگ بینگن کھاتے ہیں،ان کو ٹائیفائڈ نہیں ہوتا۔

Browse More Ghiza Aur Sehat