Lemoo Duniya Mein Paaya Jane Wala Sasta Tareen Phal - Article No. 1495

Lemoo Duniya Mein Paaya Jane Wala Sasta Tareen Phal

لیموں دنیا میں پایا جانے والا سستا ترین پھل - تحریر نمبر 1495

لیموں وٹامنز سے بھر پور ہونے کے سبب خارش‘پھوڑے‘پھنسیوں اور داغ دھبوں کا بہترین قدرتی علاج ہے

جمعہ 22 فروری 2019

حکیم محمد عثمان
لیموں کا تعلق بھی رس بھرے پھلوں کے خاندان سے ہے ۔لیموں ایک مشہور‘خوش ذائقہ اور دنیا بھر میں پایا جانے والا سستا ترین پھل ہے ۔اس کی کاشت سارے سال ہوتی ہے۔لیموں دیکھنے میں تو ایک چھوٹا ساگیند نما عام پھل ہے مگر یہ مخفی جو ہر وٹامنز (حیاتین )سے بھر پور ہوتا ہے اور حیاتین سی
(حیاتین ج) کاتو لیموں پورا خزانہ ہے ۔


اس مفید پھل کے بارے میں جدید تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ جسم کی بقاء اور سلامتی کے لئے وٹامنز کی بڑی اہمیت ہے اور وٹامنز کی کمی سے انسانی جسم مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو سکتا ہے ۔وٹامن کی کمی سے مسوڑھے سوج جاتے ہیں اور ان سے خون نکلتا ہے اس کے علاوہ صفراوی بخار میں بھی انسان مبتلا ہوجاتا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ مسوڑھوں سے خون نکلنے کی صورت میں حکماء حضرات اور ڈاکٹر صاحبان ‘مریض کو وٹامن سی کی گولیاں استعمال کراتے ہیں لیکن لیموں کے استعمال سے ان گولیوں سے بچا جا سکتا ہے اور وٹامن سی کی کمی سے پیدا ہونے والے اور امراض سے بھی بچاؤ کی صورت پیدا ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)


لیموں کے کیمیائی اجزاء
لیموں کے کیمیائی تجزیہ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس میں مندرجہ ذیل اجزاء ہوتے ہیں :
حیاتین ج : 30 ملی گرام
کیلشیم : 20 گرام
فاسفورس : 14 ملی گرام
حرارے : 20گرام
ان اجزاء کے علاوہ لیموں میں ”سٹرک ایسڈ“جس قدر پایا جاتا ہے اتنا کسی اور پھل میں نہیں ہوتا۔
شکنجین
یونانی حکماء نے اس پھل کی چند صفات معلوم کرنے کے بعد اس کی شکنجین بنائی ۔
شکنجین ایک خوش ذائقہ‘ فرحت بخش اور لذیذ مشروب کے طور پر استعمال ہوتی ہے ۔لیموں ایک مفید دوا بھی ہے ۔مرض یرقان میں ایلو پیتھی تک ناکام ہے لیکن شکنجین اس مرض کی شفا بخش دو ا ہے ۔
دورِ حاضر میں فساد خون (پھوڑے‘پھنسیاں‘خارش)کے مریضوں کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے ۔
نوجوان لڑکے ہوں یا لڑکیاں وہ اپنے چہرے سے حسن کو ماند کرنے والے داغ دھبوں کو دور کرنے کے لئے قسم قسم کی کریموں کا استعمال کرتے ہیں مگر انہیں یہ نہیں معلوم کہ قدرت نے اس چھوٹے سے پھل میں رنگ کاٹنے ‘دھبے مٹانے ‘جلد نکھارنے کے لئے کس قدر شفائی اثرات رکھے ہیں ۔

جتنے بھی جوان لڑکے لڑکیوں کو لیموں کا استعمال کرایا گیا ان میں اکثریت کو اس سے فائدہ پہنچا چنانچہ لیموں اپنے اثرات کے حوالے سے مصفی خون ہے اور فساد خوں کے نتیجے میں ہونے والے عوارض ‘
خارش‘پھوڑے‘پھنسیاں اور داغ دھبوں میں ایک بہترین قدرتی تدبیر ہے ۔
جراثیم کش
یہ پھل مصفی خون ہونے کے ساتھ ساتھ قاتل جراثیم بھی ہے ۔
یہ تیزابی مادوں کو ختم کرتا ہے اور صفراوی امراج کا توتیربہ ہدف علاج ہے۔یہ ملیریا اورتیز بخار میں فائدہ دیتا ہے ۔
لیموں کا عرق
اس کا عرق بیرونی طور پر جلد کو نکھار تا ہے ۔اس لئے ہماری خواتین جلد کو نکھارنے کے لئے اسے عام طور پر استعمال کرتی ہیں ۔لیموں کے عرق میں بیسن ملا کر چہرے پر لگانے سے داغ دھبے ختم ہو جاتے ہیں۔
لیموں کے طبی فوائد
مرض دمہ میں ایک لیموں کا عرق دن میں تین بار یعنی صبح ‘دوپہر اور شام استعمال کرنے سے یہ مرض ختم ہو جاتا ہے ۔

جگر اور تلی کے مرض میں لیموں کے ٹکڑے کرکے ‘نمک چھڑک کر اور تھوڑا ساگرم کرکے دن میں کئی بار چو سنا فائدہ مند ہو تا ہے ۔
ہیضہ میں لیموں کے رس میں منقیٰ تر کرکے رکھیں اور ہر گھنٹہ بعد ایک منقیٰ کھالیں اور ساتھ میں رس بھی پی لیں ۔موٹاپے میں لیموں کا عرق نیم گرم پانی میں ملا کر روزانہ استعمال کرنے سے موٹا پا جاتا رہتا ہے ۔
لیموں کے عرق میں نمک یا شکر ملا کر پینے سے جسم میں چستی آتی ہے ۔

بال لمبے اور چمکیلے کرنے کے لئے لیموں کے عرق میں سفوف آملہ ملا کر بالوں کی جڑوں میں لگانے سے بال مضبوط اور چمکیلے ہو جاتے ہیں ۔
لیموں کے عام استعمال سے بھوک میں اضافہ ‘خفقان اور فساد خون کے امراض ‘مسوڑھوں کی سوجن ‘
بدہضمی‘گردہ اور تلی کے امراض میں بھی فائدہ مند ہے ۔لیموں کا تیز محلوں دانتوں کو نقصان دیتا ہے اور اس کی ترشی پٹھوں کے درد کا سبب بن سکتی ہے ۔

لیموں کا رس ہڈیاں مضبوط کرتا ہے
لیموں میں حیاتین ج (سی )کی وافر مقدار ہونے کی وجہ سے یہ دودھ پلانے والی ماؤں اور حاملہ عورتوں کے لئے بہترین زود ہضم غذا ہے۔بڑھتے اور پروان چڑھتے ہوئے بچوں کو عمر کے مطابق پانچ سے سات قطرے تک اس کے رس کا استعمال ہڈیاں مضبوط بناتا ‘کیلشیم کی ضروری مقدار فراہم کرتا اور پیٹ ہلکا کرکے چستی پیدا کرتا ہے ۔
اگرا سے آدھے یا ایک چمچے شہد میں ملا کر استعمال کرایا جائے تو بچے موٹے تازے اور رنگ برنگے دستوں سے محفوظ رہتے ہیں اور آسانی سے دانت نکال لیتے ہیں ۔
لیموں اور پیچش
پیچش بڑا سخت مرض ہے مگر لیموں میں اس کے لئے بھی شفائی اثرات موجود ہیں ۔لیموں کے دو ٹکڑے کرکے ‘ان میں ایک چاول سے چار چاول تک کے برا برا فیون کھا کر چوسنے سے پیچش دور ہو جاتی ہے ۔

لیموں کی خوشبو سے ہر قسم کی بوحتیٰ کہ مچھلی کی بوبھی اس کو لگانے سے دور ہو جاتی ہے ۔لیموں کے خشک تین گرام چھلکے اور تین عدد بڑی الائچی کو ڈیڑھ پاؤ پانی میں جوش دے کر مٹھاملا کر گھونٹ گھونٹ پینے سے پیٹ کا درد دور ہو جاتا ہے ۔لیموں کے بیج محفوظ کرلیں ۔اس کو پیس کررتی بھرانار کے پانی میں یا شربت میں ملا کر دو تین دفعہ چاٹنے سے ہر قسم کی قے آنا بند ہو جاتی ہے ۔
لیموں کا چورن
لیموں کو ایک سیر پانی میں سونٹھ ‘دانہ الائچی کلاں ‘پوست آملہ ‘زیرہ سفید ‘دودھ 60گرام ڈال کر برتن کو ڈھک کر پھر پانی خشک ہونے پر دھوپ میں سکھا کر پھر چھان کر شیشی میں بھرلیں ۔یہ پیٹ کا عمدہ چورن ہو گا۔

Browse More Ghiza Aur Sehat