Iftar Mein Laal Sharbat Aur Smoothies - Article No. 2430

Iftar Mein Laal Sharbat Aur Smoothies

افطار میں لال شربت اور اسمودھیز - تحریر نمبر 2430

ٹھنڈک کا احساس دلائیں

ہفتہ 30 اپریل 2022

افطار کے وقت دسترخوان پر لال شربت نہ ہو تو بڑوں میں طمانیت کا تاثر نہیں ملتا اور بچے چاہتے ہیں کہ اسکواش بنے تو اچھا ہے۔چنانچہ اس ماہ کے لئے خریداری کرتے وقت مائیں مشروبات پر خاص توجہ دیتی ہیں اور آپ نے دیکھا ہو گا کہ مارکیٹ میں ان گنت شربت جن میں پھلوں کے ذائقے شامل ہوتے ہیں آپ کی توجہ حاصل کرتے ہیں۔لال شربت تو رمضان کے تحائف میں بھی شامل ہوتا ہے کیونکہ یہ مشرقی روایتوں کا اعادہ کرتا ہے اور محفوظ ترین مشروب ہے جسے پی کر فوری توانائی بھی ملتی ہے۔
پھلوں کے عرقیات پر مشتمل یہ مشروب برصغیر کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی دستیاب ہو جاتا ہے۔
کچھ لوگ ذائقے میں تبدیلی چاہتے ہیں تو وہ ایک روز لیموں کی کھٹی میٹھی سکنجبین بناتے ہیں۔لیموں میں وٹامن C،پوٹاشیم،وٹامن B6،وٹامن A اور متعدد معدنیات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یہ سحری اور افطار دونوں وقت پی جا سکتی ہے۔مثانے کی پتھری ہو یا ثقیل غذا ہضم نہ ہو رہی ہو تو یہ مشروب بے حد فائدہ کرتا ہے۔

اس سے پیاس بجھتی ہے اور جسم میں پانی کی کمی دور ہوتی ہے۔آپ چاہیں تو اس بار اسمودھیز کا تجربہ کریں۔دودھ اور پھلوں کے تراشوں کے ساتھ بنائی جانے والی یہ اسمودھیز آپ کو توانا رکھیں گی۔
Golden Milk Smoothie
یہ سنہری دودھ ہلدی کی وجہ سے گولڈن کہلاتا ہے۔ہلدی اینٹی آکسیڈنٹ جزو ہے۔صحت کے لئے پاور ہاؤس ہے۔ہر قسم کے ورموں،سوزشی تکالیف سے نبرد آزما ہونے کے لئے اس مصالحے دار دودھ سے بنی اسمودھی کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ موڈ کو بھی بہتر بنا دے گی اور نیند کا مسئلہ بھی حل ہو سکتا ہے۔اگر آپ پسند کریں تو چٹکی بھر ہلدی کے ساتھ ایک کیلا Blend کرکے شامل کر سکتے ہیں۔
Pink Smoothie
یہ چیری کے ساتھ بنائی جاتی ہے۔چیری کا جوس بھی پیا جاتا ہے۔یہ بے خوابی کا تدارک کرتا ہے۔یہ اگر اسٹرابیری دستیاب ہو تو دودھ کے ساتھ بھی بنائی جا سکتی ہے۔اگر آپ نے اسٹرابیریز کے سیزن میں کچھ پھل فریز کرکے رکھ لئے ہیں تو افطار میں توانائی بہم پہنچانے کے لئے یہ کام آئیں گے۔
اس میں شہد،دودھ،رس بھری،چیری یا اسٹرابیری اور کیلا شامل کرکے Blend کر لیا جائے تو Amino Acid،وٹامن C،اومیگا 6 فیٹی ایسڈز،پروٹین دستیاب ہو جاتے ہیں۔
Purple Smoothie
یہ لیونڈر سے تیار کی جاتی ہے۔اروما تھراپی ہو یا چائے کا استعمال کیا جائے یہ ہمیں پُرسکون بنانے والے اجزاء ہیں۔لیونڈر کی پتیوں کو دودھ میں ملا کر اسمودھی تیار کی جا سکتی ہے۔
اس کی خوشبو معطر کر دیتی ہے۔اس کے علاوہ کیلے سے White Smoothie بھی بنائی جاتی ہے۔صدیوں سے مائیں بڑھتے ہوئے بچوں کو بنانا شیک بنا کر دیتی رہی ہیں کیونکہ اس پھل میں میگنیشیم اور پوٹاشیم ہڈیوں،دانتوں اور عضلات کے لئے بہترین اجزاء موجود ہیں۔موسم گرما کی شروعات ہو چکی ہے۔اس موسم میں پانی پینے کا ایک معیار مقرر کرنا ضروری ہو جاتا ہے تاکہ جسم میں پانی کی کمی واقع نہ ہو۔دودھ،دہی،کم چکنائی والی غذائیں۔سبزیاں،تازہ پھل چھلکوں سمیت کھائے جائیں تو جسم میں پانی اور فائبر کا معقول توازن قائم ہو جاتا ہے۔یہ فوائد اضافی وٹامنز لینے سے زیادہ نہیں تو کم بھی نہیں ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat