Gazayyat Se Bharpoor Phaloon Ka Istemal - Article No. 1871

Gazayyat Se Bharpoor Phaloon Ka Istemal

غذائیت سے بھر پور پھلوں کا استعمال - تحریر نمبر 1871

پھلوں کو انسانی جسم نہ صرف با آسانی ہضم کر لیتا ہے بلکہ ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اجزاء جلد کے خلیات کو خراب ہونے سے بھی بچاتے ہیں ۔

جمعرات 11 جون 2020

عمیر حسن
طبی ماہرین کے مطابق انسان کی خوراک میں پھلوں کا شامل ہونا ضروری ہے کیونکہ قدرت کی یہ عطا کردہ نعمت مختلف صورتوں میں ایک مکمل غذا ہے ۔پھلوں کو انسانی جسم نہ صرف با آسانی ہضم کر لیتا ہے بلکہ ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اجزاء جلد کے خلیات کو خراب ہونے سے بھی بچاتے ہیں ۔اگر چہ تمام پھل صحت کے لئے بہترین ہیں لیکن مخصوص اوقات میں ان پھلوں کا استعمال ،انھیں جلد ہضم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ توانائی بڑھانے کا کام سر انجام دیتا ہے۔

اینٹی آکسیڈنٹس اور فائٹو نیوٹرینٹس سے بھر پور مختلف سائز ،ساخت اور رنگ برنگے پھلوں کو کمبی نیشن کی صورت اپنی خوراک کا حصہ بنانے پر غور کریں ۔خاص طور پر صبح کے وقت ان ذائقہ دار اور غذائیت سے بھر پور پھلوں کو شامل کریں کیونکہ اس وقت ان پھلوں کا استعمال پورے دن آپ کو توانائی فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)


اینٹی انفلیمیٹری پلیٹ
اینٹی انفلیمیٹری ان غذاؤں کو کہا جاتا ہے جن میں زیادہ مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس ،منرلز اور ضروری فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہوں۔

یہ اجزاء جسم سے زخم ،سوزش اور ورم کو ٹھیک کرنے کے لئے بہترین تصور کیے جاتے ہیں ۔آپ بھی صبح کے وقت اپنی پلیٹ میں اینٹی انفلیمیٹری پھلوں کو شامل کرکے ان بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔غذائیت سے بھر پور اینٹی انفلیمیٹری فروٹ کمبی نیشن پلیٹ کی تیاری کے لئے چیری ،پائن ایپل، بلیو بیری شامل کریں ۔یہ فروٹ وٹامن اے ،سی اور ای کا بہترین مجموعہ ہوتے ہیں ۔
پائن ایپل میں وٹامن سی اور ایسے انزائم پائے جاتے ہیں جو غذائی نالی سے سوزش کم کرتے ہوئے مدافعتی نظام کو بہتر بنانے کے علاوہ پروٹین کو ہضم کرنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹ پلیٹ
انجیر، انگور اور انار اینٹی آکسیڈنٹس اور بیماریوں سے لڑنے والے دیگر غذائی اجزاء پر مشتمل ہوتے ہیں ۔یہ غذائی اجزاء خلیات کی مرمت کرنے اور انسانی جلد کو کم عمر دکھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔
انار میں اینٹی آکسیڈنٹس اور جراثیم کش خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں ۔یہ اجزاء بھی جلد کی بہتری کے کام سر انجام دیتے ہیں ۔انجیر نہ صرف ایک ذائقہ دار پھل ہے بلکہ یہ مختلف منرلز، وٹامنز اور فائبر سے بھر پور غذا ہے مثلاً وٹامن اے ،وٹامن بی ون، وٹامن بی ٹو ،کیلشیم ،آئرن ،فاسفورس ،میگنیز ،سوڈیم ،پوٹاشیم اور کلورائن وغیرہ انجیر میں پائے جاتے ہیں ۔
صبح اتنے غذائی اجزاء کی موجودگی آپ کو دن بھر تندرست وتوانا اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا کام سر انجام دیتی ہے۔
بیوٹی پلیٹ
خوبصورتی میں اضافے کی خواہش مند خواتین پپیتے،بلیک بیری اور خربوزے کو خوراک میں شامل کرکے اپنے حسن وشادابی میں اضافہ کر سکتی ہیں ۔یوں سمجھ لیں کہ صبح کے وقت لیے گئے یہ پھل آپ کو دن بھر خوبصورت اور حسین دکھانے کی تیاری کرتے ہیں ۔
پپیتے کو حسن وخوبصورتی کا ذریعہ کہا جاتا ہے کیونکہ اس میں وٹامن اے اور پاپین انزائم پائے جاتے ہیں ۔یہ انزائم کولیجن کی مقدار میں اضافہ کرتے ہوئے جلد کے مردہ خلیوں کو دوبارہ سر گرم کر دیتے ہیں ،جس سے وہ تازہ اور چمکدار لگنے لگتی ہے جبکہ یہ جلد کو خشک ہونے سے بھی بچاتا ہے ۔اس کے علاوہ آپ اپنی بیوٹی پلیٹ میں موسم گرما کے پھل خربوزے کو بھی شامل کر سکتی ہیں۔
یہ آپ کی جلد کی چمک میں اضافہ کرنے کے ساتھ اس کو رونق بنانے کا سبب بنتاہے۔
انرجی پلیٹ
ورک آؤٹ کرنے کی تیاری ہو یا پھر ایک مشکل اور مصروف دن آپ کا منتظر ہو، آپ کو ضرورت ہے انرجی پلیٹ کی ۔اس کے لئے کیلے ،ایوا کاڈو اور سیب بطور فروٹ کمبی نیشن آپ کا انتخاب بن سکتے ہیں ۔یہ انرجی پلیٹ آپ کو کچھ ہی وقت میں دن بھر کے لئے توانائی فراہم کر دے گی ۔
ورک آؤٹ سے قبل کیلے کا استعمال بے حد فائدہ مند ثابت ہوتا ہے ۔کیلے میں دیگر پھلوں کی نسبت چار گنا زیادہ پروٹین ،دو گنا زیادہ کاربوہائیڈریٹ، تین گنا زیادہ فاسفورس، پانچ گنا زیادہ وٹامن اے ،ساتھ ہی دیگر وٹامنز اور منرلز بھی دگنی مقدار میں پائے جاتے ہیں ۔ایک تحقیق کے مطابق صبح کے وقت کیلا کھانے والے طلبا نسبتاً بیدار مغز کے ساتھ سیکھنے کے عمل کا حصہ بنتے ہیں ۔
دوسرا پھل ایوا کاڈو ہے جس میں شامل صحت بخش چربی جسم میں دیر سے حل پذیر ہوتی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ صبح آپ اس پھل کو اپنی خوراک کا حصہ بنا سکتے ہیں ۔سیب میں موجود فائبر بھی دن بھر آپ کو توانا رکھتا ہے ،لہٰذا ایک مصروف دن سے نمٹنے کے لئے آپ ان تین پھلوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
یہ تمام پھل فروٹ کومبو کی صورت آپ کی صحت کو بے شمار فوائد پہنچانے کا سبب بنتے ہیں ۔ان میں موجود اینٹی انفلیمیٹری اور اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات ایک طرف آپ کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا باعث بنتی ہیں تو دوسری جانب جلد کو شاداب اور چمکدار بنا کر آپ کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat