Cashew Khaaye - Haadiyaan Mazboot Banayee - Article No. 2076

Cashew Khaaye - Haadiyaan Mazboot Banayee

کاجو کھائیے ہڈیاں مضبوط بنائیے - تحریر نمبر 2076

کاجو میں کچھ ایسے فیٹی ایسڈز بھی پائے جاتے ہیں جو کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے اور دل کی بیماریوں میں مفید ہیں

پیر 8 فروری 2021

خوش ذائقہ کاجو ذہنی تناؤ دور کرنے میں مفید ہے۔کاجو میں پایا جانے والا ایک اہم جز ٹریپٹو فان قدرتی طور پر انسانی مزاج کو خوشگوار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ماہرین صحت کی رپورٹ کے مطابق ٹریپٹو فان ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے ساتھ نیند میں پیدا ہونے والے خلل کا خاتمہ کرتا ہے اور بڑھتے بچوں کی بہتر نشوونما میں بھی مفید بتایا جاتا ہے۔
کاجو میں کچھ ایسے فیٹی ایسڈز بھی پائے جاتے ہیں جو کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے اور دل کی بیماریوں میں مفید ہیں۔کاجو بچوں اور بڑوں میں تقریباً سب کے ہی من پسند خشک میوہ جات میں سے ایک ہے۔کڈنی کی شکل کا یہ میوہ اپنے اندر کئی فوائد رکھتا ہے۔کاجو چاہے نمک کے پانی میں بھونے ہوئے ہوں یا نمک مرچ کے ساتھ دونوں صورتوں میں تلے ہوئے مزیدار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)


ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اسے اعتدال کے ساتھ یعنی 10 کاجو کو روزانہ استعمال کیا جا سکتا ہے اس سے تقریباً 100 کیلوریز حاصل ہوتی ہیں کاجو میں شامل چکنائی کو ”اچھی چکنائی“ سمجھا جاتا ہے یہ ایک صحت بخش خشک میوہ ہے۔یہ قلب سے مربوط شریانوں کے امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔کولیسٹرول کی سطح میں کمی کرتا ہے۔یہ ضروری توانائی کا 20 فیصد فراہم کرتا ہے۔
اس میں شامل کیلشیم اور میگنیشیم ہڈیوں اور عضلات کی مضبوطی میں مفید ہے۔میگنیشیم کا استعمال قلب پر حملوں کا انسداد کرتا ہے۔کاجو میں تانبا بھی کافی مقدار میں ہوتا ہے،یہ انسداد تیزابیت اور توانائی پیدا کرنے کی خاصیت رکھتا ہے۔تانبا انسانی جسم میں لوہے سے استفادے میں مدد کرتا اور مضر عناصر دور کرتا ہے۔کاجو قلب کے مریضوں کے لئے مفید ہے۔
یہ ذیابیطس میں بھی مفید بتایا جاتا ہے۔کاجو میں وٹامن،فائبر،منرلز اور دیگر اجزاء پائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے کئی مہلک بیماریوں جیسے کینسر سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔کاجو کی تھوڑی سی مقدار سے جسم کو قیمتی دھاتیں مل جاتی ہیں۔
کاجو میں پائے جانے والے کاپر اور زنک کی وجہ سے جسمانی نشوونما میں مدد ملتی ہے اور اسی لئے یہ بڑھتے ہوئے بچوں کے لئے مفید غذا ہے ۔
نہار منہ شہد کے ساتھ کاجو کھانے سے نسیان کے مرض میں افاقہ ہوتا ہے۔یہ ٹھنڈے مزاج افراد کے لئے بھی مفید غذا ہے۔کاجو کے پھل کا رس ورم میں ہونے والے درد کے لئے بھی مفید بتایا جاتا ہے۔اس کے چھلکوں کا تیل سرکہ میں بھگو کر حاصل کرتے ہیں جو کہ ایگزیما اور آتشک میں مالش کرنے سے فائدہ دیتا ہے۔اس کے مغز کا مربہ دل و دماغ کو طاقت دیتا ہے۔جسم کے مسوں اور پھوڑے پھنسی میں اس کا تیل لگایا جاتا ہے۔
اس کا مغز دانتوں کی جڑوں کو ہونے والے درد سے آرام دیتا ہے۔کاجو خوش ذائقہ ہونے کی وجہ سے مختلف کھانوں اور آئس کریموں میں استعمال ہوتا ہے۔کاجو درج ذیل امراض میں مفید بتایا جاتا ہے۔
کینسر سے بچاؤ
پرونتھو سائناڈنس اور کوپر کا متحمل کاجو کینسر سیلز کیخلاف لڑتا ہے اور کولون کینسر سے بچاؤ میں مددگار ہے۔
مضبوط ہڈیاں
کیلشیئم کی طرح میگنیشیئم اور تابنا بھی ہڈیوں کی صحت کے لئے مفید ہے جو کاجو میں موجود ہے۔
بڑھتی ہوئی عمر کے بچوں کے لئے کاجو ایک فائدہ مند غذا ہے۔کاجو میں موجود معدنیات(منرلز)،خاص طور پر تابنا اور جست کی وجہ سے جسمانی نشوونما میں مدد ملتی ہے۔
ڈپریشن
کاجو ڈپریشن میں بھی مفید ہے۔ماہرین غذائیات کی رائے کے مطابق کاجو ڈپریشن سے بچاؤ کا ایک اچھا علاج ہے۔
سردی سے بچاؤ کے لئے
ٹھنڈ کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے روزانہ کاجو کھانا مفید ہے۔

ذیابیطس
سو گرام کاجو میں 100 حرارے (کیلوریز) اور 51 گرام چکنائی ہوتی ہے۔یہ اچھی چکنائی ہے جو ہماری صحت کے لئے فائدہ مند ہے۔کاجو میں مضر صحت چکنائی نہیں ہوتی۔یہ ذیابیطس میں بھی مفید ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کاجو میں ایسے قدرتی اجزاء پائے جاتے ہیں،جو خون میں موجود انسولین کو عضلات کے خلیوں میں جذب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ کاجو میں پائے جانے والے ”ایکٹو کمپاونڈز“ ذیابیطس کو بڑھنے سے روکنے اور اس میں موجود پوٹاشیم جسم میں موجود شکر کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
کاجو کی آئس کریم بچے بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں۔خواتین اپنے کھانوں میں بھی مختلف طریقوں سے استعمال کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ اسے سلاد میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔شوربے والے سالن کو گاڑھا اور مزے دار بنانے کے لئے بھی کاجو پیس کر ڈالا جاتا ہے،جس سے کھانے کی لذت اور افادیت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔تازہ بھنے ہوئے خوشبودار کاجو شوق سے کھائے جاتے ہیں۔
انتباہ
ہائی بلڈ پریشر کے مریض کو نمکین کاجو کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat