MASALAY IMRAZ K DUSHMAN - Article No. 1512

MASALAY IMRAZ K DUSHMAN

مسالے۔امراض کے دشمن - تحریر نمبر 1512

زمانہ قدیم سے ہی ہمارے ہاں کھانوں میں مسالے شامل کیے جاتے ہیں ،جن سے یہ خوش ذائقہ،لذیذ اور مزے دارہو جاتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ یہ مسالے غذائی اور دوائی افادیت بھی رکھتے ہیں

منگل 12 مارچ 2019

حکیم حارث نسیم سوہدروی
زمانہ قدیم سے ہی ہمارے ہاں کھانوں میں مسالے شامل کیے جاتے ہیں ،جن سے یہ خوش ذائقہ،لذیذ اور مزے دارہو جاتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ یہ مسالے غذائی اور دوائی افادیت بھی رکھتے ہیں۔ قدیم روایات صدیوں کے عمل کا نتیجہ ہیں ۔بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان مسالوں سے ہمیں کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔ذیل میں ہم ان کا ذکر کرتے اور یہ بتاتے ہیں کہ طب کی روشنی میں ان کے کیا فائدے ہیں:
نمک
نمک جسم میں سیال کا توازن قائم رکھنے میں اہم کر دار ادا کرتا ہے ۔

یہ اعصاب کو تحریک دیتا ہے ،لیکن اس کے منفی اثرات کے باعث دوران خون زیادہ ہوجاتا ہے ،تاہم اس سے کھانوں میں مزہ اور ذائقہ پیدا ہو جاتا ہے ۔یہ کیلسےئم اور دوسری معدنیات کو خون میں جذب کرنے میں معاون ہے۔

(جاری ہے)


ہلدی
یہ جسم کے ورموں کو تحلیل کرتی ،کولیسٹرول کی سطح متوازن رکھتی اور اُسے بڑھنے نہیں دیتی۔ہمارے ہاں ہر سالن میں اس کو شامل کیا جاتا ہے ۔

ہضم وجذب کے نظام کو درست رکھنے کے لیے اسے سادہ پانی میں ملا کر پی سکتے ہیں ۔یہ وزن بھی نہیں بڑھنے دیتی ۔اس کے علاوہ یرقان،معدے کی تکالیف ،سینے کی جکڑن اور دانتوں کا درد دُور کرنے میں بھی مفید ہے۔
سیاہ مرچ
سیاہ مرچ مانع تکسید(ANTIOXIDANT)خواص کی حامل ہے ۔اُبلے ہوئے انڈوں ،چینی کھانوں اور رائتے میں بہ طورِ خاص استعمال کی جاتی ہے۔
یہ ان کا ذائقہ دو چند کرکے مزے دار بناتی ہے ۔اس کے علاوہ آنتوں میں بیکٹیریا افزایش کو بھی روکتی ہے۔
سرخ مرچ
اس سے کھانوں کو خوش ذائقہ اور لذیذ بنایا جاتا ہے ۔اس کے بغیر کھانا بے مزہ لگتا ہے۔یہ بہت سے امراض کاتریاق ہے ۔معدے کی سوزش ،بخار یا بد ہضمی،جی متلانا اور گٹھیا کے امراض ختم کرنے میں بہت فائدہ مند ہے۔
دار چینی
دار چینی کھانوں کے علاوہ چائے اور ادویہ میں بھی استعمال کی جاتی ہے ۔
اس کی مخصوص مہک انھیں منفرد بناتی ہے ۔ریاح ،نزلہ ،کھانسی ،اسہال ،جی متلانے اور بدہضمی دُور کرنے میں بہت مفید ہے ۔ہمارے ہاں قورمے ،بریانی اور پلاؤ میں شامل کیا جانے والا یہ خاص جزو ہے ۔یہ جسم میں توانائی کو بحال رکھتی ہے۔
الائچی
الائچی کو میٹھے اور نمکین دونوں قسم کے کھانوں میں شامل کیا جاتا ہے ۔یہ روایتی کھانوں کے علاوہ بطور دوائی بھی استعمال کی جاتی ہے ۔
دِل کو فرحت بخشتی اور ہاضمے میں مدد دیتی ہے ۔اس کی خصوصیت یہ ہے کہ جراثیم کش اور دافع تعدیہ (انفیکشن)بھی ہے۔اسے مسالوں کی ملکہ کہا جاتا ہے۔
دھنیا
یہ خراب کو لیسٹرول اور خون میں شکر کی مقدار کو کم کرتا ہے ۔ہاضم بھی ہے اور بھوک لگاتا ہے ۔یہ سالن کا لازمی جزو ہے،جو کئی امراض سے نجات کا غذائی علاج بھی ہے۔
زیرہ
زیرہ بھی سالن کو ہاضم اور لذیذ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔
یہ ہاضمے ،خون کی کمی،جلدی اور سانس کے امراض سے چھٹکارے میں مفید ہے ۔جسم کا مدافعتی نظام مضبوط بناتا ہے ۔اس میں حیاتین الف اور ج(وٹامنز اے اور سی)کافی مقدار میں ہوتی ہیں۔
لونگ
زردے کا خاص جزو ہے اور اسے بھی کھانوں میں لذت کے لیے شامل کیا جاتا ہے ۔یہ دردوں کے خاتمے کے لیے کمال کی چیز ہے ۔جراثیم اور سوزش پیدا کرنے والے محرکات کے خلاف مزاحمت کرتی ہے ۔
لونگ کا تیل مختلف امراض کا شافی علاج ہے ۔کھانسی ،بخار ،حساسیت (الرجی)اور آدھے سر کا درد دُور کرنے میں بھی یہ معاونت کرتی ہے ۔اس کی طبی افادیت مسلمہ ہے۔
تیز پات
یہ مفرح قلب ہے اور دل کے امراض سے چھٹکارا دلانے کے علاوہ ہاضمے میں بھی مدد کرتا ہے ۔کئی طبی ادویہ کا اہم جزو ہے ۔ہمارے ہاں کھانوں میں اسے بڑی رغبت سے ڈالا اور کھایا جاتا ہے ۔
یہ جوڑوں کے درد ،ایام کی بے قاعدگی ،پیشاب کی تکالیف اور سردی سے ہونے والے امراض دُور کرنے میں موٴثر ہے ۔یہ سوزش اور پھپوندی (فنگس )کے خلاف مزاحمت کرتا ہے ۔مدافعتی خصوصیت کے باعث ثقیل یعنی دیر ہضم غذاؤں ،مثلاً قورمے،بریانی اور پلاؤ میں ڈالا جاتا ہے۔
جائفل اور جاوتری
ناک کی نسیجوں کے جوف کے ورم یا سوزش کے لیے خاص طور پر مفید تسلیم کی جاتی ہے ۔یہ دافع پھپوند اور اضمحلال وافسردگی (ڈپریشن )اور ہاضمے کے نظام کو درست رکھنے میں بہت مفید ومعاون ہیں ۔جائفل میں پوٹا شےئم،تانبا،کیلسےئم،فولاد،جست (زنک)اور مینگنیزجیسی معدنیات ،امراض قلب کے علاوہ ہائی بلڈ پر یشر دور کرنے میں بھی مفید ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat