Ghair Sehat Bakhsh Fats Aur Vitamin C - Article No. 2288

Ghair Sehat Bakhsh Fats Aur Vitamin C

غیر صحت بخش فیٹس اور وٹامن C - تحریر نمبر 2288

ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ معدے میں چکنائیت کی موجودگی وٹامن C کی سرطان کے خلاف کام کرنے کی صلاحیت پر حاوی ہو جاتی ہے

بدھ 3 نومبر 2021

یونیورسٹی آف گلاسکو میں سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے لیبارٹری میں معدے پہ ہونے والے کیمیائی عمل کو مصنوعی طور پر کرنے کا مشاہدہ کیا۔
تجربے و مشاہدے کی روشنی میں انہوں نے دریافت کیا کہ وٹامن C (ایسکوربک ایسڈ) نے معدے میں کینسر پیدا کرنے والے ان عناصر کو صاف کر دیا جو معدے کی رطوبتوں اور معدے کے تیزاب کے ساتھ مل کر بنتے ہیں لیکن جب انہوں نے وٹامن C اور ان عناصر کے مرکب میں چکنائیت کا اضافہ کیا تو دیکھا کہ وٹامن C کے مضر عناصر کو مفید میں تبدیل کرنے کی صلاحیت ختم ہو گئی ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ان کے تجربات یہ واضح کرتے ہیں کہ ہماری خوراک اور معدے کے سرطان کے درمیان تعلق ہوتا ہے معدے کے سرطان (گیسٹرک کینسر) کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس مرض کا سبب نٹرائیٹ نامی عنصر ہوتا ہے جو تھوک میں موجود ہوتا ہے اور اس کا ماخذ ہماری خوراک میں موجود نائٹریٹ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جب ہم نائٹریٹ نگلتے ہیں تو یہ معدے میں پہنچ کر وہاں پہلے سے موجود تیزاب کے ساتھ مل کر فوراً ایسے مرکب میں تبدیل ہو جاتا ہے جو معدے کی دیگر رطوبتوں کے ساتھ مل کر کینسر پیدا کرنے والے نئے مرکبات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

ان نئے مرکبات کو این نائٹروسو کمپاؤنڈز کہتے ہیں۔
وٹامن C یا ایسکوربک ایسڈ کی معدے میں موجودگی این نائٹروسو کمپاؤنڈ کو بننے سے روکتی ہے لیکن اگر معدے میں فیٹس بھی موجود ہوں تو وٹامن C یہ کام نہیں کر سکتا۔تحقیق کرنے والی ٹیم کی سربراہ ایملی کومبٹ کا کہنا تھا ”ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ فیٹس کی موجودگی سے وٹامن C کے اچھے اثرات بہت حد تک متاثر ہو جاتے ہیں‘جس کا مطلب یہ ہے کہ چکنائیت معدے میں ہونے والے کیمیائی عمل پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔
ایملی کومبٹ نے اپنی تحقیق کے نتائج تجرباتی حیاتیات کی سوسائٹی کے سالانہ اجلاس میں پیش کئے۔مذکورہ تحقیق پر تبصرہ کرتے ہوئے برٹش نیوٹریشن فاؤنڈیشن سے منسلک سائنسدان برجٹ ایسبٹ نے کہا۔
”سرطان ایک پیچیدہ بیماری ہے جس کے ہونے میں کئی سال لگتے ہیں اور اس کے پیچھے کئی جینیاتی اور ماحولیاتی اسباب ہوتے ہیں میں کہوں گی یہ تحقیق خاصی دلچسپ ہے۔اس سلسلے میں برجٹ ایسبٹ نے مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا ہے کہ متوازن خوراک بے حد ضروری ہے اور صحت و تندرستی کو برقرار رکھنے کے لئے کینسر جیسے موذی مرض سے محفوظ رہنے کے لئے چکنائی والے کھانے زیادہ نہیں کھانے چاہئیں اور ہر روز وٹامن C سے بھرپور پھل اور سبزیاں اپنی خوراک میں شامل کر لیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat