Iftar Ke Mashrobat Kiya Hoon - Article No. 2151

افطار کے مشروبات کیا ہوں - تحریر نمبر 2151

بدھ مئی

Iftar Ke Mashrobat Kiya Hoon - Article No. 2151
عام طور پر گھروں میں افطار کے وقت شربت ضرور بنتا ہے۔ہر دسترخوان پر پھلوں کے تازہ جوسز یا لال شربت کا ہونا رمضان المبارک کی روایت کا تسلسل ہے۔30 یا 29 دنوں تک اس ماحول کو من و عن اس طرح جاری رکھنا طبیعت پر گراں بھی گزر سکتا ہے۔جس طرح آپ روزانہ افطار میں پکوڑے اور سموسے ہی نہیں کھاتے بلکہ ورائٹی یعنی تنوع لا کر دسترخوان سجاتے ہیں اسی طرح پیاس بجھانے کے لئے بھی کچھ اور سا اہتمام کر سکتے ہیں۔


مثال کے طور پر سیب کا جوس بنایا جا سکتا ہے۔آپ چاہیں تو اس جوس میں ایک آدھ گاجر(دستیاب ہونے کی صورت میں)اور انار بھی شامل کر سکتے ہیں۔یہ امراض قلب میں بھی مفید ہے اور جسم میں پانی کی کمی(غذائیت کے ساتھ)بھی دور کرے گا۔انار پولی فینولز،وٹامن C اور K کا بہترین مرکب پھل ہے گاجر میں وٹامن A یعنی بیٹا کیروٹین ہے اور سیب میں وٹامن C، Protine اور فلیوونائیڈز موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بینائی،ہاضمے اور جگر کی گرمی کا تدارک کرنے والا جوس ہے۔
سکنجبین
آپ پھلوں کی چاٹ پر لیموں نچوڑتے ہیں یہ بھی مفید ہے اور اگر لیموں سے براؤن شوگر ملا کر سکنجبین بھی بنا لیں تو آپ کو وٹامن C کے علاوہ B6،A اور متعدد معدنیات مل جاتے ہیں۔مثانے میں پتھری کی شکایت بھی رفع ہوتی ہے۔قبض بھی جاتا رہتا ہے اور قوت مدافعت بڑھتی ہے۔

ثقیل غذاؤں کو ہضم کرنے میں آسانی رہتی ہے۔
ستو
آپ کو برانڈڈ لیمن بارلے پسند ہے تو وہ پئیں ورنہ بھنے ہوئے جو Barley گیہوں کے موٹے آٹے کو پانی میں گھول کر براؤن یا سفید شکر گھول کر پیا جا سکتا ہے۔جس اناج کے ستو ہوں اس اناج کی مخصوص غذائیت ان میں شامل ہوتی ہے۔یہ تاثیر میں سرد ہوتے ہیں۔گرمی کے موسم کے صحت افزاء مشروب کو کچھ دیر فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرکے روزہ افطار کریں تو طبیعت سیر ہو جائے گی۔


تھادل
خشک میوہ جات اور چہار مغز کے ساتھ تیار ہونے والا یہ شربت تھادل سندھ کے شہر شکارپور،نواب شاہ کا خاص الخاص تحفہ ہے۔تھادل میں بادام ،پستہ،کاجو،انجیر اور چہار مغز شامل کئے جاتے ہیں۔غذائیت اور توانائی کے اعتبار سے اس میں وٹامن E،موزوں سیچوریٹڈ فیٹ،وٹامن B1،B2،B5،B6 اور فولک ایسڈ موجود ہیں۔انتباہ:ذیابیطس کے مریض ان تمام مشروبات میں اضافی شکر شامل نہ کریں اور اپنے معالج کے مشورے سے استعمال کریں۔


تربوز کا شربت
تربوز کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ کم و بیش 90 فیصد پانی پر مشتمل پھل ہے۔اس میں وٹامن A،فائبر،کیلشیم اور آئرن بھی موجود ہیں۔یہ گردوں کے افعال بہتر کرتا ہے اور اینٹی کینسر بھی ہے۔جسم میں پانی کی کمی کو دور کرتا ہے۔طبیعت بحال رکھتا ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-05-12

Your Thoughts and Comments