Kam Khayeen Sehat Payeen - Article No. 2550

Kam Khayeen Sehat Payeen

کم کھائیں‘صحت پائیں - تحریر نمبر 2550

کم کھانا جسم کے خلیات کو نقصان دہ تباہی اور کینسر کے خطرے سے بچاتا ہے اور صحت مند بڑھاپے کا سبب بنتا ہے

بدھ 5 اکتوبر 2022

محمد ارسلان
ماہرین کا کہنا ہے کہ کم کھانا جسم کے خلیات کو نقصان دہ تباہی اور کینسر کے خطرے سے بچاتا ہے اور صحت مند بڑھاپے کا سبب بنتا ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر آپ لمبی زندگی جینا چاہتے ہیں تو جان بوجھ کر کم کھانا شروع کر دیں،کیونکہ کم خوراکی سے بڑھتی عمر کے جسم پر پڑنے والے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
آسٹریلیا کی نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی کی ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کم کھانا صحت مند اور لمبی زندگی گزارنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔اس طرح جسمانی نظام مسلسل مرمت ہوتا رہتا ہے۔خاص طور پر کم حراروں پر مشتمل خوراک طویل اور صحت مند زندگی گزارنے کے لئے مددگار ثابت ہوتی ہے۔ممکن ہے کہ خوراک کی مقدار میں کمی کا خیال بہت سے لوگوں کو اچھا نہ لگے لیکن تحقیق کا نتیجہ آگے چل کر اینٹی ایجنگ ادویات بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

خوراک کی مقدار میں کمی سے خلیات کے ری سائیکل ہونے کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے اور جسم کی مرمت کا منظم عمل بھی زیادہ تیزی سے کام کرتا ہے جس سے انسان کی طویل اور صحت مند زندگی کا امکان بڑھ جاتا ہے۔انسانی صحت کے نقطہ نظر سے ممکن ہے کہ لمبی عمر صرف غذائی پابندی کا ایک ضمنی اثر ہو لیکن خلیات کے ری سائیکل ہونے کے نظام اور اس کے اثرات کو سمجھنا ضروری ہے جس میں لمبی اور طویل زندگی کا راز پوشیدہ ہو سکتا ہے۔

عام طور پر یہ نظریہ ارتقائی دور میں قحط کے دوران بقاء کی حد تک قابل قبول سمجھا جاتا ہے۔جبکہ تجربہ گاہ میں ایسے شواہد حاصل ہو چکے ہیں کہ غذائی پابندی توسیعی عمر میں مددگار ہے۔سائنسدان بہت عرصے سے یہ بات جانتے ہیں کہ انتہائی محدود خوراک کھانے سے کینسر میں کمی آسکتی ہے اور ذیابیطس کے مرض میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔ایسے لوگ جو محدود حراروں والی غذا کے ساتھ ورزش کرتے ہیں وہ ہائی بلڈ پریشر،ذیابیطس اور کولیسٹرول کو بہتر بنا سکتے ہیں۔یہ عوامل دائمی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔کم حراروں والی غذا عمر بڑھنے کی رفتار کو سست بنا دیتی ہے۔ایک اور مطالعے کے نتیجے میں کہا گیا ہے کہ 20 سے 30 فیصد لمبی زندگی جینے کے لئے خوراک کی مقدار کو 40 فیصد کم کرنا ضروری ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat