Khajoor - Date - Article No. 1870

Khajoor - Date

کھجور - تحریر نمبر 1870

توانائی کا بہترین ذریعہ

بدھ 10 جون 2020

ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں روزہ دار عموماً کھجور سے روزہ کھولتے ہیں ۔اس سنت نبوی کی تقلید میں صحت کے بھی بے شمار فوائد مضمر ہیں ۔اس پھل میں کئی ضروری غذائی اجزاء، وٹامنز اور منرلز پائے جاتے ہیں جو ہماری معمول کی افزائش اور صحت بر قرار رکھنے کے لئے بہت اہم ہیں۔ تازہ کھجوریں نرم اور آسانی سے ہضم ہونے والے گودے پر مشتمل ہوتی ہیں جس میں عام قسم کی شکر فرکٹوس (Fructose) اور ڈیکسٹروز (Dextrose) پائی جاتی ہیں ۔
کھجور کھاتے ہی جسم میں توانائی کی کمی پوری ہو جاتی ہے اور وہ پھر سے کام کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ 100گرام خشک کھجوروں میں 270حرارے ہوتے ہیں جبکہ ایک اوسط سائز کی کھجور تقریباً دس گرام وزنی ہوتی ہے اور وہ ستائیس حراروں پر مشتمل ہوتی ہے ۔تازہ 100گرام کھجوروں میں کیلوریز کی تعداد 127ہوتی ہے۔

(جاری ہے)


اب ذکر کرتے ہیں کہ طبی لحاظ سے کھجور میں کون کون سی خوبیاں پنہاں ہیں۔

اس پھل میں غذائی ریشوں کی بہتات ہوتی ہے جو آنتوں میں صحت کے لئے مفید LDLکولیسٹرول کے انجذاب کو روکتے ہیں ۔یہ ریشے قبض کشا خصوصیات بھی رکھتے ہیں اور بڑی آنت (قولون) میں کینسر کا سبب بننے والے کیمیائی مادوں کو جسم سے خارج کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔
کھجور میں بے شمار صحت بخشPhytonutrientsپائے جاتے ہیں جنہیں Tanninsکہتے ہیں۔Tanninsکے بارے میں یہ بات معروف ہے کہ یہ جسم کو انفیکشن سے بچاتے ہیں ،سوزش سے محفوظ رکھتے ہیں اور جریان خون کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کھجور وٹامن اے کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ 100گرام کھجور میں وٹامن اے کی تعداد 149انٹر نیشنل یونٹس ہوتی ہے ۔یہ وٹامن اینٹی آکسیڈنٹ خوبیوں کا حامل ہوتا ہے اور بصارت کے لئے اس کی اہمیت مسلمہ ہے ۔جلد اور لعاب خارج کرنے والی جھلیوں Mucous Membraneکو صحت مند رکھنے کے لئے بھی ان کی ضرورت ہوتی ہے ۔وٹامن اے سے بھر پور پھلوں کے استعمال سے پھیپھڑے اور منہ کے سرطان سے بھی محفوظ رہا جا سکتاہے۔

اس پھل میں بیٹا کیروٹین ،لوٹین اور زیگزانتھین جیسے اینٹی آکسیڈنٹ Flavonoidsبھی ہوتے ہیں ۔یہ اینٹی آکسیڈنٹ خلیات اور جسم کے دیگر ڈھانچوں کو آکسیجن سے مبرافری ریڈیکلز سے بچاتے ہیں جس سے قولون ،پراسٹیٹ سینہ ودیگر نسوانی اعضاء پھیپھڑے اور لبلبے کے سرطان سے حفاظت ہوتی ہے ۔زیگزاتھین (Zeaxanthin) خاص طور پر وہ اہم غذائیCarotenoidجو عمر میں اضافے کے ساتھ بصارت کی کمزوری کو روکتا ہے۔

کھجور میں فولاد یا آئرن بھی موجود ہے ۔100گرام کھجور میں 0.90ملی گرام آئرن ہوتا ہے ۔خون کے سرخ خلیات میں موجود ہیمو گلوبین کا اہم ترین جزوآئرن ہوتا ہے اور یہ وہی ہیمو گلوبین ہے جو خون کے ساتھ شامل ہو کر ہمارے جسم کے تمام خلیات کو غذائیت اور آکسیجن فراہم کرتا ہے ۔ کھجور کی اس خوبی کی بناء پر خواتین کو خاص طور پر اس پھل کا استعمال کرنا چاہیے۔
کھجور میں ایک اور اہم معدن پوٹا شیم کی بھی قابل ذکر مقدار ہوتی ہے ۔ہمارے خلیات اور جسم میں موجود سیال مادے کا ایک اہم جزو پوٹا شیم ہے جو دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے۔
کھجور میں جو دیگر اہم معدنیات پائی جاتی ہیں ان میں کیلشیم ،مینگنیز ،تانبا اور میگ کیلشیم شامل ہیں ۔کیلشیم ہڈیوں کو توانا رکھنے کے لئے ضروری ہے ۔
علاوہ ازیں یہ منرل پٹھوں کے پھیلنے اور سکڑنے ،خون کے جماؤ اور اعصاب کی کارکردگی بہتر رکھنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے ۔مینگنیز بھی آئرن کی طرح ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں مدد دیتا ہے ،تھائی رائیڈ غدہ کی تھائی راکسین ہارمون تیار کرنے میں معاونت کرتا ہے ،حافظہ بہتر کرتا ہے۔خون کے سرخ خلیات کی تیری کے لئے جسم کو تانبے کی ضرورت ہوتی ہے اور میگ کیلشیم ہڈیوں کی افزائش کے لئے ضروری سمجھا جاتا ہے ۔
اس پھل میں بی کمپلیکس گروپ کے وٹامنز اور وٹامن Kکی بھی کافی مقدار ہوتی ہے۔ ان وٹامنز میں سے پائری ڈوکسین، (وٹامن B6)، نیا سین ،پنٹو تھینک ایسڈ اور ریبو گلے وین کی اچھی خاصی مقدار ہوتی ہے ۔یہ وٹامنز جسم میں کاربوہائیڈریٹس ،پروٹینز اور چکنائی کے انجذاب میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔وٹامن Kخون کے جماؤ کے علاوہ ہڈیوں کو صحت مند رکھنے کے لئے ضروری سمجھا جاتاہے۔

شدید گرمی کے عالم میں توانائی فوری طور پر بحال کرنے کے لئے کھجور بہت مفید ہے ۔پیٹ کے کیڑے مارنے کے لئے نہار منہ اس کا استعمال مفید ہے ۔تازہ پکی ہوئی کھجور کا مسلسل استعمال کثرت سے خون آنے والی بیماری میں فائدہ مند ہے ۔یہ کیفیت غدودوں کی خرابی ،جھلیوں کی سوزش ،غذائی کمی اور خون میں فولاد کی کمی وغیرہ سے پیدا ہو سکتی ہے ۔کھجور ان کیفیات میں مفید ہے۔
کھجور دافع قولنج اور جھلیوں سے سوزش کو دور کرنے کے لئے مسکن اثرات رکھتی ہے ۔بعض ماہرین اسے تپ دق میں موثر قرار دیتے ہیں ۔جلی ہوئی کھجور زخموں سے خون بہنے کو روکتی ہے اور زخم جلدی بھرتی ہے ،خشک کھجور کو جلا کر راکھ بنا کر بوقت ضرورت استعمال میں لایا جا تا ہے ۔کھجور کو خشک کرکے ہمراہ گھٹلی رگڑ کر منجن بنایا جاتا ہے جو دانتوں اور مسوڑھوں کو مضبوط کرتا ہے۔
کھجور کے ساتھ کھیرا کھانے سے جسم توانا اور خوبصورت ہو جاتا ہے ۔جو خواتین دبلے پن سے نجات چاہتی ہوں وہ تازہ پکی ہوئی کھجوریں اور کھیرے کھائیں بہت جلد اپنے جسم میں نمایاں تبدیلی محسوس کریں گی۔ کھجور کو دھو کر دودھ میں اُبال کر دینا زچگی کے بعد کی کمزوری اور بیماری کے بعد کی کمزوری کو دور کرتا ہے۔ کھجور کو نہار منہ کھانا پیٹ کے کیڑے مارنے کے لئے مفید ہے ۔
کھجور کھانے سے نظر کی کمزوری کو بڑی حد تک روکا جا سکتا ہے ۔قبض کے شاکی افراد کو چاہیے کہ وہ کھجور سے استفادہ کریں ۔کھجور میں موجود حل پذیر ریشے آنتوں کو متحرک کرکے فضلے کے اخراج میں مددگار ہوتے ہیں ۔کھجور کو ایک گلاس پانی میں رات بھر پڑا رہنے دیا جائے ،بعد میں اسی پانی میں انہیں حل کرکے شربت کی صورت میں صبح کے وقت پی لیا جائے تو یہ بہترین قبض کشا کاکام کرے گی ۔
کھجور کے ساتھ انار کا پانی معدہ کی سوزش اور اسہال میں مفید بتایا جاتاہے۔
کھجورکی چند غذائیت بخش ڈشز
بادام بھرے کھجور
کھجور 450گرام (نرم کھجورلیں اور اس کے بیج نکال دیں)، اخروٹ پانچ کھانے کے چمچ(درمیان میں سے دو ٹکڑوں میں کاٹ لیں)، مکھن 225گرام، شکر دو کھانے کے چمچ ،میدہ 225گرام،بادام (چوپ کیے ہوئے) ایک کھانے کا چمچ ،پستہ (چوپ کیا ہوا )ایک کھانے کا چمچ
ترکیب
کھجوروں کے درمیان میں اخروٹ کا آدھا ٹکڑا رکھ کر کھجور کو ہلکا سا پریس کرکے بند کردیں ۔
ایک سروننگ ڈش کو چکنا کرکے اس میں اخروٹ بھرے تمام کھجور تھوڑے تھوڑے فاصلے سے رکھیں۔فرائنگ پین میں مکھن گرم کرکے اسے شکر کے ساتھ پگھلائیں ۔اس کے بعد اس میں میدہ شامل کرکے چمچ چلائی۔میدہ کی رنگت جب سنہری ہونے لگے تو اسے سروننگ ڈش میں رکھے ہوئے کھجوروں کے درمیان ڈال دیں ۔چوپ کیے ہوئے بادام پستہ چھڑک کر مکسچر کو کسی ٹھنڈی جگہ پر رکھ دیں تاکہ کیک کی شکل میں جم جائے ۔ٹھنڈا ہونے پر تیز چھر ی سے کاٹیں اور افطار میں پیش کریں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat