Hara Bhara Kheera - Behtareen Super Food - Article No. 1702

Hara Bhara Kheera - Behtareen Super Food

ہرابھراکھیرا․․․بہترین سپر فوڈ - تحریر نمبر 1702

ایک ایسی سبزی جو قیمتاً مہنگی بھی نہیں اور صحت کے لئے مفید بھی ہے اسے کھیرا کہتے ہیں۔

جمعہ 18 اکتوبر 2019

ایک ایسی سبزی جو قیمتاً مہنگی بھی نہیں اور صحت کے لئے مفید بھی ہے اسے کھیرا کہتے ہیں۔جب آپ بریانیاں ،پلاؤ،نہاری اور اسی قسم کی ثقیل غذائیں کھارہے ہوں تو سلاد میں کھیرا ضروری استعمال کرلیں ۔سرخ گوشت کے مضر اثرات دور کرنے میں بے حد معاون سبزی ہے۔دعوتوں میں یا عام روز مرہ کھانے کے لئے دستر خوان آراستہ کرتے وقت سلاد کی پلیٹ ضرور بنتی ہے۔

رائتہ ہو یا نہ ہو لیکن موسمی سبزیوں جن میں سیلیری ،پیاز ،گاجر، مولی،چقندر ،ککڑی وغیرہ شامل ہوتے ہیں،اس دستر خوان کی شان ہی دوبالا نہیں کرتے بلکہ آپ کے صحت بخش طرز غذا کا ثبوت بھی دیتے ہیں۔جسم کی حدت اور پانی کی کمی دور کرنے کے لئے کھیرا بہتر ین تریا ق ہے۔
وزن گھٹانااور معدے کے بھاری پن کو دور کرنا ہوتو تب بھی کھیرے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے مختصر ناشتے کے طور پر کھائے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ابلے ہوئے پانی میں (اسے ٹھنڈا کرکے)کھیرے کی قاشیں شامل کرکے دن بھرکے کام کاج کے دوران پیا جائے تو بھی ہاضمہ درست اور جسم پانی کی کمی سے محفوظ رہتا ہے ۔ایک خیال یہ بھی ہے کہ کھیرے کا فائبر بھوک مٹاتا ہے اور وزن میں کمی لاتاہے۔دنیا کے کئی خطوں میں کھیرے کا اچار استعمال ہوتا ہے اور کچھ جگہوں پر نمک اور لیموں کے ساتھ شوق سے کھایا جاتاہے۔

جسم کے زہریلے اثرات سے تحفظ کا ساماں
کھیرا مفید سبزی ہے۔اس کے فائدوں پر توجہ دی جائے تو یہ عالمی سطح پر سپر فوڈ قرار دیا جا چکا ہے۔95فیصد پانی پر مشتمل کھیرا جسم کے فاسد مادوں کو تحلیل کرتاہے۔بھوک میں کمی لاتاہے۔گردوں کی کارکردگی فعال رکھنے میں معاون ہے۔روزانہ کھانے سے جہاں گردوں اور مثانے کی پتھری نکل جاتی ہے وہیں قوت مدافعت بھی بڑھتی ہے ۔
یہ سبزی انسانی جسم کے خلیوں کو شفاف رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
وٹامن BاورCکا مجموعہ
اس سپر فوڈ میں ہمیں مختلف وٹامنز مثلاً B،Cکے علاوہ معدنیات (پوٹا شیئم،میگنیشیئم ،سلیکون ،گندھک اور فائبر ملتا ہے۔قدرتی شکر کی کسی قدر مٹھاس اسے ذائقہ دار بنا دیتی ہے جس سے سرکادردجاتا رہتاہے۔
کھیرا دانتوں کا محافظ
کھیرا کھانے والوں کے منہ جراثیم آلود کم ہی ہوتے ہیں۔
اگر اس کا عملی مظاہرہ دیکھنا ہوتو کھیرے کا ایک ٹکڑا کاٹ کر تالو پر چپکا لیجئے اور زبان سے اسے سہارا دیجئے۔صرف چند سیکنڈ میں فرق محسوس ہو گا،یہ مسوڑھوں میں لگنے والی بیماریوں کا بھی خاتمہ کرتاہے۔کھیرے کے چھلکے اور بیجوں میں فائبر اور بیٹا کیروٹین ہوتے ہیں۔بیٹا کیروٹین وٹامن Aکی ایسی قسم ہے جو بینائی میں اضافہ کرتی ہے۔
جوڑوں کی مضبوطی میں معاون
کھیرے میں ایک جزو سلیکون ہوتا ہے جو جوڑوں اور ان سے منسلک ٹشوز کومضبوط کرتاہے۔

کھیرے کا شربت ذیابیطس میں اکسیر
کھیرے کو بلینڈر میں پیس لیں اور شربت تیار کرکے تازہ بہ تازہ حالت میں پی لینے سے شوگر کے مریضوں کو تقویت ملتی ہے یہ ایسے ہارمونز حرکت میں لاتا ہے جو لبلبے کو تحریک دے کر انسولین پید اکرتے ہیں ۔یہ انسولین قدرتی شکل میں ہوتی ہے جو ذیابیطس کے مریضوں کو آرام دیتی ہے۔
یہ سرطان سے بچاتاہے
بہت سے پھلوں اور سبزیوں میں سرطان (کینسر)سے بچاؤ کی صلاحیت موجود ہے کھیرے میں بھی ایسے کیمیائی مادے موجود ہیں جن کی وجہ سے مختلف سرطانوں سے مدافعت مل سکتی ہے۔
ان میں بریسٹ کینسر ،رحم کا کینسر اور پروسٹیٹ گلینڈ شامل ہیں۔یہ مادے سرطان پھیلانے والے اجزاء کو ختم کر دیتے ہیں۔یونانی اور ہیو میوپیتھک طریقہ علاج میں معالجین مریضوں کو دوپہر کے کھانوں کے ساتھ کھیرے کی سلاد کھانے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ جسم کے Cellsمضبوط وتوانا ہوں، پانی کی کمی دور ہواور جسم سے فاسد مادوں کا ضیاع یقینی بنا یا جاسکے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat