Injeer Se Kayi Amraaz Ka Khtama - Article No. 1449

Injeer Se Kayi Amraaz Ka Khtama

انجیر سے کئی امراض کا خاتمہ - تحریر نمبر 1449

انجیر بہت مفید پھل ہے ۔اس کے بیج بہت چھوٹے ہوتے ہیں اور کھائے جا سکتے ہیں ۔اس کی کاشت قدیم زمانے سے کی جارہی ہے ۔ابتدائی طور پر مغربی ایشیا میں اس کی کاشت کا آغاز ہوا ۔یہ قدیم بابل میں2500 برس قبلِ مسیح ہوا کرتا تھا ۔

جمعہ 28 دسمبر 2018

شکیل صدیقی
انجیر بہت مفید پھل ہے ۔اس کے بیج بہت چھوٹے ہوتے ہیں اور کھائے جا سکتے ہیں ۔اس کی کاشت قدیم زمانے سے کی جارہی ہے ۔ابتدائی طور پر مغربی ایشیا میں اس کی کاشت کا آغاز ہوا ۔یہ قدیم بابل میں2500 برس قبلِ مسیح ہوا کرتا تھا ۔
ترکی ،یونان ،شام،ایران ،شمالی فرانس اور میکسیکو میں انجیر کثرت سے پایا جاتا ہے اور دوسرے ملکوں کو برآمد کیا جاتا ہے ۔

انجیر شمالی کیلی فورنیا اور واشنگٹن میں بھی کاشت کیا جاتا ہے ۔
انجیر میں حیا تین الف ،ج،د(وٹامنز اے،سی اور ڈی)اور بی کمپلیکس ہوتی ہیں ۔اس کے علاوہ غذائی ریشہ اور معدنیات (منرلز)بھی پائی جاتی ہیں ۔ان معدنیات میں مینگنیز ،فولاد ،کیلسےئم اور پوٹا شےئم شامل ہیں ۔کیلسےئم ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے ،جب کہ پوٹا شےئم ہڈیوں کو بھُر بھُر انہیں ہونے دیتا اور بلڈ پریشر کو قابو میں کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ غدئہ درقیہ (تھا ئرائڈ گلینڈ)کی کار کردگی میں بھی اضافہ کرتا ہے ۔انجیر میں ا یک مادّہ ”فی سِن “(FICIN)پایا جا تا ہے ،جس سے بند اجابت کھل جاتی ہے ۔
چناں چہ رات کو اگر4 یا5 انجیر کھا لیے جائیں تو قبض دُور ہوجاتا ہے ۔یہ بواسیر کو ختم کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے ۔اس میں قدرتی طور پر شکر زیادہ ہوتی ہے ۔انجیر قوتِ مدافعت پیدا کرتا ،جگر کے ورم کودُور کرتا ،اسہال کورفع کرتا،کم خونی پر قابو پاتا اور تیزابیت سے بچاتا ہے ۔
انجیر دافع بلغم وفالج ہے ۔اسے روزانہ کھانے سے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے اور کولیسٹرول بھی کم ہوجاتا ہے ۔یہ مانع سرطان وذیابیطس بھی ہے۔
انجیر کو بیکری کی مصنوعات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔اسے نہ صرف کیک ،جام اور جیلی میں ڈالا جاتا ہے ،بلکہ میٹھے بسکٹوں اور بنوں (BUNS)میں بھی ذائقے کے لیے شامل کیا جاتا ہے ۔خشک انجیر کو چینی ،عربی اور ہندوستان آیورویدک ادویہ میں شامل کیا جاتا ہے ۔
اس جدید دور میں بھی اسے طبِ یونانی طریقِ علاج میں استعمال کیا جا تا ہے ۔
انجیر کی تاثیر گرم ہے ۔انجیر حلق کی سوزش اور پھیپڑوں کی سوجن دور کرتا ہے ۔نہارمنھ انجیر کھانے سے دل کے عارضے سے نجات مل جاتی ہے ۔یہ ہائی بلڈ پریشر کو قابو میں کرتا ہے ۔
انجیر گو لر کے پھل سے مشابہ ہوتا ہے ۔بلغم کے اخراج کے لیے کھانسی کے خاتمے کے لیے اس کا جو شاندہ پلایا جاتا ہے ۔
یہ چیچک کے مرض کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔
انجیر کو دودھ میں پکا کر پھوڑوں اور زخموں پر باندھنے سے فائدہ ہوتا ہے ۔انجیر پیشاب آور پھل ہے ۔یہ مثانے اور گردے کی پتھری کو خارج کردیتا ہے ۔انجیر زہر کے اثرات کو ختم کرتا ہے ۔اس میں تمام پھلوں سے زیادہ غذائیت پائی جاتی ہے ۔سینے ،حلق اور سانس کی نالی کی جلن سے نجات دلاتا ہے ۔جگر اور تلّی کی صفائی کرتا ہے ۔
اس کا گودالذیذ اور مفید ہوتا ہے ۔
انجیر دیگر پھلوں کے مقابلے میں بہت نازک پھل ہےء ۔یہ پکنے کے بعد درخت سے خودبخود گرجاتا ہے ۔کم زور اور دبلے پتلے افراد کے لیے انجیر بہت مفید ہے ۔یہ جسم کو فربہ کرتا ہے ۔انجیر میں حیاتین ب اور (وٹامنز بی اور ڈی)کی مقدار کم ہوتی ہے ۔یہ قولنج کے درد سے محفوظ رکھتا ہے ۔دانتوں کے لیے انجیر مفید پھل ہے ۔
اگر کوئی فرددماغی طور پر کم زور ہوتو اُسے چاہیے کہ نہار منھ تین چار انجیر روزانہ کھائے۔
پھر اس کے بعد چند بادام ،ایک اخروٹ اور ایک چھوٹی الائچی خوب چبا کر کھائے تو اس کی یادداشت اور حافظہ بہتر ہوتاہے۔
تھوڑے سے انجیر آدھی پیالی دودھ کے ساتھ کھانے سے چہرے کی رنگت نکھر جاتی ہے ۔یہ دمے ،کھانسی اور بواسیر کے خاتمے میں بھی موٴثر ہے ۔اسے کھانے سے نہ صرف خون صاف ہوتا ہے ،بلکہ سرخ ذرّات کی مقدار میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے ۔جن افراد کی کمر میں درد رہتا ہو ،انھیں روزانہ چار انجیر کھانے چاہییں،ان کی کمر کا درد ختم ہو جائے گا۔

Browse More Ghiza Aur Sehat