Achi Sehat Ke Liye Salad Zaroori Hai - Article No. 2565

Achi Sehat Ke Liye Salad Zaroori Hai

اچھی صحت کے لئے سلاد ضروری ہے - تحریر نمبر 2565

کچی سبزیوں میں چونکہ حیاتین اور معدنی نمکوں کی مقدار مناسب ہوتی ہے،اس لئے اس سے زیادہ فائدہ حاصل ہوتا ہے

بدھ 26 اکتوبر 2022

جہاں تک کچی اور پکی سبزیاں کھانے کا تعلق ہے،پاکستان میں صدیوں سے کھائی جاتی ہیں۔آج سے پچاس برس پہلے لوگ گاجر اور مولی کچی کھاتے تھے۔سویا،دھنیا اور پودینہ سالن پکنے کے بعد اوپر سے ڈال دیے جاتے ہیں۔بعض لوگ پیاز کو کچل کر اس سے روٹی کھا لیتے ہیں۔بعض خربوزوں کے موسم میں خربوزے سے اور آم کے موسم میں آم سے روٹی کھا لیتے ہیں۔کھٹے لیموں کا رواج بھی بہت پرانا ہے۔
اس کا ایک عام استعمال یہ رہا ہے کہ بعض لوگ سالن میں لیموں کے چند قطرے ڈال کر کھا لیتے تھے۔لیکن سلاد کا تصور نیا ہے۔جنگ عالمگیر دوم کے بعد حیاتین (وٹامنز) اور معدنی نمکوں پر تحقیق کے علاوہ دنیا کی تقریباً تمام غذاؤں کا کیمیائی تجزیہ ہوا ہے۔اس سے علمِ غذا میں انقلاب آیا ہے۔
علمِ غذا میں سب سے اہم چیز متوازن غذا کا تصور ہے۔

(جاری ہے)

مغرب میں زیادہ تر لوگ ناشتے سے لے کر رات کے کھانے تک ہوٹلوں میں کھاتے ہیں۔

صرف دیہات اور بڑے گھرانوں میں کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔چنانچہ جب غذائی معلومات عام ہوئیں تو اپنی مقبولیت کے اضافے کے لئے ہوٹلوں نے طرح طرح کے سلاد پیش کرنے شروع کر دیے۔ان کی دیکھا دیکھی گھروں میں بھی سلاد کھانا شروع ہو گیا۔
پاکستان میں تعلیم کے باوجود سلاد ہمارے غذائی کلچر کا حصہ نہیں بنا۔صحیح تو یہ ہے کہ غذا اور غذائیت کی معلومات سب لوگوں کو حاصل نہیں۔
شہروں میں قلب کی بیماریوں کی وجہ سے گھی،چربی اور سیر شدہ بناسپتی گھی کا کھانا تو کم ہوا ہے اور سویا،سورج مکھی اور کینولا کے تیل بننے لگے ہیں،لیکن عام لوگوں کو حیاتین اور معدنی نمکوں کے ایک تو فوائد معلوم نہیں،دوسرے یہ معلوم نہیں کہ یہ کن کن غذاؤں میں پائے جاتے ہیں۔ابھی تک مٹھائیاں بہت زیادہ بنتی ہیں۔شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے کھانوں میں چربی اور سیر شدہ گھی ڈالا جاتا ہے،کیونکہ دیگیں پکانے والے باورچی یہ کہتے ہیں کہ کھانے میں لذت چربی،خالص گھی اور بناسپتی گھی سے پیدا ہوتی ہے۔

متوازن کھانا عام طور پر لحمیات (پروٹینز) نشاستے (کاربوہائیڈریٹ) چکنائی،حیاتین اور معدنی نمکوں پر مشتمل ہوتا ہے۔لحمیات دودھ،دہی اور گوشت سے پوری کی جاتی ہیں۔آٹے اور دالوں میں بھی کچھ لحمیات ہوتی ہیں۔نشاستہ گندم کے آٹے،چاول اور آلو وغیرہ سے پورا کیا جاتا ہے۔چکنائی کے لئے اب تھوڑی سی مقدار دودھ،دہی سے اور زیادہ مقدار تیل سے پوری کی جاتی ہے۔
حیاتین اور معدنی نمکوں کا ماخذ پھل اور سبزیاں ہیں۔حیاتین ج (وٹامن سی) ایک انتہائی ضروری حیاتین ہے،جو کھانا پکانے سے ضائع ہو جاتی ہے۔دوسری حیاتین بھی پکنے کے عمل سے کم ہو جاتی ہیں،اس لئے سلاد کی اہمیت بڑھی کہ اس میں زیادہ تر سبزیاں کچی کھائی جاتی ہیں۔
سلاد کے فوائد
کچی سبزیوں میں چونکہ حیاتین اور معدنی نمکوں کی مقدار مناسب ہوتی ہے،اس لئے اس سے زیادہ فائدہ حاصل ہوتا ہے۔

سبزیوں سے وزن نہیں بڑھتا۔
دسترخوان پر سلاد کی ڈش کھانے کے مزے میں اضافہ کرتی ہے۔
پکی ہوئی غذا میں غذائیت کی جو کمی رہ جاتی ہے،وہ سلاد سے پوری ہو جاتی ہے اور توازن قائم ہو جاتا ہے۔
کچی سبزیوں سے ریشہ (فائبر) حاصل ہوتا ہے۔
سلاد کے لئے سبزیوں کی چار اقسام
متوازن غذا کی سب سے ضروری بات یہ ہے کہ اس میں سبز پتوں والی سبزیاں ضرور شامل ہونی چاہییں اور روزانہ شامل ہونی چاہییں۔
سبز پتوں والی سبزیوں میں حیاتین ب مرکب کی تقریباً سب نہیں تو زیادہ تر حیاتین شامل ہوتی ہیں۔اس قسم میں مندرجہ ذیل سبزیاں شامل ہوتی ہیں:
پہلی قسم میں پالک،سرسوں کی نرم کونپلیں،شلجم اور چقندر کے نرم پتے،سلاد کے پتے اور بند گوبھی شامل ہیں۔
دوسری قسم مسالے دار ہری سبزیوں کی ہے۔اس گروپ میں ہری سونف (جب دستیاب ہو)،سویا،دھنیا،پودینہ،سبز مرچیں،شملہ مرچیں،پیاز اور لہسن شامل ہیں (ہرا لہسن نہ ہو تو چند جوے لہسن کی پوتھی سے نکال کر ضرور رکھے جائیں)۔

تیسری قسم لیموں پر مشتمل ہے۔اگر یہ نہ ہو تو چکوترا (گریپ فروٹ) بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
چوتھی قسم عام سبزیوں پر مشتمل ہے مثلاً پھول گوبھی،چقندر،شلجم،آلو اور اروی کو اُبال کر کھائیے۔ٹماٹر،کھیرا،ککڑی،گاجر اور مٹر دھو کر کاٹ کر کھائے جا سکتے ہیں۔
بعض سبزیوں کے اہم فوائد
آلو: جس طرح انڈا غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے،اس طرح آلو بھی غذائیت سے بھرپور سبزی ہے۔
اسے ”غریب کا انڈا“ بھی کہا جاتا ہے۔
بند گوبھی (کرم کلا): حیاتین اور نمکیات کے علاوہ اس کا رس معدے کے زخم (السر) کو مندمل کرنے میں مفید ہے۔
پالک: اس میں حیاتین الف (وٹامن اے) خاصی مقدار میں ہوتی ہے۔
پودینہ: پیٹ کی تکلیفوں کے لئے مفید ہے۔ریاح کو توڑتا ہے۔
پیاز: خون کی رگوں کو کھولتی ہے۔جراثیم کو مارتی ہے۔
ٹماٹر: جو حیثیت پھلوں میں سیب کو حاصل ہے،وہ ٹماٹر کو سبزیوں میں حاصل ہے۔
اس میں حیاتین ج بھی ہوتی ہے۔ٹماٹر خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔
چقندر: جدید تحقیق کے مطابق تقریباً 2 پونڈ کچا چقندر روزانہ کھانے سے سرطان کا خطرہ دور ہو جاتا ہے۔
دھنیا: سلاد کو خوشبو دار بناتا ہے۔معدے کو طاقت دیتا ہے اور تبخیر کو روکتا ہے۔
سونف: بینائی کے لئے مفید ہے۔
سویا: ریاح دور کرنے کی عمدہ دوا ہے۔
کھیرا: پیشاب کی جلن ختم کرنے اور ہائی بلڈ پریشر کو معمول پر لانے کے لئے مفید ہے۔
گاجر: بیٹاکیروٹین کا بڑا ماخذ ہے۔گاجر سرطان کو روکتی ہے اور بینائی کے لئے فائدہ مند ہے۔
لہسن: بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے۔
سبز مرچیں: اس میں حیاتین ج پائی جاتی ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat