Kachi Sabzion Ke Pakay Fawaid - Article No. 1920

Kachi Sabzion Ke Pakay Fawaid

کچی سبزیوں کے پکے فوائد - تحریر نمبر 1920

کچی سبزیوں کے بیش بہا فوائد کی وجہ سے اس کا اعتراف کرنے میں ہچکچانے کی کوئی بات نہیں۔

جمعرات 6 اگست 2020

فاروق احمد انصاری
عجیب سی بات ہے کہ کچی سبزیاں ذوق وشوق سے کھانے والے اپنی اس عادت کا اعتراف کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔کچی سبزیوں کے بیش بہا فوائد کی وجہ سے اس کا اعتراف کرنے میں ہچکچانے کی کوئی بات نہیں۔بے شک کچھ سبزیوں کو کچا کھانے میں ان کا ذائقہ اچھا نہیں لگتا مگر صحت پر ان کے دیر پا اثرات رہتے ہیں،خاص طور پر یہ نظام ہاضمہ کے لئے انتہائی مفید ہوتی ہیں۔
یہ بات بھی مسلمہ ہے کہ ہاضمہ ٹھیک ہوتا ہے تو صحت بھی ٹھیک رہتی ہے۔کچی سبزیوں کے فوائد کہیں نہ کہیں ہمارے لا شعور میں ہوتے ہیں تبھی تو پر تکلف دعوتوں اور مرغ مسلم والی محفلوں میں سلاد کے بغیر ضیافت ادھوری سمجھی جاتی ہے۔کچی سبزیوں کا سب سے بڑا فائدہ تو بہر حال یہ ہے کہ انھیں ایسے ہی کھانے سے غذائیت ضائع نہیں ہوتی،جبکہ انہیں پکانے کے دوران اس بات کا احتمال ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

آئیں جانتے ہیں کہ کونسی کچی سبزی کتنی فائدہ مند ہے۔
پالک اور چقندر
فولاد چاہئے تو پالک کھائیے لیکن ساتھ ہی آئرن سے بھر پور چقندر کھانا بھی نہ بھولیے،اس میں وٹامن سی بھی ہوتا ہے،جو آپ کی آنتوں کو آئرن بہتر طور پر جذب کرنے میں مدد کرتا ہے۔اگر آپ کو کچے چقندر پسند نہیں تو اس کے سلائس بنا کر تھوڑا سا نمک اور لیموں کا عرق چھڑک کر ایک گھنٹے کے لئے رکھ دیں،چاہیں تو نرم کرنے کے لئے تھوڑا سا پکالیں اور اس پر پالک کاٹ کر ڈال دیں۔
اس کے بعد کالی مرچ چھڑک کر تناول فرمائیں،آپ یقینا اچھا محسوس کریں گے۔
بندگوبھی اور ہری مرچ
آپ ہری یا عنابی گوبھی ،ہری مرچ کے ساتھ ملا کر کھا سکتے ہیں۔گوبھی بہت سارے وٹامن گروپس کا بہترین ذریعہ ہے اور قابل ہضم فائبرز بھی فراہم کرتی ہے۔ہری مرچ میں موجود وٹامن سی،گوبھی سے حاصل ہونے والے منرلز کو ہضم کرنے کے عمل میں تیزی لاتی ہے۔
اس کے علاوہ ہری مرچ ذائقہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ آپ کو پوٹاشیم،مینگنیز اور دیگر وٹامنز بھی فراہم کرے گی۔دونوں سبزیوں کے امتزاج کو نمک ،چینی،لیموں اور ادرک سے آراستہ کرلیں۔اگر چھوٹی ہری مرچ کھا سکتے ہیں تو وہ بھی ملا لیں،ورنہ بڑی مرچ ہی کافی ہے۔
ٹماٹر اور شملہ مرچ
رنگین شملہ مرچ قوت مدافعت بڑھانے والے وٹامنز سے بھرپور ہوتی ہے۔
اسے ایسیڈیٹی دور کرنے والے ٹماٹر کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جائے تو یہ آپ کے جسم کے لئے بے پناہ فائدہ مند ہو گی۔ویسے بھی جب آپ رنگ برنگی شملہ مرچوں کو دیکھیں گے تو شاید اپنا ہاتھ روک نہ پائیں ۔آپ انہیں سرکہ کے ساتھ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ٹماٹر اور شملہ مرچوں کے امتزاج میں پریسلے کے تازہ پتے ملا لیں،جو کیلشیم اور وٹامن ڈی سے بھر پور ہوتے ہیں یا اس کے متبادل کے طور پر تازہ دھنیا چھڑک لیں،جس میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیت ہوتی ہے اور یہ مرچوں سے حاصل شدہ وٹامنز کو مکمل بنا دیتا ہے۔

گاجر اور مولی
دونوں سبزیوں کو باریک کاٹ لیں اور ان پر نمک اور لیموں چھڑک لیں۔مولی کی ترشی کا مداوا گاجر کرے گی۔اس امتزاج کے ساتھ آپ مولی کے پتے اور ایواکاڈو کے سلائس بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ایواکاڈو آپ کو اومیگا تھری فیٹی ایسڈ فراہم کرتا ہے،جو قدرتی غذاؤں سے بمشکل حاصل ہوتا ہے۔مولی کی ہاضمہ بہتر کرنے کی قابلیت آپ کے جسم میں گاجر ہضم کرنے کے عمل کو تیز اور بہتر کرتی ہے۔
آپ دونوں سبزیوں کو نمک،چینی،لیموں یا دہی کے ساتھ ملا کر تناول فرما سکتے ہیں۔گاجر آپ کے جسم کی اندر سے صفائی کرتی ہے جبکہ مولی میں اینٹی فنگل (جسم کے اندر فنگس والے انفیکشن کے خلاف)خصوصیت ہوتی ہے،اس لئے دونوں کا امتزاج بہت پاور فل بن کے سامنے آتا ہے۔
کچی سبزیوں کے دیگر فوائد
جاپان میں لوگ سو سو سال تک زندہ رہتے ہیں اور انہیں موذی بیماریاں چھو کر نہیں گزرتیں۔
ہنزہ اور وادی کشمیر میں بھی لوگ بغیر بیمار ہوئے عمر کی سینچری کر گزرتے ہیں۔اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ لوگ قدرت کی عطا کردہ غذائیں کھاتے ہیں،ان میں زیادہ تر پھل،کچی سبزیاں اور خشک میوے شامل ہیں اور وہ پروسیسڈ غذاؤں سے بالکل نا بلد ہیں۔عموماً وہاں آپ کو دل،ذیابیطس اور جوڑوں کے درد کے مریض نہیں ملتے۔اسی طرح نیوزی لینڈ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ پھل اور سبزیاں کم کھاتے ہیں،ان میں ڈپریشن کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
18سے 25سال کے چار سو افراد پر کی گئی ایک ریسرچ کے بعد ماہرین کا کہنا تھا کہ آپ گہری رنگت کے پتوں والی سبزیاں، کھیرا،کیوی،گاجر اور تازہ بیریز زیادہ سے زیادہ کھائیں کیونکہ ان سے جسم میں انفلیمیشن کم ہوتی ہے اور ذیابیطس جیسی بیماریاں دور رہتی ہیں۔
کار آمد مشورے
سبزیاں استعمال کرنے سے پہلے انہیں اچھی طرح دھولیں۔

جڑوں والی سبزیوں کو پانی میں سرکہ ڈال کر دھوئیں تاکہ چھپے ہوئے جراثیم ہٹ جائیں۔
پتوں والی سبزیاں جیسے لیٹس (Lettuce) اور اجوائن کے پتے (Celery) تقریباً ہر سبزی کے ساتھ استعمال ہو سکتے ہیں۔
تازگی،ذائقہ اور غذائیت بڑھانے کے لئے آپ تازہ ہرب جیسے کہ کالی تلسی،اجوائن،پودینہ،پارسلے اور دھنیا استعمال کر سکتے ہیں۔
کھیرے دل و دماغ کو ٹھنڈک بخشتے اور ڈی ہائیڈریشن سے دوررکھتے ہیں،انہیں اجوائن یا پودینے کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat