Besan Ke Hairat Angeez Faide - Article No. 2519

Besan Ke Hairat Angeez Faide

بیسن کے حیرت انگیز فائدے - تحریر نمبر 2519

بیسن سفید آٹے کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہے

ہفتہ 20 اگست 2022

بیسن سے تقریباً ہر گھر میں مختلف پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔یہ دراصل چنوں کا آٹا ہوتا ہے۔اس سے بنے ہوئے پکوڑے سب لوگ بہت ذوق و شوق سے کھاتے ہیں۔اسی طرح بیسن کی روٹی اور چٹنی بڑی رغبت سے کھائی جاتی ہے۔بیسن سے کڑھی بھی بنائی جاتی ہے،جو بہت لذیذ اور ذائقے دار ہوتی ہے۔بعض گھروں میں کڑھی کو چاولوں کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔
بیسن میں بہت سے صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں،مثلاً حرارے(کیلوریز)،لحمیات(پروٹینز)،چکنائی،نشاستہ(کاربوہائیڈریٹ)،ریشہ (فائبر)،تھایامن (Thiamin)،فولیٹ،فولاد،فاسفورس،میگنیزیئم،تانبا (کاپر) اور مینگنیز وغیرہ۔
ان مفید صحت اجزاء کے علاوہ بیسن میں مانع تکسید اجزاء (Antioxidants) بھی ہوتے ہیں۔یہ اجزاء آزاد اصلیوں (فری ریڈیکلز) سے مقابلہ کرتے ہیں،جو کئی امراض کا سبب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)


بیسن سفید آٹے کا بہترین متبادل ہے،خاص طور پر اس وقت جب آپ وزن میں کمی کرنے کے لئے حراروں کی مقدار گھٹانا چاہتے ہوں۔سفید آٹے کی 92 گرام کی مقدار کے مقابلے میں بیسن کی اتنی ہی مقدار میں 25 فیصد حرارے کم ہوتے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق کم کھانے کے مقابلے میں کم حراروں والی غذائیں کھانے سے وزن میں تیزی سے کمی واقع ہوتی ہے۔بیسن اور دالیں کھانے سے اشتہا کم ہو جاتی ہے۔بیسن سے بنے ہوئے پکوان کھانے سے بھوک اس لئے زیادہ نہیں لگتی کہ بیسن بھوک بڑھانے والے گھریلن (Ghrelin) نامی ہارمون کے فعل کی تیزی کو کم کر دیتا ہے،لہٰذا بھوک کی شدت میں کمی آجاتی ہے۔
بیسن میں نشاستے کی مقدار سفید آٹے کی نسبت 50 فیصد کم ہوتی ہے،جس کی وجہ سے خون میں موجود شکر پر مثبت اثرات پڑتے ہیں۔
گلیسمک انڈیکس (GI) ایک پیمانہ ہے،جو یہ بتاتا ہے کہ کون سی غذائیں بہت تیزی سے خون میں شکر کی مقدار میں اضافہ کرتی ہیں۔اگر کسی غذا کا جی آئی اسکور 100 ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ خون میں شکر کی مقدار بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔سفید آٹے کا جی آئی اسکور 70 ہے،جب کہ بیسن سے بنی ہوئی غذاؤں کا اسکور 28 سے 35 ہے۔چنوں کا غذائی اسکور صرف 6 ہے۔ان کے کھانے سے سفید آٹے کے مقابلے میں خون میں شکر کی سطح میں بتدریج اضافہ ہوتا ہے۔

بیسن میں ریشے کی مقدار زیادہ ہوتی ہے،یعنی 92 گرام بیسن میں ریشے کی مقدار 10 گرام تک ہوتی ہے۔ریشہ صحت کے لئے ضروری و مفید اور بہت اہم غذائی جزو ہے،خاص طور پر اس سے خون میں چکنائی کی سطح مناسب ہو جاتی ہے۔بیسن میں آٹے کی دیگر اقسام کے مقابلے میں لحمیات کی مقدار سب سے زیادہ ہوتی ہے۔92 گرام بیسن میں 20 گرام لحمیات ہوتی ہیں،جب کہ سفید آٹے میں یہ مقدار 13 گرام ہوتی ہے۔
ہمارے جسم کے عضلات بنانے اور بیماری کے بعد صحت یابی بخشنے میں لحمیات کی بہت ضرورت ہوتی ہے،جب کہ وزن کی کمی میں بھی یہ اہم کردار ادا کرتی ہیں۔لحمیات سے بھرپور غذائیں پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتی ہیں،اس طرح کھانا کم کھایا جاتا ہے اور وزن قابو میں رہتا ہے۔بیسن سفید آٹے کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہے،کیونکہ اس سے جسم کو حیاتین،معدنیات (منرلز)،ریشہ اور لحمیات زیادہ مل جاتی ہیں،جب کہ حراروں کی مقدار کم ہوتی ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat