Harey Pattoun Wali Sabzian... Tibbi Fawaid Ka Majmoa - Article No. 1558

Harey Pattoun Wali Sabzian... Tibbi Fawaid Ka Majmoa

ہرے پتوں والی سبزیاں․․․طبی فوائد کا مجموعہ - تحریر نمبر 1558

”ہرے پتوں والی سبزیاں“ایک ایسی سستی غذا ہے ،جس کے فوائد بے شمار ہیں

ہفتہ 27 اپریل 2019

رابعہ شیخ
”ہرے پتوں والی سبزیاں“ایک ایسی سستی غذا ہے ،جس کے فوائد بے شمار ہیں ،تاہم اکثر لوگ سبزیوں کو دیکھ کر ناک بھوں چڑھاتے ہیں ۔سبزیوں کی متبادل کوئی غذا نہیں ہو سکتی۔دِکھنے میں ہری بھری اور فوائد بے شمار ،انسان کی صحت وتندرستی کا دارومدار ان سبزیوں پر ہے ۔سبزیاں تو سب ہی فائدہ مند ہیں لیکن غذائی ماہرین ہرے پتوں والی سبزیوں کی غذائی اہمیت پر زیادہ زور دیتے ہیں ۔
ہرے پتوں والی سبزیوں میں کرم کلا ،پالک ،سلاد پتہ ،دھنیا ،بند گوبھی ،ہرے پتوں والے چقندر ،کیل اور دیگر سبزیاں شامل ہیں ۔
ان میں موجود حیاتین ،کلوروفل نمکیات اور سیلولوز ،انسان کو بہترین توانائی فراہم کرتے ہیں۔ ان کی افادیت اور فوائد کے پیش نظر طبی ماہرین دن میں کم ازکم 2مرتبہ سبزیوں کا استعمال ضروری قرار دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہرے پتوں والی سبزیوں کے اور کیا فوائد ہیں ،جن کے پیش نظر ان سبزیوں کا روزانہ استعمال ضروری ہے ،آئیے جانتے ہیں۔


غذائیت کی مقدار
مختلف مطالعوں سے ثابت ہو ا ہے کہ ایک پیالہ ہرے پتوں والی سبزیاں ،مندرجہ ذیل غذائی اجزاء فراہم کرتی ہیں:
کیلشیم 9فیصد
کیلوریز23گرام
کولیسٹرول 0گرام
غذائی ریشہ 2.2گرام
آئرن 15فیصد
میگنیشیم19فیصد
پوٹاشیم 55گرام
پروٹین 2.9گرام
شوگر 0.4گرام
وٹامن اے 187فیصد
وٹامن B-6دس فیصد
وٹامن سی 46فیصد
فوائد
بہترنظام انہضام :غذائی ماہرین کے مطابق ہرے پتوں والی سبزیوں کے استعمال سے نظام انہضام بہتر رہتا ہے ۔
اس کے علاوہ ان سبزیوں کا استعمال اسہال،متلی اور قے جیسی بیماریوں کے لیے بھی بہترین ہے ۔ان غذاؤں میں موجود پوٹاشیم اور میگنیشیم ناصرف اسہال کی روک تھام کرتے ہیں بلکہ انسان کی توانائی بھی بحال کرتے ہیں۔ یہی نہیں ان پتوں میں موجود ریشے اور دیگر اجزاء قبض کشا کا اثر رکھتے ہیں جس کے باعث انسان کا معدہ درست کام کرتا ہے اور بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے ۔

بینائی کے لیے مفید
طبی ماہرین کے مطابق ہفتے میں کم ازکم دو مرتبہ ہری سبزیاں انسان کی بینائی کے لیے بے حد مفید ہیں ۔یہ جسم میں خون کی گردش کو بھی بہتر اور آنکھوں کی بصارت بحال رکھنے میں مدد دیتی ہیں ۔ہارورڈمیڈیکل اسکول میں واقع برگھم اینڈ وومن ہاسپٹل کے سائنسدان اپنے تحقیقی نتائج میں کہتے ہیں کہ ہری سبزیوں میں نائٹریٹ کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو بینائی چھیننے والے لا علاج مرض اوپن اینگل گلوکوما(اس مرض میں آنکھوں کی عصبی رگوں میں مائع بھرنے سے مریض نابینا ہوجاتا ہے ۔
اس کے اکثر مریض 60سال سے زیادہ عمر تک پہنچنے پر بینائی کھو دیتے ہیں )کے خدشے کو 30فیصد تک کم کر سکتی ہیں۔
کولیسٹرول کنٹرول کرتی ہیں
کولیسٹرول کا بڑھنا انسانی صحت کے لیے خطر ناک ہے کیونکہ اس کا عمومی حالت میں پتہ چلانا خاصا مشکل ہے اور اس سے دل کے امراض پیدا ہوتے ہیں ۔باقاعدگی سے ہرے پتوں والی سبزیاں کا استعمال کولیسٹرو ل کنٹرول رکھنے میں مدد دیتا ہے ۔
ان میں موجود وٹامن اور منرلز کولیسٹرول کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں ۔اسی لیے کھانے میں سادہ سلاد اور ریشے والی سبزیاں زیادہ شامل کرنی چاہئیں۔
اینٹی ایجنگ
سبزیوں کا استعمال آپ کی جلد کو جوان اور خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔اگر آپ اپنی خوراک میں ایک پیالہ سلاد کا شامل کرلیں تو ان میں موجود وٹامن ،منرلز ،پانی کی بڑی مقدار اور دیگر غذائی اجزاء آپ کی جلد کو نقصان پہنچانے والے عوامل کے اثرات کو کم کرتے ہیں اور جلد جھریوں ،ڈھلکنے یارنگت گہری ہونے سے محفوظ رہتی ہے۔

کینسر کے حفاظت
ماہرین کے مطابق ہرے پتوں والی سبزیوں کا استعمال پھیپھڑے ،سینے اور کینسر کے خدشات میں کمی واقعی کرتا ہے ۔ان سبزیوں میں موجود اجزاء کینسر کے پھیلاؤ سے محفوظ رکھتے ہیں ۔اور کینسر کے مریض اگر ان سبزیوں کا استعمال شروع کردیں تویہ کینسر کی دوا کے طور پر کام کریں گی۔یہ سبزیاں پھیپھڑے سینے اور رحم مادر کے کینسر کے خلاف موٴثر دوا کے طور پر کام کرتی ہیں ۔

نیند کی کمی کا علاج
کیا آپ نیند کی کمی کا شکار ہیں ۔انسان،نیند کی کمی کا شکار آئرن کی کمی کے نتیجے میں ہوتا ہے۔اسی لیے پالک کا استعمال بہترین ہے ۔ماہرین کے مطابق پالک کا استعمال پر سکون نیند میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔تحقیقی نتائج کے مطابق جن افراد کو نیند کی کمی کی شکایت ہوا نہیں رات کے کھانے میں پالک کو شامل کرنا چاہیے۔

چاق چو بند رکھیں
برطانیہ میں کی گئی تحقیق کے مطابق تازہ اور ہرے پتوں والی سبزیاں سُستی ختم کرتی ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ ہرے پتوں والی سبزیوں میں پایا جانے والا ہیمو لیکونن خون کے خلیوں میں آکسیجن جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے جس کی وجہ سے سبزیاں کھانے والے افراد خود کو ہشاش بشاش اور چاق چو بند محسوس کرتے ہیں ۔

ڈپریشن کا علاج
ہری سبزیاں یا پتوں والی غذاؤں کا استعمال ڈپریشن میں کمی لاتا ہے ۔ڈپریشن سے متعلق نیویارک میں کی گئی تحقیق کے نتائج کے مطابق ہری سبزیاں یا پتوں والی غذائیں جیسے پالک،مولی،مٹر یا بند گوبھی کھانے سے ڈپریشن میں کمی واقع ہوتی ہے ۔ڈپریشن اور فولک ایسڈ میں کمی کا ایک بڑا ہی گہرا تعلق ہوتا ہے اور فولک ایسڈ کی کم سطح کی وجہ سے ،اکثر انسان ڈپریشن کا شکار ہوجاتا ہے ۔محققین کے مطابق ہری سبزیوں میں فولک ایسڈ بھر پور مقدار میں موجود ہوتا ہے جو کہ ڈی این سے سینتھیسس اور خون کے نئے خلیات کی تعمیر میں مدد دیتا ہے ،جس کی وجہ سے ڈپریشن میں پچاس فیصد تک کمی واقع ہو جاتی ہے ۔

Browse More Ghiza Aur Sehat