Main Cherry Hoon

میں چیری ہوں

Main Cherry Hoon
ایک وقت تھا کہ آپ مجھے کم جانتے تھے۔میں کبھی کبھار ایران سے آکر بازاروں میں بکتی تھی۔اس وقت میں کچھ اترایا کرتی تھی کہ ایران سے آئی ہوں،یہاں پیدا نہیں ہوتی ،لیکن پاکستان کے محنتی کاشت کاروں نے میرے بھی باغ لگا لیے اور اب میں گرمی کے موسم میں خوب بکنے لگی ہوں۔میرا گہرا جامنی رنگ اور کالے موتیوں جیسی چمک دیکھ کر ہی جی مجھے خریدنے پر آمادہ ہو جاتاہے۔

میں گہرے اور ہلکے سرخ رنگ کے ساتھ بھی بکتی ہوں۔میں اب اپنے پاکستانی ہونے پر بہت اتراتی ہوں۔آپ مجھے کھا کر تعریف کرتے ہیں تو میرا رنگ اور بھی گہرا ہو جاتا ہے ۔پاکستان کے بے شمار عمدہ پھلوں کی صف میں شامل ہونے پرمیں بہت خوش ہوں۔
میں بھی ان پھلوں میں سے ہوں،جو آپ کا خون صاف کرکے آپ کے لیے صحت کا خوب سامان کرتے ہیں،میری گہری رنگ والی قسم،خاص طور پر خون کی کمی دور کرتی ہے۔

(جاری ہے)


مجھ میں میگنیزئیم بھی خوب ہوتا ہے اور فولاد بھی ۔میں سلیکون(SILICON)بھی فراہم کرتی ہوں۔میگنیزیئم آپ کے اعصابی نظام کے لیے مفید ہے ،اس سے اچھی نیند آتی ہے اور رنگ بھی خوب نکھرتا ہے ۔غذا میں میگنیزیئم کی کمی سے آپ بے چین رہتے ہیں،گہری نیند نہیں سوتے اور تیزابیت بھی بڑھ جاتی ہے۔
مجھے کھانے سے مجھ میں موجود سلیکون سے دانت مضبوط ہوتے ہیں،بالوں کی چمک بڑھ جاتی ہے اور نظر تیز ہوتی ہے ۔

اس کے علاوہ جسم اور ناخن بھی مضبوط ہوجاتے ہیں۔جسم میں سلیکون کی کمی سے بال گرنے لگتے ہیں،اس لیے مجھے کھانا ضرور ی ہے۔
میرے کھانے سے آپ نزلے،قبض،مٹاپے اور پیٹ کے کیڑوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔بزرگ مجھے کھاکے ہائی بلڈ پریشر ،گٹھیااور دمے سے بھی بچے رہ سکتے ہیں۔میں بھوک بڑھاتی ہوں اور معدہ وجگر میری مدد سے کھانا ہضم کرنے والا خمیر زیادہ بنانے لگتے ہیں۔


آپ نے پہاڑی علاقوں میں صاف ستھرے پانی کے چشمے دیکھے ہوں گے۔یہ پیاس بجھانے کے علاوہ صحت وصفائی کے کام بھی آتے ہیں۔میرا شمار بھی صحت کے ایسے چشموں کی طرح ہے،جو جسم کو خراب مادوں سے دھو کر ،صاف کرکے صحت مند اور طاقت ور بناتے ہیں۔
مجھے کھانے سے پیشاب زیادہ آکر جسم سے زہریلے اجزاء خارج ہوجاتے ہیں ،جگر اور گردوں کی میں دوست ہوں۔

جولوگ مجھے روزانہ 500گرام کی مقدارمیں کھاتے ہیں،انھیں پیشابی تیزاب(یورک ایسڈ)،گٹھیا اور جوڑوں کے درد وورم سے نجات مل جاتی ہے۔
آ پ کو اندازہ ہو گیا ہو گا کہ میں بھی کتنی مفید اور صحت بخش قدرتی غذا اور ذائقے دار نعمت ہوں،اسی لیے دنیا بھر میں مجھے مربے کی صورت میں بھی کھایا جاتاہے۔
100گرام چیری کے غذائی اجزاء
اگر کوئی فرد100گرام کی مقدارمیں مجھے کھائے تو اُسے درج ذیل صحت بخش اجزاء بہ آسانی مل سکتے ہیں۔


حیاتین الف(وٹامن اے) 620یونٹ
حیاتین ب 1(وٹامن بی=1تھایامن) 50ملی گرام
حیاتین ب3(وٹامن بی=3نایاسن) 4 ء ملی گرام
حیاتین ب2(وٹامن بی=2رائبوفلاون) 60ملی گرام
حیاتین ج(وٹامن سی) 8ملی گرام
لحمیات (پروٹینز) 5ء گرام
حرارے(کیلوریز) 61
نشاستہ(کاربوہائیڈریٹ) 148ء گرام
کیلسےئم 18ملی گرام
فولاد 4ء ملی گرام
فاسفورس 20ملی گرام
تاریخ اشاعت: 2019-07-30

Your Thoughts and Comments