Lehmiyat Wali Ghazain Ziada Na Khayeen - Article No. 1832

Lehmiyat Wali Ghazain Ziada Na Khayeen

لحمیات والی غذائیں زیادہ نہ کھائیں - تحریر نمبر 1832

لحمیات(پروٹینز) ہمارے جسم کی ضروریات کا اہم حصہ ہیں ۔

ہفتہ 21 مارچ 2020

سدرہ شریف
لحمیات(پروٹینز) ہمارے جسم کی ضروریات کا اہم حصہ ہیں ۔ان کا کام جسم میں ہونے والے تمام کیمیائی عوامل کو تیز کرنا، جسم کے خلیات (سیلز) کو بڑھانا اور ڈی این اے (DNA) کا بنانا ہے ۔لحمیات خلیات کی مرمت کرتی ہیں ۔جن بچوں کو لحمیات نہیں ملتیں ،ان کا قد اور وزن کا بڑھنا رک جاتاہے ۔لحمیات کی وجہ سے جسم میں اوکسیجن جذب ہونے کی رفتار درست رہتی ہے ۔
لحمیات کے نہ ہونے سے خون کے سرخ ذرات کی تعداد کم ہو جاتی ہے ۔یہ ہمارے جسم میں ایندھن کا کام کرتی ہیں اور جسم کو حرارت وتوانائی دیتی ہیں۔
اگر جسم میں لحمیات کی کمی ہو جائے تو بال گرنے لگتے ہیں ،جسم کمزور اور دُبلا ہو جاتاہے ،یاد داشت بہتر نہیں رہتی ،تھکن کا احساس غالب رہتا ہے،غرض پورا جسم متاثر ہوتاہے ۔

(جاری ہے)

جسم کے عضلات کی بڑھوتری میں لحمیات اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔

یہی وجہ ہے کہ ورزش کرنے والے لحمیات والی غذائیں زیادہ کھاتے ہیں ۔اگر کوئی فرد فربہ ہونا چاہتاہے تو اُسے چاہیے کہ وہ لحمیات والی غذائیں زیادہ کھائے ۔گوشت ،مچھلی ،چنے اور انڈے کھانے سے ہمیں لحمیات زیادہ ملتی ہیں ،لیکن بہ کثرت مقدار میں لحمیات کھانے سے جسم میں چربی زیادہ جمع ہونے لگتی ہے ۔ایسے افراد جو مرغی اور سرخ گوشت بہت زیادہ کھاتے ہیں ،وہ جگر کے امراض میں زیادہ مبتلا ہوتے ہیں۔

لحمیات والی غذائیں روزانہ اور زیادہ مقدار میں کھانے سے جگرپر چربی چڑھنے لگتی ہے ۔سرخ گوشت میں جمنے والی چکنائی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے ، جو جگر کو چربیلا بنانے اور اس کی کارکردگی متاثر کرنے کا باعث بنتی ہے ۔سرخ گوشت میں بھینس ،گائے ،بھیڑ اور بکرے کا گوشت شامل ہے ۔سرخ گوشت کے علاوہ مرغی کا گوشت بھی زیادہ کھانے سے جگر کے امراض کا خطرہ ہوتا ہے ۔
سرخ گوشت میں پائی جانے والی مضر صحت چکنائی نہ صرف جگر کو چربیلا کر دیتی ہے ،بلکہ جسم میں ذخیرہ بھی ہونے لگتی ہے ۔اگر علاج نہ کرایا جائے تو یہ چربی آپ کی جان بھی لے سکتی ہے۔
گوشت خور افراد جن کی عمر 4برس سے زیادہ ہوتی ہے ،ان میں حملہ قلب کا خطرہ 33فیصد ہوتاہے ۔یہ افراد اگر گوشت کے علاوہ مکھن اور پنیر بھی زیادہ مقدار میں کھاتے ہیں تو حملہ قلب کا خطرہ بڑھ کر 49فیصد ہوجاتاہے ،البتہ مچھلی اور انڈے مناسب مقدار میں کھانے سے یہ خطرہ نہیں ہوتا،حالانکہ ان میں لحمیات ہوتی ہیں۔

ہمیں لحمیات والی غذائیں مناسب مقدار میں کھانی چاہییں،سرخ گوشت میں بھینس کا گوشت کھانا تو فوراً ترک کر دینا چاہیے ،یہ بہت مضر صحت ہوتاہے۔گائے کا گوشت بھی ہفتے میں ایک دو دن ہی کھانا چاہیے اور وہ بھی انتہائی مناسب مقدار میں اچھی صحت کے لئے تازہ پھل اور سبزیاں زیادہ کھانی چاہییں اور روزانہ ورزش کرنے کی عادت اپنانی چاہیے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat