Diabetes Main Kon Se Phaal Khaye Jayeen - Article No. 1863

Diabetes Main Kon Se Phaal Khaye Jayeen

ذیابیطس میں کونسے پھل کھائے جائیں - تحریر نمبر 1863

ذیابیطس کا مریض ہر قسم کا پھل کھا سکتا ہے ، سوائے اس کے جس سے مریض کو الرجی ہوتی ہو ۔

منگل 19 مئی 2020

فاروق احمد انصاری
ذیابیطس کے مریضوں کو کھانے پینے میں بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اکثر وہ میٹھے کی طلب میں بد احتیاطی کر بیٹھتے ہیں، جو ان کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہے ۔تاہم ،قدرت نے پھلوں کی صورت ہمیں میٹھے کا متبادل دیا ہے ۔امریکن ڈائیبٹیس ایسوسی ایشن (ADA) مشورہ دیتی ہے کہ ذیابیطس کا مریض ہر قسم کا پھل کھا سکتا ہے ، سوائے اس کے جس سے مریض کو الرجی ہوتی ہو ۔
2014ء میں شائع ہونے والے برٹش میڈیکل جرنل سے پتہ چلتا ہے کہ جتنا زیادہ آپ پھل کھائیں گے ،آپ کو ٹائپ ٹو ذیابیطس ہونے کا خطرہ اتنا ہی کم ہو گا۔ اس ضمن میں تازہ پھل اور ان کا رس فائدہ مند ہوتا ہے ،پروسیسڈ پھل یا پھلوں کے مصنوعی مشروبات سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے ۔آئیں دیکھیں، ذیابیطس کے مریض کونسے پھلوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)


بیریز
ADAکے مطابق بیریز (رس بیریز ،بلو بیریز اور اسٹرا بیریز) ڈائبیٹک سپر فوڈ ہیں کیونکہ ان میں موجود کئی اقسام کے وٹامنز اور فائبر ذیابیطس کے مریضوں کی صحت پر بہتر اثر چھوڑتے ہیں ۔

ماہرین بیریز کو ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ قرار دیتے ہیں ،اسی لئے ذیابیطس کے مریضوں کو دن میں تین چوتھائی کپ بیریز استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے ،اس میں 62کیلوریز اور 16گرام کاربو ہائیڈریٹ ہوتا ہے ۔بیریز کو دہی میں ڈال کر ناشتہ میں کھائیں ،یہ ایک بہترین میٹھا ثابت ہو گا۔
چیری
ذیابیطس کے مریضوں کی ڈائبیٹک فرینڈلی خوراک میں چیری ایک زبردست اضافہ ہے۔
ایک کپ چیریز میں 78کیلوریز اور 19گرام کاربوہائیڈریٹ ہوتا ہے ۔اینٹی آکسیڈنٹس سے بھر پور چیری دل کی بیماریوں ،کینسر اور دیگر بیماریوں سے لڑنے میں مدد کر سکتی ہے ۔چیری کو تازہ ،کین میں ،فروزن اور خشک حالت میں خریدا جا سکتا ہے لیکن بہت سے کین والے اور خشک پھلوں میں اضافی شوگر ہوتی ہے ،جس سے آپ کا بلڈ شوگر لیول بڑھ سکتا ہے ،لہٰذا انہیں استعمال کرنے سے قبل لیبل ضرور پڑھ لیں۔

آڑو
موسم گرما میں آنے والا خوشبو دار اور رسیلا آڑو بھی ذیابیطس والی ڈائٹ میں شامل کیا جا سکتاہے۔ اس میں موجود وٹامن اے ،وٹامن سی ،پوٹاشیم اور فائبر اپنی افادیت کے ساتھ ساتھ اس پھل کے سواد سے بھی آپ کو آشنا کرتے ہیں ۔اس کے استعمال سے شوگر لیول کم رہتا ہے اور یہ جسم کی زائد چربی پگھلانے میں بھی مدد کرتاہے ۔
موسم گرما میں آئسڈٹی کے ساتھ استعمال کرنے سے اس کا مزہ دوبالا ہو سکتاہے ۔اس کی اسموتھی بنانے کے لئے آپ کو آڑو کے سلائسز کے ساتھ کم فیٹ والا بٹر ملک ،برف کے ٹکڑے اور ذرا سا ادرک یا دار چینی درکار ہوگی۔
خوبانی
گرم موسم میں آپ کو خوبانی ملتی ہے ،جس کے ایک دانے میں 17کیلوریز اور 4گرام کاربوہائیڈریٹ ہوتاہے ۔ایک تازہ خوبانی آپ کے جسم کو ایک دن میں درکار وٹامن اے کا 50فیصد حصہ فراہم کرتی ہے جبکہ یہ فائبر کے حصول کا بھی عمدہ ذریعہ ہے ۔
اسے سلاد کے طور پر بھی کھا سکتے ہیں اور کسی ٹھنڈے یا گرم دلیے میں گھول کر بھی تناول فرماسکتے ہیں۔
سیب
روزانہ وٹامن سی سے بھر پور سیب کھانا واقعی ڈاکٹر کو آپ سے دور رکھ سکتاہے ، اسی لئے اپنے بیگ یا گاڑی میں اسے ضرور رکھیں اور جب جی چاہے چلتے پھرتے کھالیں۔ ایک سیب میں 77کیلوریز اور 21گرام کاربوہائیڈریٹ ہوتاہے ۔
اس میں وٹامن سی کے ساتھ ساتھ فائبر بھی پایا جاتا ہے ۔سیب کو چھیل کر نہ کھائیں کیونکہ اس کا چھلکا اینٹی آکسیڈنٹس سے بھر پور ہوتاہے ۔کھانے سے پہلے سیب کو اچھی طرح دھولیں۔
ناشپاتی
ناشپاتی فائبرکا بہترین اور وٹامن کے کا عمدہ ذریعہ ہے ،اس لئے اسے اپنی خوراک میں شامل کرنا نہ بھولیں ۔مزید یہ کہ درخت سے اترنے کے بعد اس کا ٹیکسچر اور ذائقہ بہتر ہوتا چلا جاتا ہے ۔
ایک ناشپاتی میں صرف ایک گرام شکر ہوتی ہے ،یہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ہوتی ہے ۔اچھی طرح پکنے تک اسے کمرے کے درجہ حرارت پر رکھیں ،ایسے بھی کھائیں اور سلاد کا مزہ بھی بڑھائیں۔
کیوی
اگر آپ نے ابھی تک کیوی نہیں کھایا تو کچھ نہیں کھایا۔ یہ لذیذ پھل پوٹا شیم ،فائبر اور وٹامن سی سے بھر پور ہوتاہے ۔ایک بڑے کیوی پھل میں 56کیلوریز اور 13گرام کاربوہائیڈریٹ ہوتاہے ،یہ آپ کی خوراک میں ایک عمدہ اضافہ ہوگا ۔
،کیوی سارا سال دستیاب ہوتاہے اور آپ کے فریج میں تین ہفتے تک بہتر حالت میں رہ سکتاہے۔
سنگترے
سنگترے کا اب موسم تو نہیں رہا لیکن جب بھی موسم آئے ،ایک کینو کھائیں اور ایک دن کا وٹامن سی پائیں ۔ایک کینو میں صرف 15گرام کاربوہائیڈریٹ اور 62کیلوریز ہوتی ہیں ۔اس کے علاوہ اس میں فولیٹ (Folate) اور پوٹاشیم بھی ہوتا ہے جو بلڈ پریشر کو نارمل کرنے میں مدد کرتاہے ۔سنگترے کی فیملی کے پھلوں کا رس انجوائے کریں تو گریپ فروٹ کو نہ بھولیں ،جو شاید بناہی ذیابیطس کے مریضوں کے لئے ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat