Khoob Khayye Or Wazan Kaam Kijye - Article No. 695

Khoob Khayye Or Wazan Kaam Kijye

خوب کھائیے اوروزن کم کیجئے - تحریر نمبر 695

اگر یہ بات کسی سے کہہ دی جائے کہ کھانے ہماری زندگی میں تبدیلی لاسکتے ہیں تو وہ اسے مذاق سمجھ کر ہنس پڑے گا، لیکن ذرا اس پر غور کیجئے کہ اگر آپ مناسب اور متوازن غذائیں ٹھیک وقت پر کھائیں تو نہ صرف یہ کہ آپ کو توانائی حاصل ہوگی

بدھ 7 جنوری 2015

اگر یہ بات کسی سے کہہ دی جائے کہ کھانے ہماری زندگی میں تبدیلی لاسکتے ہیں تو وہ اسے مذاق سمجھ کر ہنس پڑے گا، لیکن ذرا اس پر غور کیجئے کہ اگر آپ مناسب اور متوازن غذائیں ٹھیک وقت پر کھائیں تو نہ صرف یہ کہ آپ کو توانائی حاصل ہوگی، بلکہ آپ بہت سی بیماریوں سے بھی محفوظ رہیں گے۔ برسوں کی تحقیق کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ اگرآپ اپنا وزن چار کلو گرام کے قریب کم کرلیں تو بہت سے فائدے حاصل کرسکتے ہیں۔

یہاں جو چیزیں کھانے کا مشورہ دیا جارہا ہے، ان سے نہ سرف یہ کہ آپ کا وزن کم ہوجائے گا، بلکہ آپ صحت مند بھی رہ سکیں گے۔
1۔پروٹین کا فائدہ
کم درجے نشاستے والی غذاؤں کے مقابلے میں ایسی غذائیں جن میں پورٹین زیادہ ہو، کھانے کے بعد آپ کو کافی دیر تک کیلئے طمانیت حھاصل ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

دراصل آپ کے جسم کو پروٹین ہضم کرنے میں کافی وقت لگتا ہے۔

اس کے علاوہ آپ کے خون میں شکر کی مقدار بتدریج بڑھتی چلی جاتی ہے۔
ایسا ناشتا جس میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہو، وہ آپ کی صبح طمانیت سے گزار دے گا اور دوپہر کے بجائے سہ پہر تک آپ پیٹ بھرا محسوس کریں گے۔
2۔بیماریوں کے خلاف مزاحمت کرنے والا لنچ
بہت سے غذائیں مانع تکسید ہوتی ہیں اور پھل یا سبزیاں اس کا اچھا ذریعہ ہیں۔
یہ زہریلے کیمیائی اجزاکے خلاف مزاحمت کرتی ہیں۔ مانع تکسید اجزا ایسے سالموں (MOLECULES) کا اثر ختم کردیتے ہیں، جنہیں آزاد اصلیے (FREE RADICALS) کہتے ہیں۔ آزاد اصلیے ہماری شریانوں اور خلیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
اس طرح سے ہم دل کی بیماریوںِ ہائی بلڈ پریشر، سرطان اور ذیابیطس جیسی بیماریوں سے بچے رہتے ہیں۔
مانع تکسید اس وقت زیادہ فائدہ کرتی ہیں، جب دیگر غذاؤں کے ساتھ کھائی جائیں۔
سرطان کے قومی انسٹی ٹیوٹ نے تجویز کیاہے کہ مَردوں کو سبزیاں اور پھل زیادہ کھانے چاہئیں۔ دن میں ان کے نو حصے تک کھائے جاسکتے ہیں۔ حالانکہ تعداد میں یہ زیادہ لگتے ہیں، مگر حصے سے مراد ہے کہ وقفے سے کوئی ایک پھل کھالیا جائے، سبزی کی نصف پیالی کھالی جائے یا تھوڑی سی سلاد کھالی جائے۔ اس قسم کے لنچ میں چار مانع تکسید حصے شامل ہوتے ہیں۔

3۔ڈنر کے وقت اپنی چکنائی جلائیے
معدنیاتی کیلسئیم وزن گھٹانے میں بہت مفید ہوتا ہے۔ اس کے فائدوں کا اتفاقی طور پر پتا چلا۔ ریاست ٹینسی میں ایسے فربہ افریقی اور امریکی افراد پر تجربہ کیا جارہا تھا، جنہیں بلڈ پریشر کا عارضہ لاحق تھا۔ انہیں جب پابندی سے دہی کھلایا گیا تو اسی سال کے عرصے میں ان کا وزن اوسطاََ پانچ کلو گرام کم ہوگیا، جب کہ انہوں نے کھانے کی مقدار میں کوئی کمی نہیں کی تھی۔

اس کے بعد دوسرے تجربات کیے گئے تو ایک گروپ کو دن میں تین بار زیادہ مقدار میں دودھ، دہی اور پنیر دیا گیا تو اس کا وزن دوسرے گروپ کی نسبت زیادہ کم ہوگیا، جنہیں کم مقدارمیں کیلسئیم کی غذائیں دی گئی تھیں، حالانکہ دونوں گروپوں نے اپنے کھانوں کی مقدار میں کمی نہیں کی تھی۔
تحقیق کرنے والوں کو یقین ہے کہ کیلسئیم چکنائی کے خلیوں کو مزید چکنائی حاصل نہیں کرنے دیتا، یوں خلیوں کی چکنائی جلنے لگتی ہے، چاہے آپ ورزش نہ کریں یا بھاگ دوڑ میں حصہ نہ لیں۔
رات کے کھانے میں کیلسئیم سے بھرپور غذائیں کھانے سے خون میں شامل کولیسٹرول بھی کم ہوجاتا ہے۔
4۔ بحیرئہ روم کی ہلکی غذائیں
بحیرئہ روم (یورپ، شمالی افریقہ اور جنوب مغربی ایشیا) کی روایتی غذاؤں میں پھل، سبزیاں، پنیر، مچھلی، دہی، بغیر چنے آٹے کی روٹی، صحت بخش چکنائی جو گری دار میووں سے حاصل کی جائے، زیتون اور زیتون کا تیل شامل ہیں، ان چیزوں سے مانع تکسید اجزا حاصل ہوتے ہیں۔
تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ وہ افراد جو بحیرئہ روم کی غذا کھاتے ہیں، انہیں دل کی بیماریاں اور سرطان بہت کم ہوتا ہے۔
5۔ زیادہ کھائیے ، وزن بھی کم کیجئے
ایسی غذائیں جن میں ریشہ زیادہ مقدار میں ہو، ان سے کم توانائی حاصل ہوتی ہے، یعنی آ پکے جسم کوکم حرارے ملتے ہیں۔ ایسی غذائیں کھاتے وقت اگر آپ کی پلیٹ پوری طرح سے بھری ہوئی ہوگی، تب بھی آپ کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔
ریشے والی غذاؤں سے یہ احساس بھی ہونے لگتا ہے کہ آ پکا پیٹ پوری طرح سے بھر چکا ہے۔ یہ غذائیں دیر سے ہضم ہوتی ہیں اور ان سے خون میں شکر کی سطح بھی نہیں بڑھتی۔
6۔ ٹماٹر
ہارورڈیونیورسٹی کے سائنس دانوں نے یہ دل چسپ بات دریافت کی ہے کہ وہ افراد جو پزّا زیادہ کھاتے ہیں، انہیں غدئہ قدامیہ (پروسٹیٹ گلینڈ) کا سرطان کم ہوتا ہے۔
پزّا میں شامل ٹماٹر کی چٹنی انہیں اس مرض سے بچاتی ہے۔ ٹماٹر میں شامل جزو لائکوپین اس سرطان سے بچاتا ہے۔ لائکوپین کا فائدہ اس صورت میں بڑھ جاتا ہے، جب اسے اُبال لی اجائے۔ اُبلنے کے بعد یہ آسانی سے ہضم بھی ہوجاتا ہے۔
ابتدائی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر خواتین ایسی غذائیں کھائیں، جن میں لائکوپین ہوتا انہیں سینے کا سرطان اور قلب کی بیماریاں نہیں ہوتیں۔
7۔ مچھلی
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر مرد مہینے میں ایک بار مچھلی کھالیں تو فالج سے بچ سکتے ہیں۔ اگر ہفتے میں ایک بار کھالیں تو الزائمر سے محفوظ رہ سکتے ہیں، جبکہ ہفتے میں دو بار مچھلی کھانے سے قلب کی بہت سی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat