Jaisi Ghiza Waisi Sehat - Article No. 2127

Jaisi Ghiza Waisi Sehat

جیسی غذا ویسی صحت - تحریر نمبر 2127

یہ کیمیائی اجزاء غذائی اہمیت کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ،انسان کو بہت سی بیماریوں سے بھی بچاتے ہیں

جمعہ 9 اپریل 2021

نیوٹراسیوٹیکل Nutraceutical کی اصطلاح پہلی مرتبہ 1983ء میں استعمال کی گئی۔نیوٹراسیوٹیکل کیا ہیں․․․․؟یہ کھانے میں موجود وہ اہم کیمیائی اجزاء ہیں،جو ہمارے جسم کے لئے مفید اور کارآمد ہیں۔یہ کیمیائی اجزاء غذائی اہمیت کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ،انسان کو بہت سی بیماریوں سے بھی بچاتے ہیں۔نئی تحقیق کی روشنی میں ڈاکٹرز،سائنسدان اور غذائی ماہرین علاج کے پرانے طریقوں اور جڑی بوٹیوں سے علاج پر زیادہ زور دے رہے ہیں۔
کیلشیم،نیوٹراسیوٹیکل کی ایک مثال ہے،جو ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے،تو ساتھ ہی ہڈیوں کے بھربھرے پن (Osteoporosis) کی بیماری کا شافی علاج بھی ہے۔
فولاد،جسم میں خون کی کمی دور کرتا ہے،اسی طرح غذائی ریشہ،جسم میں چربی کو جذب ہونے سے بچاتا ہے،تو دوسری طرف کولیسٹرول بھی کم کرتا ہے،اس کے علاوہ آنتوں کے سرطان سے بھی بچاؤ کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

فائٹو کیمیکل بھی نیوٹراسیوٹیکل ہوتے ہیں۔

فائٹو کیمیکل کیا ہیں؟لفظ فائٹو کیمیکل دو الفاظ کا مرکب ہے۔فائٹو Phyto یعنی پودے اور کیمیکل۔وہ کیمیائی اجزاء جو پودوں میں پائے جاتے ہیں،فائٹو کیمیکل کہلاتے ہیں۔محققین ابھی تک تقریباً ایک ہزار فائٹو کیمیکلز دریافت کر چکے ہیں۔پھلوں اور سبزیوں میں سرخ،سبز،پیلے،نیلے رنگ کے فائٹو کیمیکلز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔یہ کیمیائی اجزاء قوت مدافعت بڑھاتے ہیں اور سرطان،دل اور ذیابیطس جیسے امراض سے بچاؤ کا باعث بنتے ہیں۔

آج کل کے دور میں مرغن غذائیں،بغیر بھوسی کے آٹے کی روٹی،فاسٹ فوڈز اور کولڈ ڈرنکس کا استعمال عام ہے۔لوگ یہ سوچے سمجھے بغیر کہ ان غذاؤں کا استعمال صحت پر برے اثرات مرتب کرے گا،انہیں بڑی رغبت سے کھاتے ہیں حالانکہ یہ غذائیں اور مشروبات ایک طرف کولیسٹرول بڑھاتے ہیں تو دوسری طرف امراض قلب اور دیگر بیماریوں کا باعث بھی بنتے ہیں۔چھنے ہوئے،بغیر بھوسی کے آٹے کا استعمال نظام ہضم پر برا اثر ڈالتا ہے۔
ان سب وجود کی بناء پر ذیابیطس،دل کے امراض اور سرطان جیسی بیماریاں عام ہوتی جا رہی ہیں۔سبزیوں اور پھلوں میں موجود فائٹو کیمیکلز ان سب بیماریوں کی روک تھام میں نہ صرف اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ صحت مند جسم کی نشوونما بھی کرتے ہیں۔آئیے،پودوں کے کچھ کیمیائی اجزاء اور ان کے فوائد سے آگہی حاصل کریں۔
فلاونوائیڈز(Flavonoids)
یہ کیمیائی جز تقریباً تمام سبزیوں اور پھلوں میں پایا جاتا ہے۔
فلاونوائیڈ کیا ہیں․․․․؟یہ ایک اہم کیمیائی مرکب ہے،جو انسانی جسم کو فاسد مادوں،ٹیومرز اور وائرسز سے محفوظ رکھتا ہے۔فلاونوائیڈ کی بہت سی اقسام ہیں۔ان میں سے کچھ فلاونوائیڈ،خون میں اچھے کولیسٹرول (HDL) کی مقدار بڑھاتے ہیں اور کچھ الرجی سے بچاتے ہیں۔کیوارسٹن (Quercetin) فلاونوائیڈ ہی کی ایک قسم ہے،جو سر اور گردن کے سرطان سے بچاتا ہے،رسوٹول (Resvertol) جسم میں خون کی گٹھلیاں (Clots) بننے کے عمل کو روکتا ہے،ساتھ ہی فالج اور دل کے امراض سے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔
اس کے علاوہ کچھ فلاونوائیڈز دماغی کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔
فائٹواسٹرول
فائٹواسٹرول بیش تر پودوں کے بیجوں میں پائے جاتے ہیں۔ان کی افادیت یہ ہے کہ یہ کولیسٹرول کو آنت میں جذب ہونے سے روکتے ہیں اور ساتھ ہی امراض دل اور روک تھام میں مفید ہیں۔
کیروٹنوائیڈز
اس کیمیائی جز کا تعلق وٹامن اے سے ہے۔
یہ جسم میں وٹامن اے بننے میں مدد کرتے ہیں۔کیروٹنوائیڈز زیادہ تر لال،پیلی اور نارنجی رنگ کی سبزیوں اور پھلوں میں پائے جاتے ہیں۔لائیکوپین جو ٹماٹر سے وافر مقدار میں حاصل ہوتا ہے۔سینے،پھیپھڑوں ،آنتوں،پروسٹیٹ اور رحم کے سرطان سے بچاؤ کا سبب ہے۔یہ نا صرف سرطان کے بچاؤ کے لئے اہمیت کے حامل ہیں،بلکہ یہ آنکھوں کے لئے بھی مفید ہیں۔ کچھ اجزاء زیادہ عمر میں ہونے والی بینائی کے نقائص روکتے ہیں تو ساتھ ہی خواتین کے تولیدی اعضاء کی حفاظت بھی کرتے ہیں۔
ان کے علاوہ اور بھی فائٹو کیمیکلز ہیں،جو انسان کے جسم میں کینسر پیدا کرنے والے خلیوں کے خلاف متحرک پائے گئے ہیں۔جیسا کہ شروع میں ہی بیان کیا جا چکا ہے کہ فائٹو کیمیکلز پھلوں اور سبزیوں میں وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں،لہٰذا ان سے فائدہ اٹھانے اور اپنی صحت بہتر بنانے کے لئے،ہمیں اپنی غذا میں پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔
تلے ہوئے اور چکنائی والے کھانے کم سے کم اور ان کی جگہ سلاد اور پتوں والی سبزیوں کو کھانے کا حصہ بنانا صحت کے لئے اہم ہے۔
ہم پھلوں یا سبزیوں کی شکل میں جو غذا استعمال کرتے ہیں وہ زیادہ افادیت کے ساتھ پُر اثر ہوتی ہیں۔ان میں پھول گوبھی،سلاد پتہ، پالک،ٹماٹر،شملہ مرچ،گاجر ،تربوز،گریپ فروٹ،آم، ناشپاتی،سویابین،بنو،گندم،جوار،شکر قندی،ادرک،لہسن،ہلدی،پیاز،گرین ٹی، کھجور وغیرہ شامل ہیں،یہ ایسی غذائیں ہیں،جو انسانی جسم کو ضروری فائٹو کیمیکلز مہیا کرتی ہیں،نیز یہ غذا ہی بہترین دوا بھی ہیں۔
اب مسئلہ یہ ہے کہ ان مفید اشیاء کا استعمال کھانے میں کیسے بڑھایا جائے،کیونکہ بغیر روغن اور بغیر مسالے کے پکوان ہم سے کھائے نہیں جاتے اور کولڈ ڈرنک تو جیسے ہماری ضرورت ہی بن گئی ہے۔متبادل کے طور پر،کولڈ ڈرنک کی جگہ سبزیوں کے جوس اور تلے ہوئے پکوڑوں،سموسوں کی جگہ کچی سبزیوں،مثلاً گاجر،ٹماٹر اور کھیرے وغیرہ کا استعمال بہترین ہے۔
اسی طرح،مٹھائیوں کی جگہ خشک میوہ جات،جن میں کشمش،سوکھی خوبانی اور کھجور وغیرہ سرفہرست ہیں، صحت کے لئے بہت مفید ہیں۔پانی کازیادہ سے زیادہ استعمال نظام ہضم کو بہتر رکھتا ہے۔
انگریزی کی ایک مشہور کہاوت ہے:
”انسان جیسا کھاتا ہے،ویسا ہی نظر آتا ہے۔“
بے شک،اچھا اور سادہ کھانا انسان کی جسمانی اور دماغی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔نیوٹراسیوٹیکل یا فائٹو کیمیکل، جو عام سبزیوں، پھلوں،اناج وغیرہ سے حاصل ہوتے ہیں،نا صرف غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں بھی مددگار ہیں، لہٰذا،انہیں اپنی ڈائٹ کا حصہ بنا کر ہم کئی بیماریوں سے محفوظ اور صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat