Chiknai Khane Tark Na Kijiye - Article No. 2284

Chiknai Khane Tark Na Kijiye

چکنائی کھانے ترک نہ کیجیے - تحریر نمبر 2284

صحت مند رہنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم چکنائی کھانا ترک نہ کریں،بلکہ”اچھی چکنائی“ مناسب مقدار میں کھائیں

جمعہ 29 اکتوبر 2021

پروفیسر ڈاکٹر راشدہ علی
ایسے افراد کی تعداد روز بہ روز بڑھتی جا رہی ہے،جو لحمیات (پروٹینز) زیادہ کھانا چاہتے ہیں اور چکنائی سے منہ موڑ رہے ہیں۔میرے بہت سے مریض چکنائی سے اتنا اجتناب کرتے ہیں کہ اس کی تھوڑی سی مقدار بھی اپنی حلق سے نیچے نہیں اُترنے دیتے۔مثال کے طور پر میری ایک مریضہ اپنا وزن گھٹانا چاہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی بہت سی دوست چکنائی کھانے سے مکمل گریز کرتی ہیں،کیا وہ اس طریقے کو اپنا سکتی ہیں؟
میں نے انھیں وہی مشورہ دیا،جو میں اپنے سارے مریضوں کو دیتی ہوں:”اگر آپ کو پیٹ بڑھنے کی شکایت ہے تو چکنائی کھانا بالکل ترک نہ کیجیے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنی غذا میں توازن پیدا کیجیے۔مچھلی،مرغی،کم چکنائی والا دودھ،دہی،پنیر،سبزیاں،پھل،پھلیاں اور بھوسی کھائیے۔

(جاری ہے)


صرف ان مریضاؤں کا یہی حال نہیں ہے،میری ایک دوست جو جوڑوں کی سوزش اور درد (Arthritis) میں مبتلا تھیں۔ان کے معالج نے انھیں مشورہ دیا کہ اگر وہ روغنی کھانا نہ کھائیں تو ان کی تکلیف رفع ہو جائے گی۔انھوں نے معالج کی ہدایت پر عمل کیا تو نہ صرف یہ کہ ان کی تکلیف میں اضافہ ہو گیا،بلکہ ان کے جسم میں حیاتین ”د“ کی بھی کمی ہو گئی،اس لئے کہ یہ حیاتین دودھ اور مچھلی میں ہوتی ہے،ان میں چکنائی بھی ہوتی ہے،جس کی بنا پر وہ انھیں کھانا ترک کر چکی تھیں۔

بہت سے افراد اس حقیقت سے آگاہ نہیں ہیں کہ چکنائی بھی صحت کے لئے ضروری ہے۔اس سے ہڈیاں اور اعصاب مضبوط رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ چکنائی دل کو تقویت دیتی ہے۔چکنائی کے فرق کو سمجھنا بہرحال ہمارے لئے ضروری ہے۔چکنائی ”خراب“ بھی ہوتی ہے اور چکنائی ”اچھی“ بھی ہوتی ہے۔
وہ چکنائی جو دودھ اور دودھ کی مصنوعات سے حاصل ہوتی ہے،وہ مارجرین اور گھی کہلاتی ہے۔
یہ چکنائی دل کی بیماریاں پیدا کرتی ہے۔اس کے علاوہ سرخ گوشت کی چکنائی بھی ہماری صحت کے لئے نقصان دہ ہے۔اس سے سرطان،جوڑوں کا درد اور سوزش بھی ہو جاتی ہے۔اس کی نسبت وہ چکنائی جو ہمیں سبزیوں اور مچھلیوں سے حاصل ہوتی ہے،وہ ہمارے لئے فائدہ مند ہے،خاص طور پر مچھلی میں پائی جانے والی چکنائی (اومیگا۔3) جو مانع تکسید ہوتی ہے اور جسم کے زہریلے مادوں کو ختم کرتی ہے۔شریانوں میں خراب چکنائی کو جمنے نہیں دیتی۔بلڈ پریشر کو اعتدال پر رکھتی ہے۔مجموعی طور پر یہ ہماری صحت کے لئے مفید ہے۔صحت مند رہنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم چکنائی کھانا ترک نہ کریں،بلکہ”اچھی چکنائی“ مناسب مقدار میں کھائیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat