Mausam Sarma Ke Phal Aur Un Ki Ifadiyat - Article No. 1472

Mausam Sarma Ke Phal Aur Un Ki Ifadiyat

موسم سرما کے پھل اور ان کی افادیت - تحریر نمبر 1472

قدرت کے عطا کردہ چار موسم خزاں و بہار ،گرما وسرما کے مطابق جہاں انسانی مزاج تبدیل ہوتے ہیں ،

جمعہ 25 جنوری 2019

سلیم انور عباسی
قدرت کے عطا کردہ چار موسم خزاں و بہار ،گرما وسرما کے مطابق جہاں انسانی مزاج تبدیل ہوتے ہیں ،
ویسے ہی پھلوں کے مزاج بھی تبدیل ہوتے ہیں ۔سیب ،کیلے ،انار ،ناشپاتی ،مالٹوں ،کینووں کا شمار سردی کے من پسند پھلوں میں ہوتا ہے ۔اس حوالے سے پاکستان میں کثیر تعداد میں استعمال کئے جانے والے سردی کے اہم پھلوں کی طبی افادیت ذیل میں پیش کی جاتی ہے ۔


مالٹا /کینو/ فروٹر
ہمارے ہاں نارنجی کی مختلف اقسام کینو،فروٹر اور مالٹا کے روپ میں دستیاب ہوتی ہیں ،جن کا جوس پی کر آپ دن بھر تروتازہ اور متحرک رہتے ہیں ۔ہمارے ہاں عام طور سے یہ پھل ’کینو‘کہلاتا ہے ،جو صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ حاصل ہوتا ہے ۔پاکستان کا شمار مالٹے اور کینو پیدا کرنے والے چھٹے بڑے ملک کے طور پر ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

مالٹے اور کینو نظام ہضم کو بہتر بناتے ،وزن میں کمی کرتے ،وٹامن سی کی زائد مقدار کے باعث جینیاتی بوسیدگی اور عمر رسیدگی کے اثرات سے بچاتے اور آیورویدک علاج میں بلغم وکھانسی کو کم کرتے ہیں ۔
انار
انار ،موسم سر ما کا خاص پھل ہے جو تقریباً ہر ایک کاہی پسندیدہ ہوتا ہے ۔یہ فائبر ،پوٹا شیم ،وٹامن سی اور B6سے بھر پور ہے ۔اس کا بلاناغہ استعمال پھیپھڑوں ،چھاتی کے سرطان ،امراض قلب ،الزائمر ،
ذیابیطس ،موٹاپے ،جوڑوں کی سوزش کے لیے مفید ہے ۔
اسے صحت کا ضامن سپر فوڈ اور جنتی پھل مانا جاتا ہے ۔انار میں کیلشیم ،پوٹاشیم،فاسفورس ،آئرن ،ہائیڈروکلورک ایسڈ ،فائٹو کیمیکلز ،اینٹی آکسیڈنٹس ،پولی فینول ،کم کیلوریز اور وٹامن اے ،بی اور سی موجود ہوتے ہیں ۔
امرود
پاکستان میں معیاری امرود پائے جاتے ہیں۔ فائبر اور وٹامن B6,AاورCسے بھر پور اس پھل کو تازہ بھی کھایا جا سکتا ہے جبکہ فروٹ چاٹ ،سلاد اور جوس کے طور پر بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔
طبی ماہرین کی تحقیق کے مطابق امرودکھانے سے پیچش و قبض ،ٹھنڈ اور کھانسی میں افاقے ،وزن میں کمی لانے ،کینسر کے اثرات کی روک تھام اور ہارمونز کی افزائش جیسے ان گنت فائدے ہیں ۔ماؤں کے لئے دوران حمل اور دودھ پلانے کے دوران امرود کھانا لازمی قرار دیا جاتا ہے لیکن مقدار کا تعین اپنے معالج یامعالجہ کی ہدایت کے مطابق کریں ۔
کیلا
کیلے میں فائبر اور تین اقسام کی شکر (سکروز ،فرکٹوز اور گلوکوز)ہوتی ہے اور یہ دونوں فوری توانائی کا اہم ذریعہ مانے جاتے ہیں ۔
تازہ تحقیق کے مطابق دو کیلے کھانے سے 90منٹ کے لیے توانائی ملتی ہے ،
اس لیے یہ دنیا بھر کے ایتھلیٹس کی خوراک کا اہم حصہ ہے ۔ایک تازہ تحقیق اسے ’ذہنی تناؤ ‘جیسے مرض میں اکسیر جانتی ہے ۔اس میں موجود ٹرائپٹو فین ایسا پروٹین ہے ،جو انسان کو سکون پہنچا تا اور موڈ کو بہتر بناتا ہے ۔اسے کھانے سے نیند نہ آنے کی شکایت دور ہوتی ہے ۔
کیلے میں شامل ’آئرن ‘یا فولاد کی وجہ سے جسم میں ہیموگلوبن زیادہ بنتا ہے ،جو نیند لانے میں کار گر ہے ۔کیلے میں شامل پوٹا شیم بلڈ پریشر کو کنٹرول ،فالج سے بچاؤ اور ذہن کی قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے ۔
سیب
سیب ہمارے ملک کے شمالی علاقوں کا تحفہ ہے ۔اس میں موجود کا پر ،پوٹا شیم اور وٹامن سی کی زائد مقدار جِلد کو قدرتی چمک ،نکھار اور جسم پر نکلنے والے دھبوں کے نشان ختم کرنے میں جادوئی تاثیر رکھتی ہے ۔

سرخ سیب کے علاوہ سبز سیب میں فائبر ،منرلز اور وٹامنز کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے ۔جِلد کے کینسر سے بچاؤ کے لیے ہرے سیب کا استعمال کینسر کے خطرے کو کم کرتا ہے ۔اس کے استعمال سے جِلد صحت مندرہتی ہے ۔
ناشپاتی
ناشپاتی (Pears)کا شمار سیب کے خاندان سے ہے ۔سیب کے بعد یہ سب سے معروف پھل ہے، جسے سیب کی طرح استعمال کیا اور کھایا جاتا ہے ۔
یہ امریکا و پاکستان کا اہم پھل ہے جو سبز ،زرد اور سرخ رنگوں میں پایا جاتا ہے ۔اس کے غذائی اجزا اور نشاستوں میں پروٹین 0.38گرام اور کولیسٹرول کی صفر مقدار ہے جبکہ یہ وٹامن اے ،سی ،ای اور کے سے بھر پور ہے ۔معدنیات میں کیلشیم ،کاپر ،آئرن ،میگنیشیم ،میگنیز ،فاسفورس اور زنک شامل ہیں ۔ناشپاتی جِلد کے لئے ہمیشہ سود مند اور نشاستوں سے بھر پور ہوتی ہے ۔
اس میں وٹامن کے کی کثیر مقدار خون کو جمنے سے روکتی ہے ،ساتھ ہی بلند اور کم فشار خون کی شکایت کو دور رکھتی ہے۔
زردسرخ انگور
ہمارے ہاں انگور شوخ ،زرد اور سرخ رنگوں میں دستیاب ہیں ۔ایروماتھراپی کے لئے انگور کا تیل صدیوں سے جادوئی تاثیر کا حامل ہے ۔یہ وٹامن اے کا بھر پور خزانہ رکھتے ہیں جبکہ دیگر وٹامنز میں B6، B12،
C،D،E،D3اور Kپائے جاتے ہیں ۔ماہرین طب کی متفقہ رائے ہے کہ انگور کھانے والے قبض ،
امراض قلب ،ذیابیطس ،کینسر ،درد اور الرجی کے امراض سے دور رہتے ہیں ۔انگور کے اندر موجود شیریں پانی قرنیے کے لئے ضروری خوراک کاکام کرتا ہے ،تاہم اس کی مقدار متوازن ہونی چاہئے ورنہ یہ زہر خورانی کا موجب بنے گا۔

Browse More Ghiza Aur Sehat