Lehsan Ki Bo Par Na Jayeen - Article No. 2631

Lehsan Ki Bo Par Na Jayeen

لہسن کی بو پر نہ جائیں - تحریر نمبر 2631

خواص پر دیں توجہ

ہفتہ 28 جنوری 2023

لہسن ہمارے ہی نہیں دنیا بھر کے کھانوں کا اہم حصہ ہے لیکن چھیلنا اور بو کا سامنا کرنا اچھا نہیں لگتا حالانکہ ہاتھ سے چھیلنے سے اگر کوئی جوے ناخنوں سے کچلے جائیں تو آپ کے ناخن مضبوط،چمکیلے اور صحت مند ہو جاتے ہیں۔اکثر خواتین اتنی گہرائی میں نہیں جاتیں ان کی توجہ ناگوار بو ہی پر مرکوز رہتی ہے۔
یوٹیوب نے لہسن چھیلنے کے مسئلے کا مناسب حل بتا دیا ہے۔
اب آپ 30 سیکنڈ سے بھی کم عرصے میں لہسن کے چھلکے علیحدہ کر سکتی ہیں۔اسکریو والا ڈھکن جس جار پر لگا ہو وہ استعمال کر کے یہ کام آسانی سے ہو سکتا ہے۔کرنا صرف یہ ہے کہ لہسن کی گٹھی کو جار میں بند کرنا ہے،جار مضبوطی سے بند ہو جائے تو اسے 30 سیکنڈ تک زور زور سے ہلائیں۔آپ دیکھیں گی کہ اس زور دار عمل کی مدد سے لہسن کی گٹھی نہ صرف جوؤں کی شکل میں علیحدہ ہو جائے گی بلکہ ان کے کاغذی چھلکے بھی اُترنے لگیں گے۔

(جاری ہے)

آپ ہلاتی جائیں تمام جوؤں سے چھلکے علیحدہ ہو جائیں گے۔اب جار کھول کے باریک کونوں سے چھلکے علیحدہ کر لیجئے۔اس طرح آپ کو زیادہ مشقت نہیں اُٹھانی پڑتی۔
لہسن کے طبی خواص
یہ صحت کے حوالے سے بے شمار افادیت رکھتا ہے اس میں وٹامن B6،C اور اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہیں۔لہسن کو نزلہ،زکام،کولیسٹرول کی زیادتی اور ہائی بلڈ پریشر میں استعمال کرنے سے آرام ملتا ہے۔

لہسن تاریخ کے آئینے میں
یہ پیاز کے خاندان کا سیدھے تنے والا پودا ہے۔یہ صدیوں سے صحت بخش صلاحیتوں کی وجہ سے اہمیت رکھتا ہے۔4500 قبل مسیح میں بننے والے اہرام مصر کے معمار صحت و توانائی برقرار رکھنے کے لئے روزانہ ایک لہسن ضرور کھاتے تھے۔
بقراط جو بابائے طب کہلاتے تھے وہ بھی آنتوں اور انفیکشنز کے مریضوں کو غذائی علاج کے طور پر لہسن تجویز کرتے تھے۔اس لئے نباتاتی ادویات میں لہسن روایتی طور پر دمے،بہرہ پن،جذام،شریانوں کی سختی،بندش،بخار اور پیٹ کے کیڑوں،جگر کی بیماریوں کے علاج کے لئے اکسیر مانا جاتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat