Bhunay Hue Chanon Ke Kamalat - Article No. 2306

Bhunay Hue Chanon Ke Kamalat

بھُنے ہوئے چنوں کے کمالات - تحریر نمبر 2306

کالے چنے کی خوبیاں تو بے شمار ہیں،لیکن چند ایسی ہیں،جنھیں جان کر آپ اپنی روزمرہ کی غذاؤں میں بھنے ہوئے چنوں کو مستقل طور پر شامل کر سکتے ہیں

بدھ 24 نومبر 2021

سعدیہ قمر
لحمیات(پروٹینز)،ریشے،(فائبر)اور فولاد سے بھرپور کالے چنے صحت کے اعتبار سے بڑی اہمیت کے حامل جانے جاتے ہیں۔یہ ذائقے میں بہترین اور جسمانی توانائی کا بھرپور ذریعہ ہیں۔کالے چنے کی خوبیاں تو بے شمار ہیں،لیکن چند ایسی ہیں،جنھیں جان کر آپ اپنی روزمرہ کی غذاؤں میں بھنے ہوئے چنوں کو مستقل طور پر شامل کر سکتے ہیں۔

قوت مدافعت میں اضافہ
بھنے ہوئے کالے چنے جسمانی طاقت بڑھانے کے ساتھ ساتھ قوتِ مدافعت میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ان میں منقے ملا کر چھوٹی چھوٹی تھیلیاں بنا کر رکھ لیں اور روزانہ ایک تھیلی کے چنے خوب چبا کر کھا لیں۔اگر آپ باقاعدگی سے انھیں کھاتے رہیں گے تو پھر موسم سرما میں آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

(جاری ہے)


کولیسٹرول میں کمی
اگر آپ بھنے ہوئے کالے چنے پابندی سے کھاتے رہیں گے تو آپ کے کولیسٹرول سے متعلق مسائل بہ آسانی حل ہو جائیں گے۔چنوں میں موجود صحت بخش غذائی اجزاء کولیسٹرول کو کم کرنے میں بہت معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
ذیابیطس میں مفید
ذیابیطس کے مریض بھی بھنے ہوئے چنے کھا کر فائدے حاصل کر سکتے ہیں۔
ان کے کھانے سے خون میں شکر کی مقدار مناسب رہتی ہے اور جسمانی توانائی میں کمی بھی نہیں آتی۔
وزن میں کمی
اگر آپ ایک مٹھی چنے روزانہ کھائیں تو کولیسٹرول کم ہونے کے ساتھ وزن میں بھی بغیر کسی نقصان کے نمایاں کمی ہوتی ہے۔ان میں موجود لحمیات اور فولاد موٹاپا کم کرنے کے علاوہ جسمانی کمزوری بھی دور کرتے ہیں۔
آنتوں کی صحت
بھنے ہوئے چنے کھانے سے آنتوں کی صحت برقرار رہتی ہے۔
آنتوں میں موجود بیکٹیریا کے خاتمے کے لئے انھیں کھانا بہت مفید ہے۔ان میں موجود ریشہ قبض دور کرتا ہے اور ہضم و جذب کے نظام کو بھی بہتر کرتا ہے۔
خواتین کی صحت
خواتین اگر روزانہ بھنے ہوئے چنے کھاتی رہیں تو نہ صرف کئی قسم کی تکالیف سے نجات حاصل کر سکتی ہیں،بلکہ جسمانی قوت میں بھی اضافہ کر سکتی ہیں۔خواتین کو اندرونی امراض سے نجات حاصل کرنے،وزن میں کمی کرنے اور قوت مدافعت میں اضافے کے لئے بھنے ہوئے چنے روزانہ کھانے چاہییں۔

بچوں کی نشوونما
بھنے ہوئے چنوں کا کھانا نہ صرف بڑوں کے لئے،بلکہ بچوں کے لئے بھی نفع بخش ہے۔اگر آپ اپنے بچوں کی جسمانی قوت بڑھانا چاہتے ہیں اور ان کو کئی قسم کی بیماریوں سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو ان کو روزانہ بھنے ہوئے چنوں میں پسی ہوئی مصری اور کشمش ملا کر کھلائیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat