Jab Chai Hai Tu Wazan Main Kami K Liye Kuch Or Kiyon - Article No. 1921

Jab Chai Hai Tu Wazan Main Kami K Liye Kuch Or Kiyon

جب چائے ہے تو وزن میں کمی کیلئے کچھ اور کیوں - تحریر نمبر 1921

آج ہم آپ کو موٹاپے سے نجات حاصل کرنے کے لئے کسی ڈائٹ پلان کے بجائے ایک ایسے مشروب سے متعلق آگاہی فراہم کرنے جا رہے ہیں

جمعہ 7 اگست 2020

رابعہ شیخ
ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے قارئین موٹاپے کا شکار ہوں ،یہی وجہ ہے کہ ہم ہر کچھ عرصے بعد اپنے قارئین کو مقبول ڈائٹنگ پلان ،سیلیبرٹیز ڈائٹنگ یا ورک آؤٹ روٹین سے متعلق آگاہی فراہم کرتے رہتے ہیں۔تاکہ آپ بھی ان پر عمل کرتے ہوئے وزن بڑھ جانے کے خوف سے آزاد رہیں۔آج ہم آپ کو موٹاپے سے نجات حاصل کرنے کے لئے کسی ڈائٹ پلان کے بجائے ایک ایسے مشروب سے متعلق آگاہی فراہم کرنے جا رہے ہیں،جو یقینا کسی نہ کسی صورت آپ کی ڈائٹ روٹین میں شامل ہو گا۔
چائے ایک ایسا مشروب ہے ،جس کے ذائقے سے دنیا بھر کے افراد لطف اندوز ہوتے ہیں اور پاکستانی تو کچھ زیادہ ہی اس کے دلدادہ ہیں۔ چائے کے فوائد اور نقصانات پر دنیا بھر میں طویل عرصے سے ایک لمبی بحث جاری ہے ،تاہم آج ہم چائے کی اُن اقسام کے بارے میں بات کریں گے ،جو نہ صرف صحت کے لئے مفید ہیں بلکہ ان کی بدولت وزن میں کمی بھی لائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

محققین کے مطابق چائے میں ایسے مرکبات دریافت کیے گئے ہیں،جو کیلوریز کے اخراج کے عمل کو تیز کرتے ہوئے جسم میں فیٹس کو کم کرنے کا سبب بنتے ہیں۔چائے کے پودے کا سائنسی نام کیمیلیاسائنیسس (Camellia Sinensis) ہے،یہ ایک منفرد جڑی بوٹی ہے جس کے ذریعے پانچ اقسام کی چائے بنائی جاتی ہے۔ان میں سفید، اوولونگ (Oolong) ، زرد،سبز،پو۔ارہ(Pu.reh) اور کالی چائے شامل ہیں۔
چائے میں دودھ اور چینی کی کثرت زائد وزن کم کرنے کی صلاحیت کو ختم کر دیتی ہے۔اگر آپ بطور ڈائٹنگ چائے کا استعمال چاہتے ہیں تو چائے کی مختلف اقسام میں سے کسی ایک کو اپنے روز مرہ معمولات کا حصہ بنائیں،جو وزن کم کرنے میں مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔
سبز چائے
کیمیلیا سائنیسس(جڑی بوٹی)سے بنائی جانے والی چائے میں سبز چائے کو ایک خاص مقام حاصل ہے،جو دنیا بھر میں ایک مقبول مشروب کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔
وزن میں کمی کے لئے اسے موٴثر مشروب قرار دیا جاتا ہے۔2008ء میں وزن میں کمی سے متعلق گرین ٹی کے لئے 60افراد کو مطالعہ میں شامل کیا گیا اور انھیں باقاعدگی کے ساتھ روزانہ سبز چائے پلائی گئی۔ 12ہفتے بعد ان افراد کے وزن میں 3.3کلو گرام کی کمی دیکھنے میں آئی۔نتیجے کے طور پر ماہرین کا کہنا تھا کہ روزانہ ایک کپ سبز چائے انسانی جسم کو تمام اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتی ہے اور میٹا بولزم کو بڑھا کر چربی جلانے کا عمل تیز کرتی ہے۔

پو۔ارہ چائے
کیمیلیا سائنیسس سے بنائی جانے والی چائے میں پو۔ارہ چائے دوسرے نمبر پر ہے۔اس چائے کو چائنیز قہوہ کی ایک قسم بھی کہا جاتا ہے ۔کیمیلیا سائنیسس ماضی میں صرف مشرقی ایشیا میں پائی جاتی تھی،اب یہ بھارت اور پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں اُگائی جاتی ہے۔اس چائے سے عام طور پر کھانے کے بعد لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔
پاکستان کے کئی شہروں میں بھی پو۔ارہ چائے مختلف فوائد کی بدولت استعمال کی جاتی ہے۔جانوروں پر کی گئی تحقیق کے مطابق۔پو۔ارہ ٹی بلڈ شوگر لیول کم کرنے میں بھی مفید ہے۔اس کے علاوہ دیگر مطالعوں سے یہ بھی ثابت ہے کہ چائے کی یہ قسم وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
کالی چائے
وزن میں کمی یا پیٹ کی چربی گھلانے کے لئے بلیک ٹی کا استعمال کافی فائدہ مند ہے۔
شاید یہی وجہ ہے کہ بلیک ٹی کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ پی جانے والی چائے کے طور پر جانا جاتا ہے ۔طبی جریدے یورپین جرنل آف نیوٹریشن میں شائع شدہ تحقیقی نتائج کے مطابق بلیک ٹی جسمانی وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ دیگر طبی فوائد کا باعث بھی بنتی ہے۔کیونکہ اس میں موجود کیمیکلز خون اور ٹشوز میں جذب ہو جاتے ہیں، جس کے باعث اس چائے کا استعمال انسان کے وزن میں کمی اور اچھی صحت میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

سفید چائے
سفید چائے رنگت میں ہلکی سنہری مائل ہوتی ہے،جس کا ذائقہ بہت لطیف ہوتا ہے۔اس کے برعکس سبز چائے،رنگت میں قدرے سبزی مائل اور ذائقے میں سفید چائے سے قدرے تیز ہوتی ہے۔روایتی چائے کی بہ نسبت سفید چائے کیمیلیا سائنیسس نامی جڑی بوٹی کی نرم کلیوں سے بنائی جاتی ہے۔انہیں انتہائی محتاط طریقے سے اس وقت تک سورج کی روشنی میں خشک کیا جاتا ہے۔جب تک یہ پتیاں سنہری مائل رنگت کی نہیں ہو جاتیں۔ماہرین کے مطابق سفید چائے اور سبز چائے دونوں میں موجود اجزاء ایک ہی طرح سے انسانی وزن میں کمی لانے کا باعث بنتے ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat