Gurr Ki Mithas Se Jismani Tawanai Or Sehat Hasil Kijye - Article No. 1994

Gurr Ki Mithas Se Jismani Tawanai Or Sehat Hasil Kijye

گڑ کی مٹھاس سے جسمانی توانائی اور صحت حاصل کیجیے - تحریر نمبر 1994

گڑ کا نام سنتے ہی زبان پر ایک مٹھاس سی آجاتی ہے

پیر 2 نومبر 2020

گڑ کا نام سنتے ہی زبان پر ایک مٹھاس سی آجاتی ہے۔گڑ ہماری روایت اور ثقافت کا حصہ ہے۔گڑ کو غذائی اشیاء میں بطور مٹھاس استعمال کیا جاتا رہا ہے۔اسے صحت کے لئے مضر ہونے کے بجائے صحت بخش اور مفید تصور کیا جاتا ہے۔دور جدید میں چینی کا استعمال بے تحاشا بڑھ گیا ہے لیکن گڑ کی افادیت کے باعث لوگ اسے ابھی بھی استعمال کر رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں مختلف اقسام کے گڑ تیار کیے جاتے ہیں۔
گڑ ویسے تو بے حد شوق سے کھایا جاتا ہے لیکن بیشتر افراد گڑ کے طبی فوائد سے نا واقف ہیں۔گڑ کے لاتعداد ایسے فوائد ہیں جن کے بارے میں جان کر حیرانی ہوتی ہے۔ایک حالیہ تحقیق کے بعد ماہرین نے بتایا ہے کہ گڑ خون کو صاف کرنے کا کام کرتے ہوئے نہ صرف زہریلے مادوں کو جسم سے ختم کرنے میں مدد کرتا ہے بلکہ معدے کی گیس کو ختم کرنے میں بھی کار آمد ہے۔

(جاری ہے)

گڑ آنتوں کو بھی تقویت بخشتا ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ جن افراد میں خون کی کمی ہو انہیں گڑ کھانا چاہیے۔مزید براں یہ نظام تنفس کو بھی بحال رکھتا ہے۔اگر تھکاوٹ محسوس ہو تو گڑ اس صورت میں توانائی کا کام بھی کرتا ہے۔گڑ میں وٹامن کے ساتھ ساتھ آئرن اور فاسفورس بھی پایا جاتا ہے۔گڑ کا مزاج گرم ہے اور پرانا گڑ خشک ہے۔نیا گڑ کف،دمہ،کھانسی،پیٹ کے کیڑے وغیرہ جیسے مختلف امراض کے لئے مفید قرار دیا گیا ہے ۔
گڑ نظام ہضم کی اصلاح کرتا ہے۔قبض دور کرتا اور گیس کی تکلیف سے نجات دلاتا ہے۔حافظہ تیز کرنے اور یاداشت بڑھانے میں گڑ کے حلوے کا استعمال مفید ہے۔لہٰذا وہ طلبہ جنہیں سبق یاد نہ ہوتا ہو انہیں گڑ کا حلوہ استعمال کرنا چاہیے۔گڑ میں موجود فولاد،انیمیا کو بھی ٹھیک کرتا ہے اور خون میں ہیمو گلوبن کی مقدار بڑھاتا ہے۔جسم کی قوت مدافعت مضبوط کرتا ہے۔

آرتھرائیٹس یا گھٹنے کے درد اور سوزش میں مبتلا افراد کو پانچ گرام گڑ اور پانچ گرام ادرک کا پاؤڈر استعمال کرنا چاہیے۔اس سے نہ صرف گھٹنے کے درد میں کمی آتی ہے بلکہ سوجن بھی کم ہوتی ہے۔تھوڑا سا گڑ اور بھنا ہوا ادرک گرم پانی کے ساتھ سونے سے پہلے استعمال کرنے سے زکام اور درد سے افاقہ ہوتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں گڑ اور کالے تل کے لڈو بنا کر صبح و شام کھانے سے ٹھنڈک کے خلاف جسم میں قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے اور کھانسی،دمہ اور برانکائیٹس وغیرہ میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔
ذہنی دباؤ کی وجہ سے اور دیگر وجوہات سے میگرین یا درد شقیقہ کا مرض عام ہوتا جا رہا ہے،جسے آدھے سر کا درد بھی کہتے ہیں۔اس سے نجات کے لئے صبح سورج نکلنے سے پہلے اور رات کو سوتے وقت بارہ گرام گڑ کو چھ گرام گھی میں ملا کر چند دن کھانا مفید بتایا جاتا ہے۔پچاس گرام اجوائن کے سفوف میں ہم وزن گڑ ملا کر۔اس آمیزہ کا پانچ گرام صبح اور پانچ گرام شام کے وقت کھانا کمر درد کے لئے مفید ہے ۔
گڑ کے انسانی جسم پر چند فوائد کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
نظام ہاضمہ کی بہتری
کئی ملکوں میں فاسٹ فوڈ یا روغنی غذائیں کھانے کے بعد گڑ کا استعمال لازمی سمجھا جاتا ہے کیونکہ ماہرین کے مطابق گڑ میں خوراک کو ہضم کرنے کی خصوصیات موجود ہیں۔کھانے کے بعد کھایا گیا گڑ معدنی انزائم اور فنکشنز کو متحرک کرتا ہے۔یہ عمل ہاضمے کے نظام کو بہتر اور فعال بناتاہے،جس کے سبب کھانا جلد ہضم ہو جاتا ہے۔

جسم کلینزنگ
عام طور پر چینی یا کسی بھی مٹھاس کو باڈی کلینزنگ ایجنٹ کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا لیکن گڑ کے طبی فوائد باڈی کلینزنگ ایجنٹ کے طور پر بھی سامنے آئے ہیں۔گڑ خون کی صفائی کے ذریعے انسانی جسم کو صحت مند اور تندرست رکھنے میں مدد دیتا ہے۔دوسری جانب یہ نظام تنفس ،پھیپھڑوں،معدہ،آنتوں اور جگر کی صفائی کرکے”یورین پروسیس“ کو درست رکھتا ہے۔

توانائی بحال رکھنا
گڑ میں موجود کاربوہائیڈریٹ،توانائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ایتھلیٹ اور ایسے افراد زیادہ تھکاوٹ میں مبتلا ہوتے ہوں ،وہ توانائی بڑھانے کے لئے گڑ کو ایک بہترین غذا کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔
قبض کشا
گڑ کی قبض کشا صفات جسم سے غیر ضروری مادوں کے اخراج میں مفید ہیں،گڑ اندرونی نظام کو متحرک کرتے ہوئے قبض سے نجات دلاتا ہے ۔

منرلز کی بھرپور مقدار
گڑ میں انسانی صحت کے لئے فائدہ مند منرلز مثلاً وٹامن،آئرن،میگنیشیم،پوٹاشیم اور فاسفورس موجود ہوتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ گڑ کو معدنیات کا بڑا ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔آئرن،میگنیشیم اور پوٹاشیم کی مناسب مقدار سر درد یا میگرین کے درد کو قابو کرنے کے لئے عمدہ تصور کی جاتی ہے۔گڑ میں موجود فولاد،خون میں ہیمو گلوبن کی مقدار بڑھانے کے لئے مفید تصور کیا جاتا ہے۔

میٹا بولزم اور وزن میں کمی
میٹا بولزم اس عمل کو کہتے ہیں جس کے سبب جسم خوراک کو توانائی میں تبدیل کر دیتا ہے۔اکثر لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ ان کا وزن کم نہیں ہو پاتا،اس کی ایک وجہ میٹا بولزم کا سست ہونا بھی ہے۔گڑ میں موجود پوٹاشیم جسمانی اعضاء کو تقویت دینے اور میٹا بولزم کی رفتار بڑھانے کا کام بھی کرتا ہے جبکہ پوٹاشیم کی مقدار براہ راست وزن کم کرنے میں بھی مفید ہوتی ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat