Gazain Sard Mosaam Se Bachain - Article No. 1841

Gazain Sard Mosaam Se Bachain

غذائیں سرد موسم سے بچائیں - تحریر نمبر 1841

کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کا استعمال ٹھنڈے موسم سے محفوظ رکھ سکتاہے

بدھ 1 اپریل 2020

کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کا استعمال ٹھنڈے موسم سے محفوظ رکھ سکتاہے اور جن کے کھانے سے نزلہ زکام،خشک کھانسی اور بخار سے بچا جا سکتاہے ۔ماہرین غذائیت کے مطابق سردیوں کی سوغات غذاؤں سے ہی سردی کا علاج کرنا چاہئے، یہ غذائیں لذیذ بھی ہیں اور تاثیر میں گرم بھی ،ان کے استعمال سے بار بار بیمار ہونے سے بھی محفوظ رہا جا سکتاہے ۔
باجرے کی روٹی اور سبزیاں
موسم سرما کے شروع ہوتے ہی تازہ ،رنگ برنگی مزیدار اور صحت بخش سبزیاں مارکیٹ میں دستیاب ہوتی ہیں ،ان سبزیوں کو گندم کے بجائے باجرے کی روٹی کے ساتھ کھائیں، باجرے میں جوڑوں کے درد کا بھی علاج ہے ،باجرے میں بڑی تعداد میں میگنیشیم پایاجا تاہے جو دل کی صحت کے لئے بھی مفید ہے ،اس میں موجود پوٹا شیم اور فائبر کی وجہ سے کولیسٹرول لیول متوازن رہتا ہے اور خون کو صحیح طرح سے گردش کرنے میں مدد ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

کئی منرلز اور فائبر سے بھر پور باجرے کی روٹی سردیوں میں پکا کر اسے دال یا سبزیوں کے ساتھ کھائیں ۔
مکئی کی روٹی اور ساگ
مکئی کا آٹا تاثیر میں گرم ہو تاہے ،مکئی کی روٹی بنائیں اور اسے سردیوں کی مشہور اور لذیذ غذا ساگ کے ساتھ استعمال کریں ،آئرن سے بھر پور ساگ میں وٹامن بی کمپلیکس،وٹامن اے ،وٹامن سی ،وٹامن ،بیٹا کیروٹین اور سیلینئین پایا جاتاہے جو کہ جلد ،بال ،دل اور دماغ کی صحت سمیت ہاضمے کے لئے بھی مفید ہے ،ساگ قوت مدافعت کے لئے بھی فائدہ مند ہے ۔

گُڑ اور دیسی گھی
گُڑ اور دیسی گھی کا ایک ساتھ استعمال سردی لگ جانے اور نزلہ زکام کے لئے فائدہ مند ہے ،گُڑ کو پیس کر دیسی گھی میں پکانے سے ایک مزیدار سا میٹھا بن جاتاہے جسے کھانے کے بعد یا باجرے کی روٹی کے ساتھ بھی کھایا جاتاہے ،یہ مرکب تاثیر میں گرم ہے ۔جبکہ دیسی گھی قبض اور آنتوں کی خشکی کو دور کرتاہے اور ہاضمہ بہتر بناتاہے۔

ملکہ مسور(کالی)دال
ملکہ مسور ہر موسم میں دستیاب ہوتی ہے۔اسے سردیوں میں دیسی گھی کے بگھار کے ساتھ مکئی یا باجرے کی روٹی کے ساتھ کھایا جائے تو اس کا مزہ دو بالا ہو جاتاہے ۔کالی دال کا استعمال چاولوں کے ساتھ بھی کیا جا سکتاہے ،کالی دال گردے میں پتھری ہونے سے بچاؤ سمیت جلد اور بالوں کی جڑوں کو نم رہنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

تل
تل تاثیر میں گرم ہوتے ہیں، سردیوں میں تل کے لڈوؤں کا استعمال بڑھ جاتاہے ،گُڑ کو پگھلا کر تل مکس کرکے اس کی کئی طریقوں سے مٹھائیاں ،گجک بنتی ہیں جو سردیوں میں پسند کی جاتی ہیں۔ تل آنکھوں کی بینائی ،جلد اور ہڈیوں کے لئے بھی مفید ہے ۔تل کا استعمال عمر ڈھلنے کے مرحلے کو آہستہ اور بالوں کی بڑھنے کی رفتار کو تیز کرتاہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat