Karam Kala Ya Gobhi - Article No. 2269

Karam Kala Ya Gobhi

کرم کلہ یا گوبھی - تحریر نمبر 2269

یہ صحت بخش اثرات کی حامل سبزی ہے

پیر 11 اکتوبر 2021

بند گوبھی اور پھول گوبھی ایک ہی خاندان کی دو ایسی سبزیاں ہیں جن کے فوائد سے ہر کوئی واقف نہیں۔بند گوبھی کو چائنیز،سنگاپورین اور بحر اوقیانوس کے ملکوں کے کھانوں میں زیادہ استعمال کیا جاتا ہے جبکہ پھول گوبھی کے پکوڑے،سادہ ترکاری کے پکوانوں کے علاوہ گوشت شامل کرکے پکایا جاتا ہے۔صحت بخش اثرات کی حامل یہ سبزی کچی یا نیم پختہ حالت میں بھی کھانے کے فوائد ہیں۔
اس کے ڈنٹھل اور پتوں کو بھی ضائع نہیں کرنا چاہئے۔اگر آپ گوبھی اُبال کر دیگر سبزیاں مثلاً ہری پیاز،ثابت زیتون،کھیرے کی تراشوں اور گاجر کے ساتھ سلاد بنا لیں اور اس پر چند قطرے اولیو آئل شامل کر لیں تو یہ غذائیت بھری سلاد بہترین اسنیکس میں شمار ہو گی۔اولیو آئل سے ان سبزیوں کی غذائیت اور افادیت کئی گناہ بڑھ جاتی ہے۔

(جاری ہے)


یہ اینٹی کینسر سبزی ہے
تحقیق سے ثابت ہو چکا ہے کہ پھول گوبھی میں کینسر سمیت کئی بیماریوں سے بچانے کی خداداد صلاحیت موجود ہے۔

درمیانی جسامت کی ایک گوبھی میں کینو سے زیادہ و ٹامن C موجود ہے۔اسی طرح وٹامن K بیٹا کیروٹین کی شکل میں وٹامن A،B3،B1،B5،B6 اور فولک ایسڈ،فائبر،فائٹو کیمیکلز اور غذائی معدنیات پائے جاتے ہیں۔
وزن گھٹانے میں مفید
اُبلی ہوئی پھول گوبھی کھانے کے ساتھ تیز چہل قدمی یعنی دوڑنے یا سیڑھیاں چڑھنے کی ورزش سے نتائج سامنے آتے ہیں۔
گوبھی جب بھی پکائیں اجوائن شامل کر لی جائے تو اس کا بادی پن جاتا رہتا ہے یا پھر ادرک ضرور شامل کر لیا جائے۔
کولیسٹرول متوازن رکھنے میں مددگار
بند اور پھول گوبھی دونوں ہی ایک مشترکہ خاصیت خون کی رگوں میں نرمی اور لچک برقرار رکھنا ہے۔یہ اس طرح ممکن ہے کہ اس سبزی کے معدنیات خراب کولیسٹرول کی مقدار گھٹانے میں مدد دیتے ہیں۔
سردیوں کی آمد کے موقع پر یہ سبزی تازہ حالت میں عام دستیاب ہوتی ہے یہ ہی اصل میں اس کا موسم بھی ہے لہٰذا مہینے میں تین چار بار اسے کھانا مفید رہتا ہے۔جلد کی تازگی اور شادابی بھی برقرار رکھنے والی سبزی ہے ۔شوگر کے مریضوں کے لئے بھی اس عام سبزی سے خاص فائدہ رہتا ہے۔یہ خون میں شکر کی مقدار کم کرنے والی سبزی ہے۔
پھول گوبھی کے فوائد
پھول گوبھی بلغم کو روکتی ہے اور مسوڑھوں کے لئے مفید ہے۔

یہ خون صاف کرنے والی سبزی ہے۔اس کے استعمال سے پھوڑے پھنسیاں اور بواسیر کی شکایت ختم ہوتی ہے۔خونی و بادی بواسیر کے علاوہ جریان کے لئے بہت مفید ہے۔
اس میں فاسفورس،وٹامن B اور C دانتوں اور ہڈیوں کے لئے بہترین دفاعی اجزاء ہیں۔
بند گوبھی کے فوائد
یہ نیم پختہ حالت میں کھائے جائے یا کچی شوگر اور موٹاپے کے عارضے میں نقصان دہ نہیں۔
اس میں فائبر اور گندھک پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے۔
یہ معدے اور بڑی آنت کی صفائی کرتی ہے۔اینٹی کینسر اور اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔اینٹی آکسیڈنٹس آزاد خلیوں کے منفی اثرات کو دور کرتے ہیں۔اس سبزی میں یہ صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے۔
مجموعی طور پر گوبھی،خون کی صفائی،معدے میں بیکٹیریاز کے خاتمے،بڑھتی ہوئی عمر میں یادداشت کی خرابی دور کرنے،جگر کے افعال بہتر بنانے اور کینسر کے خلیوں کو بڑھنے سے روکنے میں مدد دینے والی سبزی ہے،اسے پراٹھوں سے لے کر پکوڑوں،ترکاری سے لے کر گوشت تک میں کسی بھی طرح پکایا جائے یا نیم پختہ حالت میں کھایا جائے مفید ترین ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat