Mufeed E Sehat Chilke Aur Beej - Article No. 2250

Mufeed E Sehat Chilke Aur Beej

مفیدِ صحت چھلکے اور بیج - تحریر نمبر 2250

قدرت نے دنیا میں کوئی بھی شے بے مقصد یا بے کار پیدا نہیں کی ہے

ہفتہ 18 ستمبر 2021

سویرا فلک
عام طور پر جب ہم سبزیاں اور پھل کھاتے ہیں تو ان کے چھلکے اور بیج پھینک دیتے ہیں،لیکن قدرت نے دنیا میں کوئی بھی شے بے مقصد یا بے کار پیدا نہیں کی ہے۔جدید تحقیق کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی طرح ان کے چھلکوں اور بیجوں میں بھی بے شمار فوائد چھپے ہوئے ہیں، لہٰذا انھیں بھی کھانا چاہیے۔ذیل میں چند پھلوں اور سبزیوں کے مفید چھلکوں اور بیجوں کے بارے میں معلومات دی جا رہی ہیں:
دھنیے کے بیج
دھنیے کے بیج خوشبودار اور ذائقے دار ہوتے ہیں۔
ان بیجوں کو اُبال کر اس پانی سے غرارے کریں تو منہ کی بُو اور چھالوں سے نجات مل جاتی ہے۔اسی پانی کو ٹھنڈا کرکے آدھی پیالی نہار منہ پییں تو ہضم کے نظام میں بہتری آجاتی ہے۔

(جاری ہے)

دھنیے کے بیجوں میں فولاد پایا جاتا ہے،اس لئے یہ کمزور افراد کے لئے بہت مفید ہیں۔
سنگترے کے بیج
سنگترہ،مالٹا اور کینو بہت رسیلے اور مزے دار پھل ہیں۔

انھیں کھانے کے بعد ان کے چھلکے پھینکنے کے بجائے محفوظ کر لیں۔ان چھلکوں کو سکھا کر سفوف بنا لیں۔مسور کی دال پیس کر اس کا بھی سفوف بنا لیں۔دونوں کے سفوف کو ملا کر ان میں عرقِ گلاب شامل کرکے لگدی (پیسٹ) بنا لیں۔اسے ہفتے میں دو بار چہرے پر لگائیں۔پھر پندرہ منٹ بعد چہرہ دھو لیں۔چہرے کی جلد نہ صرف نرم و ملائم اور چمکدار ہو جائے گی، بلکہ رنگت بھی نکھر جائے گی۔
چھلکوں کا سفوف دانتوں پر ملنے سے دانت بھی سفید اور چمکدار ہو جائیں گے۔کینو کے چھلکوں کا سفوف اگر کسی بھی تیل میں ملا کر بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد سر دھو لیں تو سر کی خشکی ختم ہو جاتی ہے۔
سیب کے چھلکے
سیب کی طرح اس کے چھلکے بھی کچھ کم مفید نہیں۔جسم میں کہیں بھی درد ہو،سیب کے چھلکوں کی چائے بنائیں اور اس میں شہد اور لیموں ڈال کر پییں۔
آپ نتائج دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔
انار کے چھلکے
انار کے دانے ہماری صحت کے لئے بے حد مفید ہیں۔اسی طرح انار کے چھلکے سکھا کر ان کا سفوف بنا کر رکھ لیا جائے تو اس سے بہت سے فائدے اُٹھائے جا سکتے ہیں۔اس سفوف میں کھانے کا سوڈا شامل کرکے ٹوتھ پیسٹ کی طرح استعمال کریں تو دانتوں اور مسوڑوں کی بہت سی بیماریوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔قہوے میں سونف اور شہد ملا کر پینے سے گلے کی سوزش اور خراشیں ختم ہو جاتی ہیں۔انار کے چھلکوں کے سفوف میں عرقِ گلاب شامل کرکے لگدی بنا لیں۔پھر اس لگدی کو ہفتے میں ایک بار چہرے پر لگائیں۔پندرہ منٹ بعد چہرہ دھو لیں،جلد صاف،شاداب اور چمکدار ہو جائے گی۔

Browse More Ghiza Aur Sehat