Kalonji Sehat Ki Muhafiz - Article No. 1089

Kalonji Sehat Ki Muhafiz

کلونجی ۔ صحت کی محافظ - تحریر نمبر 1089

کلونجی کے بیج بہت مفید صحت ہوتے ہیں۔ یہ غذا بھی ہیں اور دوا بھی۔ ان بیجوں کی خوبیوں اور اہمیت کا اندازہ اس حدیث سے لگایا جا سکتا ہے۔

جمعرات 4 مئی 2017

سعدیہ قمر:
کلونجی کے بیج بہت مفید صحت ہوتے ہیں۔ یہ غذا بھی ہیں اور دوا بھی۔ ان بیجوں کی خوبیوں اور اہمیت کا اندازہ اس حدیث سے لگایا جا سکتا ہے۔
ّّ”کلونجی استعمال کیا کرو، کیوں کہ اس میں موت کے سوا ہر بیماری کے لیے شفا ہے“
کلونجی کے حیرت انگیز فوائد ہیں، مثلاََ کلونجی کھانے سے دودھ پلانے والی عورت کے دودھ میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
جرمنی کے سائنس دانوں نے سرطان سے نجات کے لیے کلونجی کو مفید قراردیا ہے۔ان کی تحقیق کے مطابق یہ آنتوں کے سرطان کو ختم کر دیتی ہے۔ گردے اور مثانے کی پتھری سے چھٹکارا دلانے کے لیے کلونجی کے جو شاندے میں شہد ملا کر پلایاجاتا ہے۔جس سے پتھری ریزہ ریزہ ہو کرخارج ہوجاتی ہے۔کلونجی کو خارجی طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نزلے زکام میں صرف اس کے سونگھنے سے فائدہ ہوتا ہے۔

اس مقصد کے لیے کلونجی،نوشادر اور سونٹھ دودو گرام لیں۔پھر ان کاسفوف بنا کر ایک پوٹلی میں ڈال لیں،جس کو سونگھنے سے بند ناک کھل جاتی ہے اورنزلہ زکام جاتا رہتا ہے۔غیر ضروری ڈکاروں کی تکلیف میں کلونجی کا سفوف کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔کلونجی کا سفوف شہد میں ملا کر کھانے سے سُدے خارج ہوجاتے ہیں۔اس سفوف کا نصف چمچہ صبح نہار منہ کھانے سے اعصاب کو تقویت ملتی ہے۔
کلونجی سانس کے امراض میں بھی فائدہ دیتی ہے ،خصوصاََ دمے میں تو حیرت انگیز طور پر فائدہ ہوتا ہے۔کلونجی معدے کی ٹھنڈک کو بھی دور کرتی ہے۔
کلونجی پیٹ کے کیڑے ہلاک کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔پیٹ میں خواہ کیڑے کسی بھی قسم کے ہوں،کلونجی کا کھانا بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔چائے کا آدھا چمچہ کلونجی کی مقدار صبح و شام کھانے سے کیڑوں کی اکثر اقسام ختم ہو جاتی ہیں۔

کلونجی بالوں کے لیے بھی مفید ہے۔اس سے بالوں کا گرنا بند ہو جاتا ہے،بال لمبے اور گھنے ہو جاتے ہیں۔اس مقصد کے لیے کلونجی کو خوب باریک پیس کر کچھ دیربالوں کی جڑوں میں اچھی طرح لگا رہنے دیں۔پھر آدھے گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔
اس سے بال خوب صورت اور مضبوط ہو جاتے ہیں۔یہ بالوں کے لیے ٹانک کی حیثیت رکھتی ہے۔اس طرح چہرے کے کیل مہاسوں کی شکایت میں بھی کلونجی فائدہ مند ہے۔کلونجی کو سِرکے میں پیس کر رات کو چہرے پر لگالیں اور صبح چہرہ دھولیں۔صرف چند دنوں میں اس نسخے پر عمل کرنے سے چہرے کے مہاسے ختم ہوسکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat