Annar K Tibi Faidy - Article No. 1198

Annar K Tibi Faidy

انار کے طبّی فائدے - تحریر نمبر 1198

انار کھانے یا اسے جسم کے بیرونی حصوں پر لگانے سے ہمیں بہت سے فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ اس کا رس صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔

جمعہ 15 دسمبر 2017

بی۔خان:
انار قدیم اور مفید پھلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انار کھانے یا اسے جسم کے بیرونی حصوں پر لگانے سے ہمیں بہت سے فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ اس کا رس صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔ اس میں بہت سے حیاتین (وٹامنز)ہوتی ہیں۔ اس کے دانے چبا کر پھینکنا اور اس کے چھلکوں کو ضائع کردینا مناسب نہیں ہے۔ اس کے بیجوں کو سکھا کر پیس لیجیے۔
آپ ان سے بہت سے فائدے حاصل کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر بیجوں کے سفوف میں پانی ملا کر کلیاں کیجیے۔ یہ پانی جراثیم کش ہوتا ہے، اس لیے ایک اچھے ماؤتھ واش کا کام کرتا ہے آپ کے حلق میں ورم ہوتو اسی پانی سے غرارے کیجیے۔ حلق صاف ہوجائے گا۔ انار کے چھلکوں کو خشک کرکے ان کا سفوف بنالیجئے۔ پھر اخروٹ کے چھلکوں کو پیس کر اس کا سفوف انار کے چھلکوں کے سفوف ملا لیجیے۔

(جاری ہے)

اب بہترین قسم کا منجن تیار ہوگا۔ اسے دانتوں پر لگائیں۔ آپ کے دانت مضبوط رہیں گے۔ یہ سفوف دانتوں پر جمے ہوئے میل کی تہ کو بھی صاف کردیتا ہے اور سانسوں کو مہکاتا ہے۔ اگر آپ اپنے گرتے بالوں کی وجہ سے فکر مند ہوں تو اسی سفوف میں تھوڑا سا پانی دہی، ایک انڈا یا زیتون کا تیل ملا لیجیے۔ جب لگدی تیا ر ہوجائے تو اسے دس سے پندرہ منٹ کے لیے بالوں پر لگالیجئے۔
اس کے بعد بالوں کو دھو ڈالیے ، اس سے بال گرنا بند ہوجائیں گے۔ اسی لگدی میں اگر مہندی شامل کرلی جائے تو بال نرم وملائم بھی ہوجائیں گے۔ اگر آپ کے بال بھورے یا سفید ہوں تو اس سفوف کو استعمال نہ کریں۔ انار کے چھلکوں کے سفوف میں جئی کا آٹا ، انڈے کی سفیدی اور تھوڑا سا شہد ملالیں۔ پھر اسے چہرے پر لگائیں۔ پندرہ منٹ کے بعد چہرہ دھوڈالیں۔ چہرہ تروتازہ اور جلد صاف شفاف ہوجائے گی۔ اگر چہرے پر مہاسے ہیں تو وہ بھی ختم ہوجائیں گے۔ اگر آپ مذکورہ عمل نہ کرسکیں تو انار کھائیں یا اس کے دانوں کا رس نکال کر پییں۔ اس سے آپ کی یاداشت کو تقویت حاصل ہوگی اور آپ کی مجموعی صحت بھی اچھی رہے گی۔

Browse More Ghiza Aur Sehat