Iced Tea Ki Afadiyat - Article No. 1610

Iced Tea Ki Afadiyat

آئسڈٹی کی افادیت - تحریر نمبر 1610

گلوبل ولیج کی اصطلاح جب سے سامنے آئی ہے،ہم بلاواسطہ اس گلوبل ولیج کے باشندے بن گئے ہیں۔ہمارے شب و روز اب بین الاقوامی طور پر منائے جانے والے دنوں سے مشروط ہونے لگے ہیں۔

جمعرات 4 جولائی 2019

فاروق احمد انصاری
گلوبل ولیج کی اصطلاح جب سے سامنے آئی ہے،ہم بلاواسطہ اس گلوبل ولیج کے باشندے بن گئے ہیں۔ہمارے شب و روز اب بین الاقوامی طور پر منائے جانے والے دنوں سے مشروط ہونے لگے ہیں۔دنیا بھر میں ہر مہینے اور پھر ہرمہینے کے کئی ایک دنوں کو مخصوص چیز یا چیزوں سے مشروط کردیا جاتا ہے ،ایسے ہی جون کو آئسڈٹی کا مہینہ بھی قرار دیا گیا ہے ۔

آئسڈٹی کی ایک بھر پور تاریخ ہے اور لوگ 100سال سے زائد عرصے سے اس سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
چائے کے شوقین گرمیوں میں بھی گرما گرم چائے نوش فرمانے سے باز نہیں آتے،لیکن اگر آپ ماہ جون میں گرما گرم چائے پینے سے اجتناب کرنا چاہتے ہیں تو آپ کیلئے آئسڈٹی ایک بہتر انتخاب ثابت ہو سکتی ہے ۔اس سے نہ صرف موڈاچھا ہو جاتا ہے بلکہ کئی بہترین فوائدبھی حاصل ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

آئسڈٹی کپ کے بجائے گلاس میں پی جاتی ہے اور اس کا گلاس وٹامنز ،منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھر پور ہوتا ہے ،یعنی آپ کو وہ تمام غذائی اجزاء ملتے ہیں ،جن کی آپ کو دن بھر ضرورت ہوتی ہے۔کم کیلوریز کی حامل ہونے کی وجہ سے آئسڈٹی آپ کے وزن میں کمی لانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔آئیں دیکھتے ہیں،آئسڈٹی سے ہم مزید کون سے اہم فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

ہائیڈریشن کاخیال رکھے
گرم چائے کے مقابلے میں آئسڈٹی کا ایک گلاس آپ کے جسم میں پانی کی سطح زیادہ برقرار رکھتا ہے۔یہاں تک کہ ہارورڈ پبلک اسکول آف ہیلتھ نے ہائیڈریشن کی فہرست میں پانی کے بعد اسے دوسرا بہترین مشروب قرار دیا ہے ۔اس کی ویب سائٹ کہتی ہے کہ سادہ آئسڈٹی کیلوریز سے پاک لیکن اینٹی آکسیڈنٹس ،فلیوونائڈز اور دیگر ایسے اجزاء پر مبنی ہوتی ہے جو آپ کی صحت کو عمدہ حالت میں رکھ سکتے ہیں۔
البتہ کریم،شکریا دود ھ شامل کرنے سے اس کی افادیت میں کمی آسکتی ہے۔
کیویٹیزسے حفاظت
آئسڈٹی دانتوں کیلئے عمدہ مشروب ہے۔امریکی ریاست اوہائیومیں موجود کینیان کالج کی ریسرچ کے مطابق میٹھا کھانے کے بعد چینی سے پاک مشروب پینا آپ کے دانتوں پر پلاک جمع ہونے اور انہیں بیکٹیریا کی نشوونما سے محفوظ رکھتا ہے۔
ڈائٹ سوڈا کا بہتر متبادل
بظاہر آپ کے میٹھے کی طلب کو ڈائٹ سوڈاپورا کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس میں بھی مصنوعی شوگر شامل ہوتی ہے ،جو آپ کے جسم کیلئے کئی حوالوں سے نقصان دہ ہے ۔
اس کے برعکس ،آئسڈٹی طاقتور غذائی اجزاء سے بھر پور اور شوگر سے مبرا ہوتی ہے،جس سے کیلوریز کنٹرول میں رہتی ہیں۔
میٹابولزم میں اضافہ
مینگنیز سے بھر پور یہ مشروب آپ کے زخموں کو تیزی سے مندمل کرنے اور ہڈیوں کو مضبوط کرنے میں مدد کر سکتا ہے ۔لیکن اس سے بھی بڑا فائدہ یہ ہے کہ جب آپ وزن کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو یہ مشروب آپ کے میٹا بولزم کو کم نہیں ہونے دیتا۔
مینگنیز آپ کے ہاضمے کے نظام کی مدد کرتا ہے ،جسم کی چربی کو کام میں لاتا ہے اور میٹا بولزم کوتقویت بخشتا ہے۔
اسٹریس سے دوری
چائے تو ویسے بھی اکثر لوگوں کا ذہنی تناؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔سائنٹیفک جرنل میں پروسیڈ نگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز کی شائع شدہ ایک تحقیق کے مطابق آئسڈٹی آپ کی انزائمی اور اسٹریس کی سطح کو کم کر سکتی ہے ۔
یعنی آئسڈٹی کے اس فائدے کی سائنس نے بھی تو ثیق کردی ہے ،تو ایک گلاس آئسڈٹی بنائیں اور ذہنی تناؤ میں کمی لائیں۔
اینٹی ایجنگ کیلئے مفید
کیا آپ جانتے ہیں کہ آئسڈٹی میں پھلوں اور سبزیوں کے مقابلے میں 8سے 10فیصد زیادہ پولی فینول اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں؟یہ اینٹی آکسیڈنٹس آپ کے جسم میں فری ریڈیکلز کو توازن میں رکھتے ہیں ،کولاجن کی پیداوار کو بڑھاتے ہیں اور ٹوٹے پھوٹے خلیوں کی مرمت کرتے ہیں۔
آئسڈ ٹی کا استعمال آپ کے چہرے اور آنکھوں کو جھریوں سے زیادہ عرصے تک محفوظ رکھ سکتا ہے۔
دل کی صحت میں بہتری
آئسڈٹی کے آپ کے جسم پر اور بھی مثبت اثرات رونما ہوتے ہیں ۔میڈیکل جرنل سرکولیشن میں شائع شدہ ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ آئسڈٹی کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ،انہیں ایسے افراد کے مقابلے میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم ہوتا ہے ،جو کہ آئسڈٹی نوش نہیں فرماتے ۔

آئسڈٹی بنانے کا طریقہ
ان فوائد کو پڑھنے کے بعد اگر آپ کا دل آئسڈٹی پینے کو چاہ رہا ہے تو آپ درج ذیل طریقے سے اسے تیار کر سکتے ہیں۔
فروٹی آئسڈٹی کے اجزاء
3سے4ٹی بیگس
حسب ذائقہ چینی
ایک کپ کٹا ہوا کوئی بھی پھل(جیسے اسٹرابری وغیرہ)
آئس کیوبز ،پانی
پودینے کے پتے
شہد
لیمن جوس
ایک اسکوپ ونیلا آئس کریم
سوئٹ لیمن آئسڈٹی کے اجزاء
10ٹی بیگس
حسب ذائقہ چینی
چار کٹے ہوئے لیموں
آئس کیوبز
پانی
ایک چوتھائی ٹی اسپون بیکنگ سوڈا
6تازہ لیموں کا رس
ایک اسکوپ ونیلا آئس کریم

Browse More Ghiza Aur Sehat