Mein Strawberry Hoon - Article No. 2081

میں اسٹرابیری ہوں - تحریر نمبر 2081

جمعہ فروری

Mein Strawberry Hoon - Article No. 2081
بازار میں خوب صورت ڈبوں میں قرینے سے بکنے والے خوب صورت پھلوں میں میرا بھی اپنا مقام ہے۔میری سرخ رنگت اور خاص خوشبو دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہے۔آئیے پہلے میرے غذائی اجزاء کی بات ہو جائے۔اس طرح آپ مجھے زیادہ پسند کریں گے اور شوق سے کھائیں گے بھی۔میں اپنی ہی بات نہیں کرتی،بلکہ یہ بتانا چاہتی ہوں کہ آپ کو مصنوعی خوشبو والی گولیوں کے بجائے پھل زیادہ کھانے چاہییں،ان میں مٹھاس،مزہ،خوشبو،حیاتین(وٹامنز) اور وہ اجزاء ہوتے ہیں،جو صحت اور طاقت دیتے ہیں۔


مجھے بہت اعلا مصفی خون غذائی اجزاء میں شامل کیا جاتا ہے،یعنی میں آپ کا خون صاف کرنے کی بہت صلاحیت رکھتی ہوں۔ہاں،یہ ضرور بتا دوں کہ شروع میں مجھے کھانے سے آپ کی جلد پر پھنسیاں وغیرہ زیادہ نکلیں گی،لیکن یہ چونکہ خراب مادوں کے باہر آنے کی علامت ہو گی،اس لئے گھبرائیے نہیں،چند ہی روز میں آپ کی جلد بالکل صاف ستھری ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

سارے زہریلے مادے جسم سے نکل جانے کی وجہ سے رنگت نکھر جائے گی۔


مجھ میں جگر کے خراب مادے خارج کرنے کی بہت صلاحیت ہے۔دراصل مجھے کھانے سے جگر کی سستی دور ہو جاتی ہے،اس لئے کہ میں اسے چست بنا دیتی ہوں۔اس طرح وہ میری مدد سے اپنا کام تیز کر دیتا ہے۔چنانچہ آپ گٹھیا،قبض،ہائی بلڈ پریشر،نزلے،جلد کے ابتدائی سرطان اور خون کی دوسری کئی بہت تکلیف دہ بیماریوں سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔
مجھے کچل کر پولٹس (Poultice) کی طرح دکھتی آنکھ پر باندھنے سے آنکھ کے درد اور سرخی کے علاوہ داد (ایکزیما:Eczema) کی تکلیف بھی دور ہو سکتی ہے۔

میرے اور فالسے کے پتوں کو جوش دے کر پینے سے گردوں کا ورم بھی دور ہو جاتا ہے۔یہ ذیابیطس کے لئے بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔سوکھے پتوں کی چائے بھی مفید ہوتی ہے۔اسے دن میں تین چار بار پینا چاہیے۔
میرے دو ٹکڑے کرکے دانتوں پر ملیے،ان پر جما ہوا پیلا سخت میل (Tartar) دھیرے دھیرے دور ہوتا جائے گا اور مسوڑھے بھی مضبوط ہو جائیں گے۔ملنے کے فوری بعد کلی نہیں کرنا چاہیے،بلکہ میرا رس دانتوں اور مسوڑھوں پر کچھ دیر تک لگا رہنے دیجیے،پھر گرم پانی سے کلی کر لیجیے۔

اس طرح پیلے سخت میل کی کھرنڈ اُٹرنے لگے گی۔
میری 100 گرام کی مقدار میں ذیل میں دیے گئے صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں:
حیاتین الف(وٹامن اے) 60 یونٹ
حیاتین ب ا(وٹامن بی ا:تھایامن) 30 ملی گرام
رائبو فلاون(وٹامن بی 2) 70 ملی گرام
نایاسن(وٹامن بی 3 ) 3 ملی گرام
حیاتین ج(وٹامن سی) 60 ملی گرام
لحمیات(پروٹینز) 8 گرام
حرارے(کیلوریز) 37
نشاستہ(کاربوہائیڈریٹ) 83 گرام
فولاد 8 ملی گرام
فاسفورس 27 ملی گرام
پوٹاشیم 220 ملی گرام
تاریخ اشاعت: 2021-02-12

Your Thoughts and Comments